وحدت نیوز (پنجگرائین) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ضلع بھکر کے دورے کے موقع پر دوسرے دن پیر اصحاب اور پنجگرائیں پہنچے، جہاں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں نے اُن کا استقبال کیا، کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بستی چھینہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تربیت ڈاکٹر یونس حیدری، معاون سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار، صوبائی سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنما مولانا ہادی حسین ہادی، ضلعی سیکرٹری جنرل بھکر سفیر حسین شہانی، اُمیدوار قومی اسمبلی احسان اللہ خان بلوچ، ظہیر عباس نقوی، مزمل عباس اور دیگر رہنما ہمراہ تھے، بعدازاں ایک قافلے کی صورت میں اُنہیں پنجگرائیں میں منعقدہ عوامی جلسہ عام میں لایا گیا، اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کے ذریعے سے صالح اور دیانتدار اُمیدواروں کو اسمبلیوں میں پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ایم ڈبلیو ایم بہت جلد اپنے سیاسی منشور کا اعلان کرے گی، اُنہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک دشمن عناصر کا ہر محاذ پر راستہ روکے گی، سیاست کو تجارت کے طور پر استعمال کرنے والے تاجروں کا راستہ روکنا ضروری ہوگیا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کرپٹ سیاستدان بڑی رُکاوٹ ہیں، عوام الیکشن میں ملک دشمن سیاستدانوں کا راستہ روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، اُنہوں نے کہا کہ سیاستدان اپنے مخالفین سے سیاسی انتقام لیتے ہیں، غریب مزدور اور بے گناہ افراد کو شیڈول فورتھ میں ڈالا جاتا ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ظالم اور کرپٹ سیاستدان جلد بے نقاب ہوں گے۔