وحدت نیوز (کراچی) علامہ محمد صادق جعفری کو مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا گیا، نومنتخب سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری سے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے حلف لیا، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی شوریٰ کا اجلاس امام بارگاہ بارگاہ فاطمتہ الزہراسلام اللہ علیہا انچولی سوسائٹی میں صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی کی زیر صدار ت منعقد ہوا، جس میں اراکین ڈویژنل شوریٰ نے کثرت رائے سےعلامہ صادق جعفری کو ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کا نیاءڈویژنل سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا ہے، انتخابی عمل مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی سید مہدی عابدی کی زیر نگرانی انجام پذیر ہوا، واضح رہے کہ سابق سیکریٹری جنرل سید میثم عابدی کی جانب سے نجی مصروفیات کے باعث ڈویژنل سیکریٹری جنرل شپ سے گذشتہ دنوں استعفیٰ دیا گیا تھا جسے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی کی جانب سے قبول کرلیا گیا تھا ،تنظیمی دستوری طریقہ کارکے مطابق ڈویژنل شوریٰ کا اجلاس طلب کیا گیااور اراکین ڈویژنل شوریٰ نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے علامہ صادق جعفری کو آئینی مدت تک کیلئے نیاءسیکریٹری جنرل منتخب کرلیا ہے، کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کے عہدیداران اور کارکنان نے نو منتخب سیکریٹری جنرل کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔واضح رہے کہ علامہ محمد صادق جعفری اس سے قبل ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کی کابینہ میں سیکریٹری امور تربیت کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے، آپ ملی یکجہتی کونسل سندھ کی کابینہ کے بھی رکن ہیں جبکہ امام جمعہ والجماعت جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاون کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔