وحدت نیوز (کوئٹہ) وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلٰی ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں استاتذہ کی کمی کو فوری طور پر دور کرنے کے لئے کنٹریکٹ بنیادوں پر استاتذہ کی تعیناتی کی منظوری دی اور صوبائی کابینہ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ بھرتی کے نظام میں میرٹ اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔ کابینہ نے ہدایت کی کے ایم پی اے فنڈز سے تعمیر شدہ پرائمری سکولوں کے ایس این ایز کو بھی فوری طور پر منظور کیا جائے، تاکہ تعمیر ہونے کے فوراً بعد وہاں تدریسی عمل کو شروع کیا جاسکے۔ صوبائی کابینہ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پہلی بار پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ ایکٹ کی منظوری بھی دی، جس سے صوبے میں مختلف شعبوں میں سرکاری اور نجی شراکت داری سے صوبے میں ترقی آئے گی۔ صوبائی کابینہ نے سوئی ٹاؤن میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی، تاکہ سوئی ٹاؤن کے ایک لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر ہو۔ کابینہ نے صوبے میں معذور افراد کو خود کفیل اور کار آمد شہری بنانے کے لئے خصوصی فنڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے شہری دفاع کو ڈویژنل سطح پر پھیلانے اور ان کے دفاتر قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔
کابینہ کو متعلقہ سیکرٹری نے صوبے میں گندم کی موجودہ اسٹاک کے حوالے سے بریفنگ دی اور موجودہ اسٹاک کو فوری طو پر سبسڈی ریٹ پر فلور ملز کو دینے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے گوادر جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے پی سی ون کی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بہت وقت ضائع کیا ہے، ہمیں تیزی سے کام کرنا ہوگا۔ عوام کا پیسہ اور وسائل عوام پر خرچ ہونے چاہئیں۔ اس سلسلے میں تمام محکمے اپنی کارکردگی میں بہتری لاکر عوام کو تبدیلی کا احساس دلائیں۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امورآغا سید محمد رضا سمیت صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر عاصم کرد گیلو، سردار سرفراز چاکر ڈومکی، شیخ جعفر خان مندوخیل، عبدالماجد ابڑو، طاہر محمود خان، میرعامر رند، حاجی غلام دستگیر بادینی، محمد آکبر آسکانی، منظور کاکڑ، پرنس احمد علی، میر ضیاء لانگو، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، محترمہ راحت جمالی، وزیراعلٰی کے مشیر کہدہ بابر، اراکین اسمبلی، میر حمل کلمتی چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (منصوبہ بندی و ترقیات) نصیب اللہ بازئی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری مواصلات اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔