وحدت نیوز (کوئٹہ) شُہداء کی برسی 18 جنوری کو والہانہ طریقے سے منائی جائیگی۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما ، سابق وزیر قانون آغا رضا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 10 جنوری 2013 پاکستان کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن تھا، جس دن اہل جور وستم نے ظلم و بربریت کی ایک بدترین مثال قائم کردی جہاں علمدار روڈ پر نہتے اور بے گناہ 86 افراد کو نہائت سفاکیت سے بے جرم و خطا مارا گیا اور سینکڑوں لوگ اس دھماکے میں زخمی ہوگئے کتنے گھرانے ایسے تھے جو اپنے واحد سرپرست سے محروم ہوئے۔ کتنی ماوؤں کے گود اپنے لاڈلے اور کتنے بچے جو باپ کے سایے سے محروم ہوئے۔ یوں تو سفاک دہشتگردوں نے بارود کے ذریعے اِن شہدا کے جسموں کے ہزارو ں ٹکڑے کر دیئے۔ مگر اِن پاکیزہ اجساد کاہر ٹکڑا اتنا پُر تاثیر ثابت ہوا کہ پاکستان کے طول و ارض سے لے کر دُنیا کے کونے کونے تک انسانی ضمیر کو جنجھوڑ کر رکھ دیا اور انھیں ظلم کے خلاف علم بغاوت لے کر باہر نکلنے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے مذید کہاکہ یہ وہ پاک و مقدس لہو ہے جس نے اپنی حرارت سے سخت ترین سردی میں فضا کو ایسا گرمایا کہ لوگوں نے پورا ہفتہ سڑک پر گزار دیا اور اپنی ہمت سے اُس وقت کے کرپٹ اور ظالم صوبائی حکومت کو گھر کا راستہ دکھایا۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے۔ کہ آج تک اُن قاتلوں کو نہ تو پکڑا گیا اور نہ ہی انکا پیچھا کیا گیا۔ جو بذات خود وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مُنہ پر ایک بدنما داغ ہے، جو کبھی نہیں دھول سکتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شہدا کی برسی 18 جنوری کو شہدا چوک علمدار روڈ پر انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ جہاں ایک بڑی تعداد میں مرکزی قائدین اور مُلک کے گوشہ و کنار سے اکابرین کی آمد متوقع ہے۔ اُنھوں نے اس حوالے سے کوئٹہ ڈویژن کے تمام یونٹس کو اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی تلقین کی۔