وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے وفد نے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی کی قیادت میں سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان سیاسی امور اور بلوچستان کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان باہمی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دونوں جماعتیں مل کر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بلوچستان کے حقوق کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے حاصل ہونے والی معدنیات پر بلوچستان کے عوام کا حق سب سے زیادہ ہے۔ بلوچستان سے حاصل ہونے والی معدنیات ملک کی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہیں، مگر بلوچستان کے عوام آج بھی کسمپرسی، غربت اور افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ جن علاقوں سے اربوں روپے کی معدنیات حاصل ہو رہی ہیں۔ ان علاقوں کی عوام کے حالات زندگی میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان میں مضبوط باہمی روابط کے ذریعے تمام برادر اقوام کے درمیان بہترین تعلقات کی خواہاں ہے۔ اس موقع پر سردار اختر مینگل نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے شیعہ اور ہزارہ قوم کے خلاف دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر دونوں پارٹیوں نے مستقبل میں بھی باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔