ایم ڈبلیوایم کی آل پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ ’’تقدس محرم الحرام اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی جارحیت ‘‘آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت

03 October 2016

وحدت نیوز(کراچی) آل پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ماہ محرم الحرام کی آمد کی مناسبت سے ’’تقدس محرم الحرام اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی جارحیت‘‘ کے عنوان سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں کیا گیا، کانفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر حکومت سندھ پرویز آرائیں، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، علامہ مقصود علی ڈومکی، متحدہ علماء محاذ کے صدر علامہ امین انصاری، معروف عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما صابر ابو مریم، پاکستان امن کونسل کے علامہ طارق محمود مدنی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اسلم غوری، مرکزی اہلحدیث کے رہنما مولانا مرتضیٰ خان رحمانی، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے انور شاہ کشمیری، آل سندھ ذاکر ایسوسی ایشن کے علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ علی کرار نقوی، تنظیم الاخوان کے لئیق احمد خان، معروف عالم دین منظر الحق تھانوی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے علامہ حافظ احمد علی، اسلامی یکجہتی کونسل کے سربراہ محمد اسلم شاہ فریدی، پنجابی پختون اتحاد کے رہنما ملک یاسر سکندر اعوان، علامہ عبد الخالق فریدی، ملک حمید اعوان، علامہ عبداللہ جونا گڑھی، انیس احمد خان، علامہ یعقوب حسین شاہ، سید سجاد حسین شاہ، قاضی محمد طارق، آصف حسین اعوان، محمد شاہ بخاری، محمد حمزہ درانی اور دیگر نے شرکت کی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام ہمیں اتحاد و اخوت اور ظالم قوتوں سے ڈٹ کر مقابلہ کا درس دیتا ہے، پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ باہم وحدت اور یکجہتی کے ساتھ ماہ محرم الحرام میں مراسم عزاداری کو انجام دیتے ہیں، تاہم غیر ملکی قوتوں کی ایماء پر دہشتگرد گروہوں کی جانب سے عزاداری اور ربیع الاول کے جلوسوں اور مجالس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان دہشتگرد گروہوں اور قوتوں کا قلع قمع کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تمام علمائے کرام اور مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ وہ محرم الحرام میں وحدت اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے امام حسینؑ عالی مقام کے پیغام کو زندہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، اور ملت پاکستان کو امام حسینؑ عالی مقام کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ظالم اور فاسق قوتوں اور وقت کے یزیدوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا درس دیں، تاکہ مقصد حسینی لوگوں میں زندہ ہو سکے۔ مقررین نے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مشرقی تیمور اور سوڈان کی تقسیم کے لئے تو فی الفور ریفرنڈم کروا کر مغربی آقاؤں کے ایجنڈے کی تکمیل کرتی ہے البتہ کشمیر اور فلسطین میں چلنے والی آزادی کی تحریکوں پر اقوام متحدہ کا کردار مجرمانہ ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مقررین نے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ بھارت کی جانب سے ہونے والی کسم بھی قسم کی بزدلانہ کارروائی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور وطن عزیز کا دفاع کرنے کے لئے ہر اول دستہ ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر مشترکہ رائے سے اقوام متحدہ کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ فلسطین و کشمیر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بلاتفریق دہشتگرد گروہوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، تاکہ محرم الحرام سے ربیع الاول تک مذہبی رسومات اور مراسم عزادار ی سمیت دیگر اجتماعات کا امن و امان کے ساتھ انعقاد یقینی بنایا جائے۔ رہنماؤں نے دہشت گردی کو ملک و قوم کے لئے ناسور قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے علماء و مشائخ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمہ سمیت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام سمیت فلسطین و کشمیر کے مظلومین کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree