وحدت نیوز (بغداد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری جو کے ان دنوں سرزمین مقدس عراق کے دورے پر ہیں نے آج وفدکے ہمراہ امام جمعہ بغداد اور متولی مزار حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ ڈاکٹر محمود خلف العیساوی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی   اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹرسید  شفقت حسین شیرازی اور ڈپٹی سیکریٹری  امور خارجہ علامہ سید ظہیر الحسن نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے، ڈاکٹر محمود خلف العیساوی نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا جبکہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے انہیں وفدکے ہمراہ پاکستان دورے کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کرلی ہےاور آئندہ چند ماہ میں دورہ پاکستان پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، دونوں شخصیات کے درمیان امت مسلمہ کو درپیش حالیہ چیلنجز، مشرق وسطیٰ بالخصوص پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد اور تکفیریت کے نفوذ  اور بڑھتے ہوئے خارجی داعشی فتنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہو ئی ۔

اس موقع پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ڈاکٹر محمود خلف العیساوی کو مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاکستا ن میں شیعہ سنی اتحاد وبھائی چارے کے قیام کی کوششوں اور اہل سنت جماعتوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات سے آگا ہ کیا، انہوں نے کہا کہ تکفیری آئیڈیالوجی اپنے انجام کی جانب گامزن ہے،جس کا خاتمہ عنقریب ہے، یہ تکفیری پوری دنیا میں شکست سے دوچارہیں ، شکست ان تکفیری عناصرکے مقدر میں لکھی جا چکی ہے،داعش، القائدہ ، طالبان ، بوکوحرام جہاں سے یہ تکفیری آئیڈیالوجی چلی ہے اور جہاں تک بھی پہنچی ہے ان کی شکست کے آثاردنیا دیکھ رہی ہے یہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتےاس اسلام کے مقابلے میں جو رحمت اللعالمین ﷺدین ہے جو مظلوموں سے نہیں ظالموں سے جہاد کا حکم دیتاہے،اس اسلام کے مقابلے میں یہ امریکہ ، اسرائیل ، آل سعود دیگر عالمی استعماری قوتوں کے ایجنٹ بھر پور شکست سے دوچارہیں۔

ڈاکٹر محمود خلف العیساوی کا  علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے گفتگوکرتے ہوئے  کہنا تھاکہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ میری ان حضرات سے ملاقات ہو ئی ہے جو پاکستان میں وحدت کے پیغام کو لے کام کررہے ہیں اور شیعہ اور سنی کے درمیان الفت و محبت اور یگانگت کے لئے برسرپیکار ہیں، آپ کی باتیں سن کر میں بہت متاثرہوا ہوں ،خود میرا تعلق بھی ایسے سلسلے سے ہے جس نے ہمیشہ لوگوں کو محبت ، اتحاد ویگانگت کا پیغام دیا ہے،ہم نے ہمیشہ انتہاپسندی کی کھل کر مخالفت کی ہے، جو لوگ آج اہل سنت کا لبادہ اوڑھ کر امت مسلمہ میں فساد اور قتال کی ترویج کررہے ہیں ، دراصل ان کا اہل تسنن سے کوئی تعلق نہیں یہ داعشی اس زمانے کے خوارج ہیں ،متشددلوگ چاہے اہل سنت میں سے ہو یہ شیعہ میں سے اسلام دشمن ہیں ، امت مسلمہ میں اہل تشیع اور اہل سنت کی مثال اس شہباز کی سی ہے جس کے دو پر ہیں ایک شیعہ اور ایک سنی ، یہ دونوں پر ایک ساتھ حرکت کریں گے تو شہباز کو بلندی تک  پہنچائیں گےاور اسلام تیزی سے ترقی وکامرانی کے منازل طے کرے گا اور اگر صرف ایک پر سے ہی پرواز کی کوشش کرے گا تو وہ شہباز زمین کے بل گر پڑے گا،لہذٰا دونوں مکاتب کے درمیان خوشگوار تعلقات اس زمانے کی اہم ضرورت ہے۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے چہلم شہدائے کربلا کے جلوس کے بانیان اور شرکا کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کا متعصبانہ طرز عمل ناقابل قبول ہے۔ہم راولپنڈی میں اخوت و اتحاد کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن کچھ شرپسند طاقتیں پنڈی کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوششوں میں مسلسل مصروف ہیں۔ سانحہ عاشور کے بعد عزاداری کے اس تاریخی لائسنس یافتہ جلوس کو محدود کرنے کی کوشش میں حکومت پنجاب نے باقاعدہ فریق کا کردار ادا کیا۔مجلس وحدت مسلمین کی با بصیرت قیادت کی دانشمندی سے انہیں ناکامی اٹھانا پڑی ۔اب چہلم کے جلوس میں سپیکر کے استعمال اور جلوس کے اختتام میں تاخیر کو جواز بنا کر ہمیں انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو سراسر زیادتی ہے۔انہوں نے کہا ایک طرف تکفیری ٹولے ایمپلی فائر ایکٹ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی شرپسند تقریروں کے ذریعے تفرقہ بازی اور نفرتیں پھیلارہے ہیں جو کہ نیشنل ایکشن پلان کی سرعام تضحیک ہے۔ دوسری طرف ایسے افراد کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے جو ذکر محمد و آل محمد ﷺ کے ذریعے درس اخوت و محبت اور امن کا پرچار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ملت تشیع کو تعصب کا نشانہ بنائے۔اگر پنجاب حکومت نے اہل تشیع کے ساتھ جاری اپنی اس انتقامی روش کو لگام نہ دی تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی کے لیے اعلی عدلیہ سے رجوع سمیت دیگر قانونی و آئینی آپشنز پر بھی غور کیا جائے گا۔

وحدت نیوز (پشاور) ملی یکجہتی کونسل خیبرپختونخوا کا صوبائی اجلاس 24نومبر2016ء کو پشاور میں بھرپورطریقے سےمنعقدہوا۔جس میں مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی، ڈپٹی سیکٹری جنرل مولانا عبدالحسین، سیکرٹری سیاسیات قاسم رضا، پشاور کے سیکرٹری جنرل سلامت علی جعفری، ضلع کوہاٹ کے سیکرٹری جنرل مولانا مرتضی عابدی اور علاقہ بنگش سے مولانا سرفراز علی مہدوی نے شرکت کی۔  اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی کابینہ کے انتخابات ہوئے جس میں مجلس وحدت مسلمین کے تین رہنمائوں کو صوبائی کابینہ میں شامل کرلیا گیا ، جن میں علامہ محمد اقبال بہشتی صوبائی نائب صدر، مولانا سید  مرتضی عابدی سیکرٹری مالیات، مولانا عبد الحسین رکن خطبات جمعہ کمیشن منتخب ہوئے،یاد رہے کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے تقریبا 21جماعتوں پر مشتمل ایک مذہبی اتحاد ہے جو کہ وطن عزیز میں بین المسالک ہم آہنگی کے لئے کوشاں ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اورسیکریٹری امور سیاسیات سیداسد عباس نقوی نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کے عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث اسپتا ل میں داخلے پر تشویش  اور نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے، ایم ڈبلیوایم کے قائدین نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ صاحبزادہ حامد رضا پاکستان میں سنی شیعہ اتحاد کے بڑے علمبردار ہیں ، ان کی شخصیت جتنی اہل سنت برادران میں محترم ہے اس سے زیادہ اہل تشیع مکتب فکر ان کی عزت اور احترام کا قائل ہے، انہوں نے ہمیشہ پاکستان میں فرقہ واریت کے خاتمے اور استحکام وطن کی بات کی اور عملی کوشش بھی جاری رکھی ہے ، پاکستان کو تکفیریت کے نجس وجود سے پاک کرنے کے لئےایم ڈبلیوایم  سنی اتحاد کونسل کے ہم رکاب ہو کر ماضی کی طرح حال اور مستقبل میں بھی مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہے جس کے لئے ہم صاحبزادہ حامد رضا کی مکمل صحت وسلامتی او ر طو ل عمر کے لئے دعا گوہیں ،پروردگارعالم  انہیں اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے صدقے جلد از جلد شفائے کاملہ وعاجلہ عنایت فرمائے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) وادی نیلم آزاد جموں وکشمیر میں بھارتی جارح افواج کی جانب سے مسافر بس پر حملے اوراس کے نتیجے میں دس بے گناہ پاکستانی مردوخواتین کی المناک شہادت پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پرمسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ، آج وادی نیلم سمیت کوٹلی ،پونچھ اوردیگر سیکٹرز میں بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھارت کی جانب سے تسلسل کے ساتھ پاکستانی حدودمیں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تماش بین کا کردارفوری ترک کرے،ایسے وقت میں کے جب پاکستان میں چیف آف آرمی اسٹاف کی تبدیلی قریب ہے اوردفاعی نمائش جاری ہے بھارت کی جانب سےنہتی  خواتین اور مسافروں کو نشانہ بنانا اس کی بوکھلاہٹ کوظاہر کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت کسی خام خیالی میں نہ رہے پاکستان کے بیس کروڑ محب وطن عوام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی وحدت کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی پاک مسلح افواج کے شانہ بشانہ بھارتی ننگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے وادی نیلم کے علاقہ لوات میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین دکھ کی اس گھڑی میں پسماندگان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مرجع تقلید جہان تشیع، سابق چیف جسٹس آف اسلامی جمہوریہ ایران اورمجلس خبرگان رہبری سمیت دیگر اہم اداروں کے رکن  آيت اللہ العظمٰی سید عبدالکریم موسوی اردبیلی ؒکی پرسوزرحلت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ سید حسن ظفرنقوی، علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی ودیگر نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں آيت اللہ العظمٰی سید عبدالکریم موسوی اردبیلی ؒکے انتقال پر ملال کو امت مسلمہ کیلئے بالعموم  اور ملت تشیع کیلئے بالخصوص عظیم نقصان قرار دیا ہے، رہنمائوں نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ امام خمینیؒ کے قریبی رفقاءمیں سے ہونے کے ساتھ ساتھ انقلاب اسلامی کے ہر اول دستے میں بھی شامل تھےجنہوں نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد اہم سرکاری عہدوں پر فرائض منصبی باحسن وخوبی انجام دیئے ، مرحوم نے اپنی وراثت میں بہترین تعلیفات امت مسلمہ کی رہنمائی کے لئے چھوڑی ہیں ،اس جانگزارسانحے پر مجلس و حدت مسلمین پاکستان رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای  ،  تمام ملت ایران  اور جہان تشیع کی خدمت اقدس میں ہدیہ تعزیت اور تسلیت پیش کرتی ہے ، خدا بحق چہاردہ معصومین ؑ ہمیں مرحوم آیت اللہ موسوی اردبیلی ؒکی سیرت کی پیروی کی توفیق عنایت فرمائے اور ان کے طفیل ہماری بخشش فرمائے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree