وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں16 فروری 2013 سانحہ ہزارہ ٹاون کے تیسری برسی کے موقع پر ایم پی اے آغا رضا نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے شہریوں کے دشمن، ملک کے دشمن ہیں اور شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کبھی محب وطن نہیں ہو سکتے، ملک و قوم کو دہشتگردی کی وجہ سے بہت سے نقصانات کا سامنا ہوا ہے۔ آج ہماری پسماندگی کی ایک بڑی وجہ دہشتگردی ہے جس کی وجہ سے ہمیں ہزاروں جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ قیمتی جانوں کی قربانی کو ضائع نہ ہونے دیا جائے اور شہیدوں کے ساتھ وفا کرتے ہوئے دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے،ایم ڈبلیوایم کی عوامی خدمت کے سفرمیں شہدائے کوئٹہ کی قربانیاں مینارہ ہدایت ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک دشمن عناصرکو ان کے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہزارہ ٹاون میں ایک ہی دن میں سینکڑوں بے گناہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو شہید کر دیا گیا تھا، کوئی بھی مسلمان ایسا کام ہرگز نہیں کر سکتا۔ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک مقاصد کے حصول کیلئے دہشتگردوں کوپروان چڑھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انکا راستہ روکیں۔ ہم سب یہ جانتے ہیں کہ آج کی نئی نسل ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور انہیں دہشتگردی کا نشانہ بنا کر وہ ہمیں ایک سنہری مستقبل سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ابھی تک کمی نہیں آئی ہے اور ان واقعات کا بڑھ جانا دہشتگردوں کو چھوٹ دینے کا نتیجہ ہے، اگر دہشتگردوں کے خلاف بروقت کاروائیاں کی جاتی اور انکی جڑین کاٹ لی جاتی تو ہمیں سینکڑوں جانوں کی ضیاع کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور ابھی بھی اگر سخت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو مستقبل میں مزید نقصانات کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ قوم دہشتگردوں کے خلاف متحدہے دہشتگردی کی سوچ کو ختم کرنے کیلئے کام کیا جائے۔ ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ وطن عزیز پاکستان کا قیام ہی اسلام کے نام پر ہوا ہے اور اسے نقصان پہنچانے والے ہرگز مسلمان نہیں ہوسکتے، اسلام کے نام پر دھوکہ دے کر دہشتگردی کرانے کی ترغیب مزید نہیں چل سکتی۔ بیان کے آخر میں شہدائے ہزارہ ٹاون کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اورکہا گیا کہ جب انہیں دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا تھا توساری قوم انکے غم میں انکے ساتھ شریک تھی اور دھرنے کی کال پر پوری قوم نے انکے آواز پر لبیک کہا تھا جو ہمارے وحدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔