وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماءو ممبر صوبائی اسمبلی آغا رضا اپنے وفد کے ہمراہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے علمدار روڈ محلہ بیت الاحزان کوئٹہ کمیونٹی ہال کا دورہ کیا ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل جناب عباس علی، کونسلر کربلائی رجب علی، پولیٹیکل کونسل کے ارکان حاجی کریم، کاظم علی، آفس سیکریٹری حاجی ناصر علی ، سیکریٹری فلاح و بہبود امان اللہ اور علاقے کے معتبرین بھی موجود تھے۔ یہ کمیونٹی ہال تین منزلہ عمارت پر مشتمل ہے، کمیونٹی ہال بنانے کا مقصد علاقے کے عوام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے شادی بیاہ ، فاتحہ خوانی اور دیگر فلاحی کاموں ، درس قرآن، کمپیوٹر کلاسز،ٹیوشن سینٹرز ، خواتین کی سلائی کڑھائی اور دیگر مثبت سرگرمیوں کیلئے بنایاگیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ کمیونٹی ہال کارگل کے ایک شہید فدا حسین کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ، یہ کمیونٹی ہال اپنے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اسے جلد مکمل کرکے علاقے کے لوگوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ یہ علاقہ خاصہ دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے اور علاقے کے لوگوں کی اکثریت غریب و مزدور طبقے سے تعلق رکھتا ہے۔اسی وجہ سے یہ کمیونٹی ہال علاقے کے سماجی مسائل جس میں شادی بیاہ کے اخراجات اور فاتحہ خوانی وغیرہ کے اخراجات میں کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے۔