بیس کیمپ کی صورتحال

19 July 2017

وحدت نیوز(آرٹیکل) 24اکتوبر 1947کو آزاد کشمیر حکومت قائم ہوئی۔ بھارت باقی ماندہ کشمیر کو بچانے کے لئے  یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں لے گیا، اقوام متحدہ نے  کشمیر میں استصواب رائے کا فیصلہ کیا جسے پاکستان و ہندوستان دونوں نے تسلیم کیا۔آزاد کشمیر حکومت کا اعلان در اصل مقبوضہ کشمیر کے بیس کیمپ کے طور پر کیا گیا تھا۔  اس  ریاست نے ابھی تک چھبیس صدور  کا دورانیہ گزارا ہے اور مجموعی طور پر  آل  جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے زیادہ عرصہ اقتدار میں گزارا ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی بہت کچھ تبدیل ہوچکا ہے۔ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی دوڑ میں آکسفورڈ اور کیمرج کے نصاب کے چکر میں تاریخ کشمیر کو تقریبا فراموش کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کی اکثریت   روزگار اور تعلیم کے حصول کے لئے مغربی ممالک کا رخ کرتی ہے۔ سیاست میں داخل ہونے کے لئے  برادری ازم کے علاوہ کوئی دوسرا دروازہ کھلا ہوا نہیں۔

پاکستان کی طرح ہندی فلمیں اور گانے آزاد کشمیر میں بھی مقبولیت عام کا درجہ رکھتے ہیں۔ المختصر یہ کہ جس منطقے کو تحریک آزادی کشمیر کے  بیس کیمپ کا درجہ حاصل تھا اب   بھی اگرچہ عوام میں مقامی طور پر کشمیر سے جذباتی  لگاو تو موجود ہے لیکن اس لگاو میں وہ پہلے سی گرمی اب نہیں رہی۔

اس سردمہری کی بنیادی وجہ  چار چیزیں بنیں:۔

۱۔ ہندوستانی فلموں، ڈراموں اور گانوں کی ثقافتی یلغار

بلاشبہ ہندوستان کی فلم انڈسٹری دنیا کی موثر ترین فلم انڈسٹری ہے، کشمیر کے موضوع پر ہندوستان مختلف فلمیں بنا کر رائے عامہ پر اثر انداز ہونے میں کافی حد تک کامیاب ہواہے۔ اس کے علاوہ فحش گانے اور لچرموسیقی ویسے بھی انسان سے دینی غیرت ختم کر دیتی ہے۔  ان ساری چیزوں کا اثر بھی عام لوگوں میں دیکھنے میں ملتا ہے۔

۲۔آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں مسئلہ کشمیر کی خصوصی اہمیت  اور توجہ کا ختم ہونا

جدید تعلیم کی دوڑ میں ، کشمیر کی تاریخی اقدار ، اہم مناسبتیں اور نصاب تعلیم میں کشمیریات کا محتویٰ کافی حد تک سکڑ گیا ہےآزاد کشمیر کے  نصاب تعلیم کو مکمل طور پر تحریک آزاد کشمیر سے  ہم آہنگ رکھنے کی ضرورت ہے۔

۳۔ کشمیر میں جہادی  کیمپوں سے  مقامی عوام کا متنفر ہونا

تیسرے مسئلے نے شدت کے ساتھ تحریک آزادی کی ساکھ کو متاثر کیا۔ اس سلسلے میں ایک تو مقبوضہ کشمیر میں بعض شدت پسند ٹولوں نے اپنی آزاد عدالتیں لگا کر  مقامی لوگوں کو ہندوستان کے لئے مخبری کے جرم کے شبے میں موت کے گھاٹ اتارا جس سے لوگوں میں جہادی کیمپوں کے خلاف شدید نفرت کی لہر پیدا ہوئی اور ہندوستانی حکومت نے اس کو کیش کیا، اسی طرح آزاد کشمیر میں متعدد جگہوں پر جہادی  کہلانے والوں نے پولیس کی پٹائی کی، بعض مقامات پر لوگوں کو اغوا کیا اور کچھ مقامی بااثر شخصیات حتی کہ ایم این اے وغیرہ کو بھی  مارا پیٹا گیا۔

یہ وہ حقائق ہیں جو ارباب دانش سے پوشیدہ نہیں ہیں لہذا ابھی بھی ضرورت ہے کہ آزاد کشمیر میں جہادی سرگرمیوں کو مقامی افراد کے تعاون سے فروغ دیا جائے۔

۴۔ پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت

پاکستان میں ہونے والے فرقہ وارانہ قتل و غارت نے بھی اہلِ کشمیر  پر اثرات مرتب کئے ہیں۔ جیساکہ ہم جانتے ہیں کہ  کشمیر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے درمیان منقسم ہے۔  جب لوگ پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ ، خود کش دھماکوں اور قتل و غارت کے واقعات سنتے  اور دیکھتے ہیں تو وہ قطعا یہ نہیں چاہتے کہ ہم اتنی قربانیاں دینے کے بعد ہندوستان کے کھشتریوں کی غلامی سے نکل کر  پاکستان کے تکفیریوں کے غلام بن جائیں۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ ہر انسان اس لئےقربانی دیتا ہے تاکہ اس کے ہم فکر، ہم عقیدہ اور ہم وطن محفوظ رہیں، کوئی بھی شخص اس لئے اپنی جان نہیں قربان کرتا کہ اس کے بعد اس کے بچوں کو سکولوں میں گولیاں مار دی جائیں اور اس کے عزیزوں کے گلے کاٹے جائیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ شدت پسندوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی اپنا نیٹ ورک مضبوط کیا ہے۔ کچھ سال  پہلے توآزاد کشمیر میں بھی صورتحال اتنی سنگین ہو گئی تھی کہ  بعض شدت پسند حضرات پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ہوجاتے تھے اور ڈرائیور سے کہتے تھے کہ یہ کیسٹ لگاو، ان کیسٹوں میں مکمل فرقہ وارانہ تقریریں اور کافر کافر کے نعرے ہوتے تھے۔ بعد ازاں مظفر آباد کی امام بارگاہ  میں خود کش دھماکے میں کئی لوگ شہید ہوئے۔ دھماکے کی تفصیلات کے مطابق ماتمی جلوس جب امام بارگاہ میں پہنچا تو خود کش حملہ آور جلوس میں شامل ہو گیا تاہم جلوس میں جورضا کار شامل تھے انہوں نے اسے پہچان لیا اور اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس سے انسانی اعضا اور گوشت کے چیتھڑے  دور دو رتک بکھر گئے۔

اسی طرح گزشتہ سال ایک عالم دین کی ٹارگٹ کلنگ کا ہونا یہ سب چیزیں باعث بنی ہیں کہ  بیس کیمپ کے لوگ اب  یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ پاکستان تو اس لئے بنایا گیا تھا کہ اس میں سارے مسلمان آزادی کے ساتھ زندگی گزاریں گے لیکن اب تو یہاں کسی کی زندگی محفوظ ہی نہیں  ہے۔

تحریکِ آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم مذکورہ بالا عوامل کا جائزہ لیں اور ایسی سرگرمیوں کو عوامی و سرکاری سطح پر  مسترد کریں جو تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات ڈالتی ہیں۔

کشمیر میں شہید ہونے والے لاکھوں شہدا کا خون ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم بیداری اور بصیرت کے ساتھ ان کے خون کا تحفظ کریں اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو آگے بڑھائیں۔


تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree