وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین میڈیا سیل سے جاری بیان میں ڈویژنل سیکریٹری امورسیاسیات کامران حسین ہزارہ نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کی تعمیر صوبہ بلوچستان کیلئے ترقی کا سبب بنے گا ۔ اس منصوبے کو کاشغر سے گوادر تک محض ایک راہداری کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ اس سے ایک نئی دنیا تعمیر ہورہی ہے۔ جو ترقی یافتہ دنیا ہے جس میں ہر چیز بدل کر رہ جائیگی۔ سماج کا ارتقائی عمل معیشت سے جڑا ہوا ہے۔ جن علاقوں سے یہ راہداری گزرے گی وہاں کے سماجی اور معاشی حالات کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور سماجی اقدار میں بھی تبدیلیاں رونما ہونگی۔ ان علاقوں کی پسماندگی دور ہوگی۔ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ معیشت ترقی کرے گی۔ موجودہ سیاسی اور اقتصادی اجارہ داریاں ختم ہونگی۔ سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاسی تبدیلیاں بھی رونما ہونگی۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ جن قوتوں نے دہشت گردی کے نیٹ ورکس بنائے ہیں وہ بھی ٹوٹ جائیں گے۔ اس منصوبے سے پاکستان کے سیاسی حرکیات بھی یکسر تبدیل ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو یہ موقع پہلی مرتبہ میسئر آیا ہے۔ ہماری جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے یہاں چین چھیالیس ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر رہاہے یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے مفاد میں ہے بلکہ چین کے مفاد میں بھی ہے۔ ہماری سیاسی قیادت کو اس بات کا بھی ادراک رکھنا چاہیے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے ایک نئی دنیا تخلیق ہورہی ہے۔ یہ خوشحال ، ترقی یافتہ، پر امن اور جمہوری معاشرے والے دنیا ہوگی۔ پرانی اقتصادی اور سیاسی اجارہ داریوں کا خاتمہ ہوگا۔ دہشت گرد اور مافیا گروپس سے وابستہ مخصوص مفادات نہیں رہینگے۔ ہماری حکومت اور سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف اس منصوبے کو متنازع نہ بنائے بلکہ تمام تر اختلافات کو اپنے عظیم تر قومی مفاد میں بھلا دیں۔