وحدت نیوز(لاہور) عالمی یوم خواتین کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کی تمام ممبران خواتین بالخصوص وومن امپاورمنٹ کی منسٹر محترمہ آشفہ ،مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ زھرا نقوی ، محترمہ طلعت نقوی ، محترمہ شمسہ علی اور محترمہ سیمابیہ کی مشترکہ کاوشوں سے پنجاب اسمبلی میں پاکستانی خواتین کے حق میں پیش کردہ قرارداد منظور کر لی گئی۔
قرار داد کا متن محترمہ شمسہ علی نے اسمبلی میں پیش کیا جس میں پاکستانی خواتین کو معاشی ، سماجی اور سیاسی شعبوں میں باباۓ قوم قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت کی روشنی میں قومی دھارے میں لانے کے لیے بھرپور حمایت کرنے اور انہیں باختیار بنانے کی ہر ممکن کوشش کاپنجاب اسمبلی کے اراکین نے عزم کا اظہار کیا گیا۔