وحدت نیوز(کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر جنگلات آغاسید محمد رضا (رہنما مجلس وحدت مسلمین ) نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے احاطے میں کوئٹہ پائن کا پودا لگا کر صوبے میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا،سابق صوبائی وزیر میر فائق علی جمالی، ڈپٹی کنزرویٹر کوئٹہ سٹی نیاز محمد کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ درخت حیاتیاتی بقاء کے لئے ناگزیر ہیں اور شجر کاری مہم میں ہر ذی شعور انسان کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور دنیا میں بڑھتے ہوئے موسمی تغیر اور حدت کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا چاہیئے۔ یہ شعور ہمیں اپنے بچوں میں اسکول کی سطح پر پیدا کرنا چاہیئے۔ شجر کاری مہم کو محض فوٹو سیشن تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ شجر کاری مہم کو صوبہ بھر میں کامیاب کرنے کے ساتھ ساتھ پودوں کی نشوونما پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ ہر سال شجر کاری مہم کا آغاز بڑی دھوم دھام سے کیا جاتا ہے۔ لیکن کوئٹہ شہر سمیت دیگر علاقوں میں درختوں کی تعداد میں مسلسل کمی باعث تشویش ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے خصوصی توجہ دیں۔ وزیراعلٰی نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلعی سطح پر بھی اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جنگلات سید محمد رضا نےکہا کہ موسم بہار میں شجر کاری مہم میں صوبہ بھر میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، انہوں نے والدین، اساتذہ کرام سے اپیل کی کہ وہ بچوں میں درختوں کی اہمیت اور ضرورت کے حوالے سے شعور بیدار کریں۔ اس کے علاوہ میڈیا بھی شجر کاری مہم میں حصہ لینے کے لئے عوامی شعور بیدار کرنے میں کردار ادا کرے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی بقاء کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کی خاطر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ان کو ایک پاک اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔