وحدت نیوز(اسلام آباد) ماویٰ ٹرسٹ پاکستان کے زیر اہتمام خود روزگار بلا سود قرضہ سکیم کے تحت 20 افراد کو کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کی تقریب شاندیز ریسٹورنٹ میںمنعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی، مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان و چئیرمین المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین دین ہے ۔معاشرے کے پسے ہوئے اور محروم طبقات کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا ہماری زمہ داری ہے ۔اہل بیت اطہار ؑ کی زندگی محرومین کی خدمت کے حوالے سے بھی مشعل راہ ہے ۔مجلس وحدت مسلمین بھی اسی تناظر میں ملی خدمت کے سفر کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہے ۔ ادارہ ماویٰ ایک ملی سرمایہ ہے ۔خودروزگار اسکیم ملت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی بہترین کوشش ہے ۔نیکی اور خیر کے کاموں میں تعاون کے قرآنی حکم کے مصداق اس ادارہ سے تعاون کریں گے ۔
اس موقع پر انہوں نے بعض افراد میں قرض کی فائلز بھی تقسیم کیں ۔انہوں نے چیئرمین ماوی ٰٹرسٹ سید امتیاز حسین رضوی کو ان کی کاوشوں پر خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔ٹرسٹ کے روح رواں برادر اقرار حسین اور بزرگ بانی راہنما ملک اعجاز حسین کی نمایاں خدمات کو سراہا اور ادارہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔