ایم ڈبلیوایم کراچی ضلع وسطی کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری، علامہ مرزا یوسف حسین نے حلف لیا

30 July 2017

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کی نومنتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری المحسن ہال میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی علامہ مرزا یوسف حسین نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔

تفصیلات کےمطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کی جانب سے نومنتخب ضلعی کابینہ کی تقریب حلف برداری المحسن ہال فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیلی ادارے مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے مرکزی صدر  علامہ مرزا یوسف حسین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل برادر میثم عابدی تھے۔

تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کہ جب اندرونی و بیرونی دشمن وطنِ عزیز کی سلامتی کے درپے ہیں تو پوری پاکستانی قوم بالخصوص جوانوں کی اولین زمہ داری ہے کہ میدانِ عمل میں آکر قومی معاملات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالیں۔انھوں نے کہا کہ ملت کے جوانوں پر لازم ہے تعلیم و تربیت کیساتھ سیاسی و سماجی میدان میں بھی اپنا بھرپور کردار کریں اور اب ضرورت اسی امر کی ہے کہ جوان میدانِ عمل میں آئیں اور طاقت و اختیار اپنے ہاتھ میں لیں اور ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھالیں۔

علامہ مرزا یوسف حسین نے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کی زمہ داران اور کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی میں ضلع وسطی کی ایک خاص اہمیت ہے بالخصوص سیاسی حوالے سے ضلع وسطی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے ذمہ داران و کارکنان کو ملتِ تشیع بالخصوص برادرانِ اہلسنت کے ساتھ بہتر سے بہتر روابط کو فروغ دینا چاہئے اور اس کے لئے فلاح و بہبود کے ذریعے عوامی حلقوں بالخصوص مستضعف عوام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہئے، اور آئندہ انتخابات میں یہی عملِ خیر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لئے مثبت کردار ادا کرے گا۔علامہ مرزا یوسف حسین نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ہر ذمہ دار و کارکن کو شھیدِ مظلوم شھید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی و شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے کردار و افکار کو اپنا عملی شعار بنانا پڑے گا اور یہ شعار ہی ملتِ پاکستان کی بقا و ترقی کا ضامن ہے۔

بعدازاں علامہ مرزا یوسف حسین نے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کی نومنتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا اور ان کو الہٰی زمہ داری ملنے پر ناصرف مبارکباد پیش کی بلکہ اپنے ہر یقینی تعاون کی بھی یقین دھانی کرائی، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے سیکریٹری جنرل سید ثمر عباس زیدی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کا اختتام دعائے سلامتی امامِ زمانہ(عجل اللہ تعالیٰ شریف) سے کیا گیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree