وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء وامام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کی پابند ہے کہ وہ تمام شہریوں کو بنیادی مساوی شہری حقوق فراہم کرنے میں اپنا کردار کریں۔ حتٰی کہ اس ملک کا قانون وطن عزیز میں بسنے والے تمام اقلیتوں کو ان کے اعتقادات کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتی ہے، لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس سال پورے پاکستان کے مختلف شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں آنے والے زائرین کو بلوچستان میں داخلے کے بعد بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہیں۔ کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں سے آنے والے زائرین سے پولیس این او سی طلب کرکے انہیں بلوچستان کے کئی علاقوں میں گھنٹوں روک دیتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز جیکب آباد بائی پاس سے آگے بلوچستان کے حدود میں کراچی سے تعلق رکھنے والی زائرہ زبیدہ خانم کو بہیمانہ طور پر پولیس کی گاڑی سے کچل کر قتل کر دیا گیا، جس کی خبر نے معاشرے کے ہر با ضمیر فرد کے دل کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ واقعے کے بعد زائرین کی مسلسل سولہ گھنٹوں تک احتجاج کے بعد واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر مملکت شہر یار آفریدی زائرین کو در پیش مسائل کے حل کے حوالے سے کوئٹہ اور تفتان کا دورہ کرکے صوبائی حکومت کو واضح احکامات جاری کر چکے ہے کہ زائرین کے آمد ورفت کے سلسلے میں کسی قسم کی دشواری ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، لیکن افسوس کہ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ کے ان احکامات کے برعکس آج بھی زائرین کو نہ صرف بلوچستان میں داخلے کے وقت مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کیا جاتا ہے، بلکہ ملک بھر سے کوئٹہ آنے والے ہزاروں زائرین کو کوئٹہ اور تفتان میں ہفتوں تک روک کر اذیت سے گزارا جاتا ہے۔ یہاں پر یہ بات کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ دنیا بھر کی حکومتیں سیاحت کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کرتے ہیں، کیونکہ سیاحت کے فروغ سے ملکی اقتصاد پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، لیکن تعجب ہے کہ ہمارے یہاں سیاحت کے فروغ کیلئے مناسب اقدامات کرنے کے بجائے کوئٹہ آنے والے ہزاروں زائرین کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ ہم وزیراعلٰی بلوچستان جناب جام کمال خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے مشیر سیاحت سے زائرین کے متعلق جاری کردہ اپنے پارٹی کے بے منطق بیان کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت بلوچستان زائرین کو درپیش مسائل کے حل اور کوئٹہ تفتان روٹ پر زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے فوری سنجیدہ اقدامات کریں۔