وحدت نیوز(جامشورو) مرکز تبلیغات و تحقیقات اسلامی جامشورو کے زیر اہتمام عید میلاد النبی ﷺ و ھفتہ وحدت کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے بزرگ عالم دین استاد العلماء علامہ حیدر علی جوادی، مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی ، اہل سنت رہنما مولانا گلزار احمد انڑ، خانہ فرھنگ حیدر آباد کے ڈائریکٹر عبداللہ پور، علامہ عرفانی و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ حیدر علی جوادی نے کہا کہ امام خمینی ؒ نے شیعہ سنی مسلمانوں کو وحدت کا درس دیا۔ جبکہ عالمی سامراجی قوتیں خصوصا امریکہ و اسرائیل مسلمانوں کے درمیان اختلاف کو ہوا دے رہی ہیں۔
اس موقع خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ عالمی سامراجی قوتیں اپنے استعماری عزائم کی راہ میں اسلام کی انقلابی تعلیمات کو رکاوٹ سمجھتی ہیں۔ اختلاف شیطانی منصوبہ ہے ، ایم آئی سکس اور سی آئی اے ، دین مقدس اسلام کی پاکیزہ اورانقلابی تعلیمات مسخ کرکے نفرت اور دھشت گردی کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں۔ طالبان ، لشکر جھنگوی، القائدہ اور داعش سمیت تمام دھشت گروہ امریکہ اسرائیل اور ان کے ایجنٹوں کے تیار کردہ ہیں۔ نائیجریا میں جاری مظالم پر ہمیں تشویش ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود بزرگ رہنماء علامہ شیخ محمد ابراہیم زکزاکی کو قید رکھنا، نائیجیرین حکومت کے مجرمانہ کردار کی عکاس ہے۔ قبلہ اول کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، ہر گذرتے دن کے ساتھ اسرائیل کمزور اور مزاحمتی بلاک طاقتور ہورہا ہے۔ خدا کا وعدہ سچاہے مستضعفین کی حکومت کا وقت قریب ہے۔