وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ڈویژنل سیکریٹری امور سیاسیات کامران حسین ہزارہ نے گوادر کاشغر روٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت خستہ حال ہے ۔ صوبہ بلوچستان کو تعلیم، ترقی اور کھیل سمیت دیگر چیزوں میں پست سمجھا جاتا ہے ،گوادر کاشغر پروجیکٹ صوبے کو ملک کے دیگر صوبوں کی برابری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل میں بلوچستان کے ترقی میں گوادر کاشغر منصوبے کا اہم حصہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ جلد از جلد مغربی علاقوں میں پروجیکٹ کی تعمیر کا کام شروع کر وائے ، صوبے میں خوشحالی کی لہر دوڑ اٹھی ہے، گوادر کاشغر روٹ سے ملک کو اقتصادی طور پر فائدہ ہوگا اور صوبے کے عوام معاشی طور پر اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ صوبے کے عوام کو انکا حق ملنا چاہئے وفاقی اور صوبائی حکومت ملکی مفادات کے وقت بلوچستان کو نظر انداز نہ کرے اور صوبے کی ترقی کیلئے فکرمند رہے۔
کامران حسین کاکہناتھا کہ اپنے ساتھ خوشحالی لانے والی گوادر کاشغر روٹ کی تعمیر میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، اگر حکومت کی جانب سے منصوبے میں مغربی روٹ کی تعمیر کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تو اس کا کام بھی شروع ہونا چاہئے، جتنی جلدی کام کا آغازہوگا اتنی جلدی یہ منصوبہ اپنی تکمیل تک پہنچے گا۔ آخرمیں ان کا کہناتھا کہ یہ منصوبہ ملک کی تقدیر بدلنے والا ہے، گوادر کاشغر روٹ سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے لوگوں کو ہونا چاہئے حکومت صوبے کو ہرگز نظر انداز نہ کرے اور جس طرح بلوچستان وطن عزیز کی ترقی کا باعث بن رہا ہے اسی طرح وفاقی حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر غور کرے۔