وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اسلامی احکامات،امن و امان،ملکی اور تعلیمی میدان میں ترقی کیلئے کوشش کر رہی ہے، ہمارے اصول سب کیلئے واضح ہیں، عوام کی خدمت، انکی فلاح اور ہر میدان میں ترقی ہمارا عزم ہے، ہمارے نمائندے ان اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے عوام کے حقوق کیلئے سیاسی میدان میں جدو جہد کر رہے ہیں اور نتائج قوم خود دیکھ رہی ہے،بے شمار پروپیگنڈوں کے باوجود عوام نے ہمارا ساتھ دے کر، ہمارے حوصلوں کو پروان چھڑایا ہے۔ ملکی ترقی اور عوام کو انکے حقوق دلانے میں اپنا پورا کردار ادا کریں گے، ہم نے ہمیشہ امن و امان، اتحاد بین المسلمین اور ترقی پسندی کو ترجیح دی ہے اور ہر قسم کی شدت پسندی کے خلاف رہے ہیں۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے بہت ہی مختصر عرصے میں مقبولیت اور عوامی نمائندگی حاصل کرلی اور ہمارے نمائندے عوام کے خدمت میں مصروف ہیں۔ نہ صرف کوئٹہ بلکہ ملک کے تمام دیگر شہروں میں بھی مجلس وحدت مسلمین ایک سیاسی قوت کے علاوہ ، عوام کے دلوں کو جیتنے والی جماعت کی حثیت رکھتی ہے، ہم نے مشکلات کے دوران قوم کا ساتھ دیا ، انکے حقوق کیلئے استقامت کا سہارا لیا اور ان کیلئے ہر میدان میں جد و جہد کی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ماہ مبارک ربیع الاول اور جشن عید میلاد النبی ﷺکی تقریبات کے آغاز کےموقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے امت مسلمہ کے نام جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ ملت پاکستان شدید خطرات اور چلنجز کے باوجود تاریخی عظیم جشن میلاد النبی ﷺ میں شرکت کریگی بیدار سنی شیعہ مسلمان عشق رسول اکرم ﷺ کو والہانہ طور پر منائیں ، دشمنان دین ، ملک و ملت کی تمام تر سازشیں اور سرمایہ کاری کو خاک میں مل جائے گی ان شاءاللہ ، شیعہ سنی وحدت کا آغاز یکم محرم الحرام سے ہو چکا ہے ۔محرم صفر اور ربیع الاول سال کے پہلے تین ماہ عملی وحدت کے ہیں اور ہم نے دیکھا کہ جس طرح برادران اہلسنت نے گذشتہ دو ماہ میں اتحاد کا ثبوت دیا ہے ۔اسی طرح ہم بھی اس ماہ ربیع الاول میں اہلسنت بھائیوں کے ہمراہ محافل میلاد میں شرکت فرمائیں گے، عملی وحدت کا مظاہرہ کریں گے ،بفرمان امام خمینی ؒ 12تا 17ربیع الاول ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایم ڈبلیوایم کے کارکنان ملک بھر میں جلوس ہائے میلاد النبیﷺمیں استقبالیہ کیمپوں اور سبیلیوں کا اہتمام کریں گےاور اہلسنت برادران کے ہمراہ آقائے دو جہاں ﷺ کی ولادت کا جشن مل کر منائیں گے،خدا نے چاہا تووطن عزیز میں شیعہ سنی بھائی چارگی اور وحدت کے ثمرات سے پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل سے نجات حاصل ہو گی۔
ان کاکہنا تھا کہ امید ہے ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس بخیر وعافیت اختتام پذیر ہونگے ، شدید خطرات کے باوجود ملک بھر میں سنی شیعہ عوام عشق رسول خداﷺ سے سرشار ہوکر جلوس میلاد النبی میں شرکت کریں گے ،ہمیشہ ملت جعفریہ کی عید میلاد النبیﷺ کے اجتماعات میں ،شرکت غیر معمولی رہی ہے ، اور اہل تشیع برادری گذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلے گی اور عملی طور پر جلوس ہائے میلاد النبی ﷺ میں اپنے اہل سنت بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئے گی ، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل اور دیگر اہلسنت جماعتوں نے جس محبت ، اخوت اور وحدت کے صفر کا آغاز کیا ہے آج ملک بھر میں اسکی عملی تصویر ملاحظہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو بچانے کے لئے اسے بنانے والی قوتیں یعنی اہل سنت و اہل تشیع کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں آپس کے اتحاد اور سیرت نبی کریم ﷺ پر عمل پیرا ہو کر دین مبین کی ترویج، دفاع ، سربلندی اور ملکی سلامتی کے لئے اپنا قومی کرار ادا کرنا ہو گا، پاکستان کو دہشت گردی اور لاقانونیت سے نجات دلانا تمام عاشقان و پیروان مصطفیٰ ﷺ کی دینی وشرعی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کی خدمت بھی ہے ۔ ہم سب ایک تھے ایک رہیں گے اور ملکر وطن عزیز کا دفاع کریں گے ۔ان شاء اللہ۔
وحدت نیوز (گلگت) صوبائی حکومت نے ثقافت کے نام پرایک بیہودہ عمل کی ترویج کرکے گلگت بلتستان کے غیرت مند عوام کے جذبات مجروح کردیئے ہیں،اسمبلی ممبران کا فاحشہ گینگ میں نام آجانا پورے گلگت بلتستان پرایک بد نما داغ ہے جس کی فوری انکوائری ہونی چاہئے اوراگر خدا نخواستہ اخباری خبر درست ہے تو ملوث ارکان کی اسمبلی رکنیت معطل کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی گوہرنے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بیہودہ روایات کے امین نہیں بلکہ علاقے کے عوام اسلامی روایات کے امین ہیں اور مذہب سے ان کا دلی لگائو ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام جرات ،حمیت اور غیرت مندی میں اپنی مثال آپ ہیںجو منکرات دوسرے علاقوں میں پائے جاتے ہیں الحمدللہ گلگت بلتستان ان منکرات سے منزہ ہے تاہم انگریزی اخبار ڈیلی ٹائمز میں چھپنے والی خبر نے گلگت بلتستان کے عوام کا سر شرم سے جھکادیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے منتخب نمائندوں کو اس لئے اسمبلی نہیں بھیجا کہ وہ علاقے کی عزت و شرف کو بیچ کھائیں اور اگر یہ تہمت ہے تو پھر حکومت کو چاہئے کہ مذکورہ اخبار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے بصورت دیگر عوام خود سے ارکان اسمبلی کا محاسبہ کرینگے۔صوبائی حکومت نے سیاسی مخالفت میں ضمیر کا ووٹ بیچنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی نہ کرکے اپنی انانیت اور دشمنی کا واضح ثبوت دیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ علاقے کی عزت کو خاک میں ملانے والوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے نام پر بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کی جارہی ہے اور حکومت دانستہ طور پر ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں بلیک میل ہوچکی ہے۔تعلیمی اداروں میں مذہبی پروگرامات کی بندش بھی اسی سازش کا حصہ ہے اور دشمن یہ چاہتا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو مذہب سے دور کرے اور ایسی ترقی اور خوشحالی پر ہم لعنت بھیجتے ہیں جو ہمیں مذہب سے دور کردے۔ان ملت فروشوں اور عصمت فروشوں کے خلاف موثر کاروائی عوامی مطالبہ ہے جسے ہر صورت میں انجام دیا جانا چاہئے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی ترقی و استحکام اور دفاع کے لیے پاک فوج کے جرات مندانہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج نے پیشہ وارانہ طرز عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے ضرب عضب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے اب اس کے ثمرات حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو پورے عزم کے ساتھ فیصلہ کن نتائج کی طرف مزید تیزی سے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پاک چائنا اکنامک کوریڈور کی تکمیل کے لیے پورے ملک کی نظریں نئے آرمی چیف کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ملکی ترقی و استحکام کے لیے ان دونوں اہداف کو سر کرنا ہو گا۔وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحال پاکستان کے لیے سی پیک کے منصوبے کو جتنی جلد ممکن ہو پایہ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہیے۔بھارت سمیت مختلف عالمی طاقتیں اس منصوبے کی اس لیے مخالفت کر رہی ہیں کہ وہ ارض پاک کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتیں۔ان کے مذموم ارادوں کو ملکی ترقی کی راہ کی دیوار نہ بننے دیا جائے۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور سی پیک کی فوری تعمیر کے لیے پوری قوم اور تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں کا یکساں موقف ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے آرمی چیف ملک کے تمام حصوں میں کالعدم جماعتوں کے خلاف بھرپور اور موثر کاروائی کا حکم دیں گے تاکہ ان عناصر کا انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے جن کے ہاتھ عام شہریوں اور پاک فوجی کے جوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجودپاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ ہوناافسوسناک ہے۔وحدت ہاوس سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے دنیابھرکے ممالک میں پیٹرول کے نرخوں میں کمی کردی جاتی ہے لیکن یہ امرافسوسناک ہے کہ پاکستان میں تاحال پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی جاتی بلکہ اضافی ٹیکس لگا کر قیمتیں بڑھادی جاتی ہیں عوام نہ صرف مہنگے داموں پیٹرول اورڈیزل خریدنے پر مجبورہیں بلکہ بجلی کے نرخ بھی بڑھے ہوئے ہیں۔انہو ں نے مزیدکہاجب بھی عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتاہے تو پاکستان کی آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے فوری طورپرقیمتوں میں اضافہ کردیاجاتاہے لیکن جب عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تواوگراکی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاتی اورعوام کوکوئی ریلیف نہیں دیاجاتااوروہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے رہتے ہیں۔علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پیٹرول کی قیمتوں میں فی الفور کمی کی جائے اورعوام کوریلیف دیاجائے۔ وزیر اعظم نواز شریف اپنے شاہی خرچے کم کریں اور عوام پر لگائے گئے اضافی جنرل سیل ٹیکس کو کم کر کے مملکت خداد پاکستان میں رہنے والے 18کروڑ عوام کو ریلف فراہم کریں
وحدت نیوز (کوئٹہ) پی ٹی سی ایل پاکستان کا ایک فعال ادارہ جو عوام الناس کو سہولیات فراہم کرتا آرہا تھا اب سہولیات کے بجائے لوگوں کو عذاب دلانے میں مصروف نظر آتا ہے، بعض کرپٹ عناصر کی بدولت پی ٹی سی ایل کی کارکردگی میں نمایا خرابیاں نظر آنے لگی ہیں اور یوں لگتا ہے کہ اعلیٰ عہدیداران ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کررہے ہیں جو بڑے مسائل اور کرپشن کا سبب بن رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری روابط اور کونسلر کربلائی رجب علی نے پی ٹی سی ایل کی موجودہ اسٹاف میں سے بعض عناصر کی جانب سے جاری کرپشن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کنیکشن کیلئے جب عوام درخواست دیتے ہیں تو انہیں کمپنی کے نمائندے استعمال شدہ، ناکارہ اور پرانے سیٹ و ڈوائس فراہم کرتے ہیں جبکہ عوام کو نئے ڈوائس ملنے چاہئے اور چند مہینوں بعد ان استعمال شدہ اور ناقص ڈوائس کے مکمل خراب ہونے پر کمپنی کے نمائندے عوام سے دوگناہ پیسہ مانگتے ہیں اور دوگنی قیمت پر دوبارہ انہیں ڈوائس دیا جاتا ہے۔ کربلائی عباس علی نے کہاہے کہ جی ایم پی ٹی سی ایل لاعلمی کے دائرے سے نکل کر کمپنی کے نمائندوں کی جانب سے جاری کرپشن کا نوٹس لے۔ پرانے اورناکارہ ڈوائسوں کوان افراد کیلئے بھیجا جارہا ہے جو درخواست جمع کراتے ہیں اور نئے سیٹوں اور ڈوائسوں کو بعض کرپٹ عناصر اپنے ذاتی کمائی کے لئے فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاروں اطراف سے مختلف ادارے عوام الناس کو تنگ کرتے نظر آتے ہیں اور عوام کو انکے حقوق سے ہمیشہ محروم رکھا جاتا ہے ہمیں اگر ملک کو ترقی کی راہ میں گامزن کرنا ہے تو ہر طرح کے کرپشن اور بدعنوانی سے پاک ہوکر قوم کی خدمت کا عزم کرنا ہوگا۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر جی ایم پی ٹی سی ایل نے خود اس بات کا نوٹس نہیں لیا اور کرپشن کا یہ سلسلہ نہیں رکھا تو عوام کو مجبوراً سڑکوں پر نکلنا پڑے گا اور اس وقت احتجاجوں کے ذمہ دار خود جی ایم پی ٹی سی ایل ہونگے۔