وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمارنی لیڈر ممبر بلوچستان اسمبلی آغا رضا نے حلقہ 10 میں ٹیوب ویل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کی سطح روز بروز نیچے جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر وفاقی اور صوبائی حکومت نے جلد کوئٹہ کے اطراف میں ڈیم نہیں بنوائیں توآئندہ چند سالوں میں کوئٹہ سے عوام ہجرت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے کیونکہ انسان کے زندہ رہنے کے لیے پانی اہم جز ہے۔ معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک میں زمین سے پانی کو نہیں نکالا جاتا بلکہ بارش کے پانی کو ری سائیکل کرکے عوام تک پہنچایا جاتا ہے کیونکہ وہ اپنی آئندہ نسل کے لیے زمین میں پانی کو ذخیرہ کر رہے ہیں اور ہم اس کے برعکس اپنے آئندہ نسل کے لیے کچھ نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ یہاں صرف حکومت مجرم نہیں بلکہ عوام پر بھی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے کہ پینے کے پانی کو بے جا استعمال نہ کریں۔ اکثر گھروں سے جب پانی کی ٹینکی بھر جاتے ہیں تو نل کو بند نہیں کیا جاتا جس سے صاف اور پینے کا پانی ضائع ہوتا جاتا ہے اور چھت سے گلی میں پانی پہتا رہتا ہے۔ پانی اللہ کی نعمت ہے اسے اس طرح ضائع کرنا شریعت خداوندی میں جائز نہیں۔ علماءکرام سے بھی گزارش ہے کہ اپنے مجالس میں پانی جیسے نعمت کے اسراف پر زیادہ زور دیں اور لوگوں کو آگاہی فراہم کریں تاکہ آئندہ آنے والے وقتوں میں عوام کو مشکلات اور کمی آب کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ہم عوام کے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں ،عوام کی خدمت ہمار انصب العین ہے اور ہم اس کو عملی طور پر حل کر رہے ہیں۔ ہم بلا رنگ ونسل و مذہب نہ صرف اپنے علاقے میں بلکہ پشتون آباد ائیریا میں بھی ریزروائر بنانے کا پروگرام رکھتے ہیں اور انشاءاللہ جلد ہی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ حلقہ 16-15-14 میں بھی ریزروائر کا کام جاری ہے اور عوام کی سہولت کے لیے کمیونٹی ہال کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔