وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دھشت گردی کے افسوسناک واقعات حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا دائرہ انسانیت کے قاتل ان دھشت گردوں تک بڑھایا جائے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کالعدم تکفیری ٹولے کے ٹریننگ کیمپس ہیں،جن کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا جائے، تکفیری گروہ امت مسلمہ کے لئے ناسور بن چکا ہے، جس نے دہشت گردی اور قتل و غارتگری کو اپنا دین سمجھ رکھا ہے، ان سے نجات کے لئے امت مسلمہ متحد ہوجائے۔
انہوں نے کہاکہ تکفیری گروہ سے متعلق دھشت گردوں نے سب سے بڑہ کر دین اسلام کو نقصان پہنچایا ہے،امت محمد ﷺ اپنی بیداری اور اتحاد کے ذریعے ، عالم انسانیت کو امن و رحمت اور احترام انسانیت پر مبنی اسلام کا حقیقی پیغام پہنچائے۔
در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے صوبائی مسؤل برادر عبدالوہاب لغاری کی قیادت میں ایک وفد نے علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں جوانوں کی انقلابی الٰہی تعلیمات کے سائے میں تعلیم و تربیت یوتھ ونگ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ جوان اپنے پاکیزہ جذبات کے باعث معاشرے کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔