وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے سندھ حکومت کی کوآرڈینیشن کمیٹی سے ملاقات کی ،ملاقات میں کراچی آپریشن، شہداء کے خانوادوں کی معاونت اور شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقا ت میں حکومتی اراکین میں مشیر وزیراعلیٰ سندھ وقار مہدی،کمشنر کراچی شعیب صدیقی سمیت ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو کے نمائندہ ڈی آئی جی ساؤتھ خالق شیخ شامل تھے جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کمیٹی میں علی حسین نقوی، انجینئررضا نقوی ، میثم عابدی سمیت مہدی عباس شامل تھے۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ سندھ اور کمشنر کراچی نے مجلس وحدت مسلمین کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ شہر کو بدامنی سے پاک کرنے کے لئے اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس ضمن میں انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ عید سے قبل شہداء کے انوادوں کی مالی معاونت کی جائے گی، شہر بھر سے نفرت آمیز وال چاکنگ اور جھنڈے اتارنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے انشاء اللہ بہت جلد شہر کو چاکنگ اور جھنڈوں سے پاک کردیا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات باعث تشویش ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بہتر انداز میں جاری ہے لیکن اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے اپنی آواز کو بلند کیا ہے، انشاء اللہ آئندہ بھی ہر مظلوم کی حمایت کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔