وحدت نیوز (کراچی /لاہور/حیدرآباد) متحدہ قومی موومنٹ کے وفود کی کراچی ، لاہور اور حیدر آبادمیں مجلس وحدت مسلمین کے دفاتر آمد، سانحہ شکار پور پر اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی ،ایم کیوایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ، سلیم آفریدی اور جاوید احمد نے وحدت ہاوس کراچی میں ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ باقر عباس زیدی ، علی حسین نقوی ، علامہ علی انور جعفری ،انجینئر رضا نقوی اور میثم عابدی بھی موجود تھے، ایم ڈبلیوایم کے وفد نے سانحہ شکارپور پر ایم ڈبلیوایم کے رہنماوں سے اظہار تعزیت کیا اور شہداءکے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، ایم کیو ایم پنجاب کے وفد کی سانحہ شکار پور کی تعزیت اور اظہار ہمدردی کے لئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ آمد، وفد میں ایم کیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل رانا اشرف ایڈووکیٹ، میاں راشد، سید افضال حسین نقوی، جان محمد رمضان شریک تھے۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی، مرکزی سیاسی کونسل کے رکن سید اسد عباس نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل لاہور رانا ماجد علی اور لاہور ڈویژن کے سیکرٹری جنرل شیخ عمران علی سے سانحہ شکار پور پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پنجاب کے رہنما رانا اشرف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گرد مخالف قوتوں کو حق کی آواز بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، سندھ حکومت کی نااہلی سے یہ المناک سانحہ رونما ہوا، جس کی قائد تحریک نے بھی شدید مذمت کی اور مجلس وحدت مسلمین کے یوم سوگ اور سندھ میں پہیہ جام ہڑتال کی ہم نے بھر پور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو فی الفور انجام تک پہنچائیں اور دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو بیلنس پالیسی کے تحت ہراساں کرنے کے عمل سے باز رہیں، طالبان اور اس کے حامی پاکستان کے ہمدرد نہیں اور قائداعظم کے بیٹوں کے قتل عام پر حکمرانوں کی خاموشی پاکستان دشمنی کا ثبوت ہے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیاسی کونسل کے رکن سید اسد عباس نقوی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی پر ہم ایم کیو ایم اور ان کے قائد الطاف حسین کے شکر گزار ہیں ہم ان تمام جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو سانحہ شکار پور کے اس دلخراش واقعہ پر ہمارے غم میں شریک ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت جو کہ پہلے دن سے کر چکے ہیں آج اس کا دوبارہ اعادہ کرتے ہیں، ہم حکومت پنجاب کے رویے سے سے حیران ہے کہ قتل بھی ہم ہو رہے ہیں اور پنجاب میں ٹارگٹ کر کے گرفتار بھی ہمارے کارکنوں کو کیا جا رہا ہے، ہم اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں کو ہماری نسل کشی سے روکنے کے بجائے ہمیں پابند سلاسل کیا جا رہا ہے، یہ عمل مکمل شیعہ دشمنی ہے اور اسے ہم برداشت نہیں کریں گے، ہمیں ملک بھر میں وطن دوستی اور دہشت گرد دشمنی کی سزا دی جا رہی ہے لیکن یاد رہے جب نمرود و شداد جیسے ظالم نہیں رہے تو یہ ظالم حکمران اور دہشت گرد بھی نہیں رہنے والے، ان کو ان کے مظالم کی سزا اللہ اس دنیا میں بھی دے گا اور روز محشر بھی عذاب سے نہیں بچ پائیں گے۔