وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل رجب علی کربلائی نے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے ڈیٹی سیکورٹی انچارج کے اوپر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد شہر میں دھندناتے پھر رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو اپنی وحشیانہ کاروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے اور ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر معاشرے میں دہشت گردی پھیلانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔دہشت گرد کھلے عام اپنی کاروائیاں کرکے بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، جو باعث تشویش ہے اور اس کی وجہ سے عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔عوام کی احساس عدم تحفظ کو دور کرنے کے لئے سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا پڑیگا۔بیان کے آخر میں کوئٹہ میں ٹارگیٹ کلنگ کے واقعات کے پیچھے دہشت گرد عناصر اور ان کے پشت پناہوں کے خلاف بھر پور کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔