وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے پولیٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والی حکومت آج چار سال گزرنے کے بعد بھی بجلی کے بحران پر قابو نہیں پا سکی،سخت سردی میں بھی طویل دورانیےکی لوڈ شیڈنگ ظالمانہ اقدام ہے، اپنے ایک بیان میں علی حسین نقوی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اپنے حصے کی بجلی سے دانستہ محروم رکھا جا رہا ہے، وفاقی حکومت پیپلز پارٹی سے سیاسی مخالفت کا غبار سندھ کے عوام پر اتارنا بند کرے، تمام محکموں کے وزرا اپنے اپنے حصے کا کام کرنے کی بجائے پاناما کیس پر نواز شریف اور ان کے خاندان کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات سے کوئی آگاہ نہیں، ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر محض اخباری بیانات جاری کرنے سے توانائی کے بحران کا خاتمہ نہیں ہوگا، اس کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ادارے کے غیر ذمہ دار افسران کے خلاف کاروائی کرے، کے الیکٹرک کا قبلہ درست کیا جائے، وگرنہ اسے حکومتی تحویل میں لیکر اس کی کارکردگی عوام کے حق میں بہتر بنائی جائے۔