وحدت نیوز (نوابشاہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری علامہ مقصود علی ڈومکی نے قائد عوام انجینئرنگ یونیوورسٹی نوابشاہ کا دورہ کیا، اس موقع پراصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے یوم علی ؑ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا، اور یونیورسٹی کے طلبہ سے ملے۔ اس موقع پرتقریب میں مجلس وحدت مسلمین سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنر ل علامہ مختار احمد امامی بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاہے کہ عادلانہ انسانی معاشرے کا قیام انبیائے الٰہی ؑ کا بنیادی ھدف رہا، انبیاء کے حقیقی وارث وہ ہیں جو اھداف انبیاء ؑ کی تکمیل کو اپنا نصب العین قرار دیں۔ صراط مستقیم انبیائے کرام ؑ اور آئمہ ھدیٰ ؑ کے راستے کا نام جو کامیابی کا واحد راستہ اور نجات کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظام ولایت و امامت ، اھداف انبیاء ؑ کے تسلسل کا نام ہے، جو عصر حاضر کے تمام مسائل کا حل ہے۔ مغربی جمہوریت کے پاس انسان کے کسی درد کی دوا نہیں۔ایسے میں دینی جمہوریت کے علمبردار آگے بڑہ کر بشریت کی رہنمائی کریں۔دین و سیاست کی جدائی اور سیکولرازم سے متعلق علامہ اقبالؒ نے کہا تھا جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے ، جبکہ ملکی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ملک و قوم کو دھشت گردی اور کرپشن سے نجات دلائیں۔ کرپشن اور دھشت گردی نے دیمک کی طرح ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔بے بنیاد مصلحتوں اور مفاد پرستی سے بالاتر ہوکر دھشت گردی کے خلاف ملک گیر آپریشن کامیاب بنایا جائے۔