The Latest
چیئرمین تحریک وحدت اسلامی علامہ جاوید اکبر ساقی کا انتقال،علامہ راجہ ناصرعباس کااظہارتعزیت اور افسوس
وحدت نیوز(لاہور) تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین علامہ جاوید اکبر ساقی رضائے الہیٰ سےانتقال کرگئے۔ جاوید اکبر ساقی کچھ عرصے سےشدید علیل تھے،انہیں جگرکا عارضہ لاحق تھا اور وہ ڈائلیسیزپر گذارہ کررہے تھے، مرحوم کی نماز جنازہ آبائی شہر خوشاب میں ادا کی جائے گی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ احمد اقبال رضوی، ناصرشیرازی، اسدعباس نقوی،علامہ مبارک موسوی ، علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت دیگر رہنماوں نے علامہ جاوید اکبر ساقی کی اچانک وفات کو قومی نقصان قرار دیا ہے، رہنماؤں نےکہنا ہے کہ پاکستان ایک مخلص دینی کارکن سے محروم ہوگیا، جاوید اکبر ساقی شیعہ سنی اتحاد کیلئےانتہائی سرگرم رہنما تھے، وحدت کے فروغ کیلئے انہوں نے نمایاں خدمات سرانجام دیں،وہ اہلسنت رہنما ہونے کے باوجود اہل تشیع میں بھی خاصے مقبول تھے، وہ مجالس عزاء سے بھی خطاب کیا کرتے تھے اور ہمیشہ اتحاد امت کیلئے کوشاں رہے،خدا وند متعال مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے ۔
وحدت نیوز(لاہور) ن لیگ کو ماڈل ٹاون کے شہیدوں کے لہو کا اور ملکی وسائل کے لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا،ملک دشمنوں کے ہر سازش کو قومی یکجہتی سے ناکام بنائیں گے،فاٹا اور گلگت بلتستان کے حقوق کے مخالفین وطن دوست نہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشتگردوں کے سیاسی سرپرست ہیں جو تاحال حکمرانوں کی مصلحت پسندانہ پالیسیوں کے سبب آزاد ہیں،ایم ڈبلیوایم آنے والے الیکشن میں اپنا بھر پور کردار ادا کریگی،پنجاب میں حکمران جماعت کو سیاسی انتقامی کاروائیوں کا حساب آنے والے الیکشن میں سود سمیت چکا دینگے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنا ملکی استحکام کے لئے ناگزیر ہوچکا ہے،اس ایشو پر سیاست کرنے والے ملکی سلامتی کے ساتھ مخلص نہیں،گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے قومی یکجہتی اور وحدت کو فروغ دینا ہوگا،ہمیں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خیر باد کہنے کا وقت آگیا ہے،مضبوط خارجہ پالیسی کے ذریعے پاکستان کو اس چنگل سے نکالنا سیاسی جماعتوں اور قومی سلامتی کے اداروں کا فریضہ ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے وفدنے ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری کی سربراہی میں شہدائےوحدت کراچی کی چوتھی برسی کے موقع پر ان کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہاراورقبور شہداءپر فاتحہ خوانی کی ،شہید ِ وحدت صفدرعباس کے گھر اہل خانہ اور تنظیمی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ محمد صادق جعفری نے کہا کہ شہدائے دین اسلام کی حیات وشہادت دونوں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ہمیں کسی صورت ان پاکیزہ شہداءکے راستے کو فراموش نہیں ہونے دینا چاہئے، شہدائے وحدت ملت جعفریہ کی سیاسی واجتماعی شناخت کے حصول کی راہ کے عظیم شہید ہیں ، جنہوں نے زمانے کے فرعونوں ، نمرودوں اور یزیدوں کو للکاراتھا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی قوم سیاسی واجتماعی میدان میں مضبوط بنیادوں پر کھڑے ہوئے بغیر ظالم وجابر حکمرانوں سے اپنے جائز حقوق حاصل نہیں کرسکتی ، انہوں نے کہاکہ شہدائے وحدت کی یاد کو زندہ رکھتے ہوئے سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی برسی کا مرکزی اجتماع چشتی نگر میں آئندہ ہفتے انشاءاللہ منعقد ہوگا، اس موقع پر ڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن، آرگنائزر ضلع شرقی علامہ احسان دانش، ڈویژنل پولیٹیکل سیکریٹری میر تقی ظفر،سیکریٹری وحدت یوتھ کراچی کاظم عباس، ڈویژنل سیکریٹری اطلاعات احسن عباس رضوی اور ایم ڈبلیوایم چشتی نگر یونٹ کے ذمہ دارا ن بھی ہمراہ تھے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت پر پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاون اور جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد کے حوالے سے منہاج سیکریٹریٹ میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاون کے روز اوّل سے شہداءکے مظلوم وارثوں کا ساتھ دیتے آئے ہیں ،انشااللہ آئندہ بھی مظلومین کی حمایت جاری رکھیں گے،ہم اِسی جرم کی پاداش میں اُسی دن سے پنجاب کے ظالم حکمرانوں کے مظالم کا شکار رہے جو کہ تا حال جاری ہے،ہمیں پنجاب اور گلگت بلتستان میں جہاں ن لیگ کی حکومت ہے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مسلکی تعصب سے بالاتر ہو کر تمام مذاہب ، مسالک اور ادیان کے مظلوموں پر ظلم کے خلاف آواز احتجاج بلند کرتی ہے،ہمارے نذدیک ماڈل ٹاون میں ہونے والی ریاستی دہشت گردی پاکستان کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے، جس میں نہتی خواتین کو منہ پر گولیاں ماری گئیں جن میں ایک خاتون بچے کو جنم دینے والی تھی، یہ ظالم حکمران نا فقط ان خواتین اورمردوں کے قاتل ہیں بلکہ اس ننھی سے جان جو ابھی اس دنیا میں آئی بھی نہیں تھے اس کے بھی قاتل ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمیں مظلومین کی حمایت سے نہیں روک سکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ داروں کو مزید مہلت دینا شہدا ءکے خون کیساتھ غداری اور قانون کی پائمالی ہے۔
انہوں نے مذید کہاکہ تین برس گذرجانے کے باجود شہداءکے ورثاءانصاف کے متلاشی ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث وزیر اعلیٰ شہباز شریف ، رانا ثناءاللہ، پولیس حکام، بیوروکریٹس اور انکے حوایوں کے خلاف فوری اقدام اٹھائیں، جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر آجانے کے بعد وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ کے برسراقتدار رہنے کا کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں، انہیں فوری طور پر مستعفیٰ ہوجانا چاہئے، سانحہ ماڈل ٹاون کے مظلومین کو انصاف ملنے تک ہم پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ اس آپ پارٹیز کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ سنی اتحاد کونسل، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاک سرزمین پارٹی ، جماعت اسلامی سمیت دیگر قومی سیاسی ومذہبی جماعتوں کی قیادت شریک تھی، اے پی سی کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ کے استعفیٰ کی ڈیڈ لائن میں 31دسمبر کے بجائے 07جنوری تک کی توسیع کردی گئی ہے ، اے پی سی نے مقرر کی گئی ڈیڈ لائن پر آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اے پی سی کی سٹیرنگ کمیٹی کہلائے گی، سٹیرنگ کمیٹی ہنگامی صورتحال میں فیصلے کرنے کی مجاز ہو گی۔ سٹیرنگ کمیٹی کے ممبران میں
مجلس وحدت مسلمین پاکستان سے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل (ناصر شیرازی) ، پاکستان پیپلز پارٹی( قمر الزمان کائرہ،سردار لطیف خان کھوسہ)،تحریک انصاف(شفقت محمود، عبدالعلیم خان)،عوامی مسلم لیگ(شیخ رشید)، پاکستان مسلم لیگ ق(سینیٹر کامل علی آغا)، جماعت اسلامی (لیاقت بلوچ)پاک سرزمین پارٹی(رضا ہارون)، مسلم کانفرنس(سردار عتیق احمد خان) ،سنی اتحاد کونسل(صاحبزادہ حامد رضا) ،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی سے (سید احسان شاہ) شامل ہیں،جبکہ میاں منظور احمد وٹو، جہانگیر ترین ،خرم نوازگنڈاپور سٹیرنگ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ہونگے۔
(وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی زندگی بری طرح متاثر ہوگئی ۔حکومت نے مہنگائی کا بم پھاڑکر عوام کو نئے سال کا تحفہ دیا ہے ۔گھریلو اشیاء خوردو نوش کی خرید وفروخت عام آدمی تو دور کی بات متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی دور ہو چکی ہے ۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر مالیات آدم خور شخصیت کے حامل ہیں جنہوں نے تاریخی مہنگائی کر کے اپنا اصل چہرہ قوم کو دکھایا ہے ۔نواز حکومت کا اصل مقصد عوام کو لوٹنا ہے نہ کہ ریلف دینا ہے ،نواز حکومت نے غریب عوام کے رہے سہے کپڑے بھی اتار لیے ہیں جو لوگ موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیا ں چلاتے ہیں وہ اب پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضانے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرعلامہ طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی ہے، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصرعباس شیرازی، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس نقوی، آصف رضا ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے، رہنماوں کے درمیان سانحہ ماڈل ٹاون اور جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام آج ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی بات چیت اور مشاورت بھی ہوئی،ڈاکٹر طاہر القادری نے رہنماوں کی آمد پر شکریہ اداکیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی حب الوطنی کسی صورت دوسرے صوبوں کے عوام سے کم نہیں، گلگت بلتستان کے عوام دوسرے صوبوں کی طرح بائی چانس پاکستانی نہیں بلکہ بائی چوائس پاکستانی ہیں، گلگت بلتستان کے شہری اپنے صوبے کو پاکستان میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ناکہ علیحدہ کا نعرہ لگاتے ہیں، کارگل سے وزیر ستان تک عظیم قربانیاں پیش کرنی والی اس شجاع اوربیدار قوم کو راکا ایجنٹ قرار دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے اپنے متعصبانہ کردار کا مظاہرہ کیاہے،جس جماعت کے اپنے قائدین راکے ایجنٹوں کو اپنی فیکٹریوں میں ملازم رکھتے ہوں اور ان کی پشت پناہی کرتے ہوں، جو راکے سرکردہ افراد کو بغیر ویزہ کے پاکستان بلاتے ہوں، جن کے بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے ہوں انہیں کسی دوسرےپرالزام تراشی کرتے ہوئے سو بار سوچنا چایئے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ دو ہفتوں سے اس خطہ بے آئین میں غیر آئینی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، اقوام متحدہ کے قوانین کی روشنی میں متنازعہ علاقوں میں ٹیکس کا نفاذ غیر آئینی اقدام ہے، بلکہ اشیائے ضروریہ پرخصوصی سبسڈی دینا حکومتوں کی ذمہ داری بنتی ہے، بجائے عوام کے داد رسی کرنے کے متعصب وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے کارگل، لداخ، سیالکوٹ، وزیر ستان اور پاراچنار میں اپنے جوان فرزندوں کی قربانیاں پیش کرنی والی قوم کی توہین کی ہے، وزیر اعلیٰ ہوش کے ناخن لیں ایسا نا ہو کے ٹیکس کے خاتمے کی یہ تحریک آئینی صوبے کے حصول کی تحریک میں تبدیل ہوجائے اور پھرعوام مکمل خودمختاری تک اپنے گھروں کو نا جائے ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ڈویژنل سیکرٹری جنرل کے زیر سرپرستی ڈویژنل شوری کا اجلا س منعقد ہوا جس میں مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی اور رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا نے خصوصی شرکت کی ،اجلاس میں شوریٰ کے اراکین نے سانحہ 10جنوری ،16فروری 2013اور 16دسمبر آرمی سکول سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تاریخ 10جنوری بروز بدھ شہداء چوک علمدار روڈ پر یوم استقامت و یکجہتی مظلومین کے عنوان سے عظیم و الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا جائیگا،جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماووں سمیت اہلسنت اکابرین بھی تشریف لائینگے۔
سانحہ دس جنوری پر وارثین شہداء کے استقامت نے تمام پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مظلومین کو یکجا کیا جس کی وجہ سے پہلی بار پاکستانی قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم کر لیا ،شہداء کے لہو اور وارثین شہداء کی استقامت کے بدولت وطن عزیز کی پالیسیاں خطے میں تبدیل ہونے لگی اور وطن عزیز کے حالات بہتری کی طرف گامزن ہونے لگی،شہداء کے گرم لہو نے تمام مردہ ضمیروں اور خوابیدہ انسانوں کو بھی بیدار کیا لہذا ً یہ دن استقامت و یکجہتی کیساتھ ساتھ بیداری کا بھی دن ہے ۔ آج ہی کے دن شیعہ و سنی پاکستانی عوام نے اخوت و برادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تفرقہ پھیلانے والے عناصر کی تمام سازشوں کا قلعہ قمع کیا ،جو مومنین کوئٹہ اور ہزارہ قوم کا ایک بہت بڑا کارنامہ اور افتخار ہے لہذاً اس دن کو کوئٹہ کے شیعہ ہزارہ قوم بھر پور انداز سے منائیگی ،اور ہر پیر و جوان ،مرد وزن ایک بڑی تعدا د میں شرکت کر کے اپنے بھر پور یکجہتی کا اظہار کرینگے ،اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے تمام کارکنان یونٹ بالخصوص خواتین ونگ کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ بھر پور رابطہ مہم کا آغاز کرکے جلسہ عام کی تیاری کریں اور قوم کے فرد فرد کو اس عظیم الشان جلسے عام کی تاریخ اور وقت سے مطلع کریں۔
وحدت نیوز (لاہور) مخصوص مکتب فکر اور مخصوص مائنڈ سیٹ کے مدرسے سے فارغ تحصیل مولوی حفیظ الرحمان وزیراعلی گلگت بلتستان ہمارے پرامن خطے میں اپنی سوچ کے ذریعے علاقے کی امن کو تباہ کرنے سے باز رہے،،ن لیگ پاکستان میں سب سے بڑی را کی ا سپانسر اور ایجنٹ جماعت ہے،وزیراعلی گلگت بلتستان راء کے اہکاروں اور ایجنٹوں کو گلگت بلتستان میں نہیں شریف برادران کے شوگر ملوں میں ڈھونڈیں،گلگت بلتستان میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش کے لئے وزیر اعلی کو راء ہی نے اشارہ دیا ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مبارک موسوی نے وزیراعلی گلگت بلتستان مولوی حفیظ الرحمان کے فرقہ ورانہ بیان پر درعمل کا اظہار کرتے ہو صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عاقبت نااندیش وزیراعلی خطے کی سکیورٹی اور وحدت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہو چکا ہے،قومی سلامتی کے اداروں اور اعلی عدلیہ کو اس افسوناک بیان پر نوٹس لینا چاہیئے،ہم وزیراعلی مولوی حفیظ کے بیان کو واپس لینے اور قوم سے معافی مانگنے تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت دہشت گردوں اور کرپٹ عناصر کی ہمیشہ راہ ہموار کرتی آئی ہے۔ شریف برادران کی سعودی عرب روانگی کے مقاصد بالکل واضح ہیں۔ نواز شریف پاکستانی سیاست سے مکمل طور پر آؤٹ ہو چکے ہیں ۔سعودی حکومت کی طرف سے ’’مخصوص شرائط‘‘ پر انہیں سیاسی میدان میں سہارا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جو ارض پاک کی سالمیت و بقا کے لیے شدید ترین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان کے اندر ہی ہونے چاہیے،۔ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ عوام ایسے عناصر کو مسترد کریں جن پر قومی خزانے کی لوٹ مار ثابت ہو چکی ہے۔پاکستان کے داخلی معاملات میں کسی بھی ملک کو مداخلت کی اجازت نہ دی جائے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کے وجود کی دشمن ہیں۔ان طاقتوں کے ساتھ اگر سخت لہجہ اختیار نہ کیا گیا تو یہ پھر ارض پاک ایسی مشکلات میں پھنس سکتا ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہو گا۔ پاکستان کو اپنے فیصلے عالمی حالات کے تناظر میں کرنے کی ضرورت ہے۔بیرونی مداخلت نے اس ملک کوماضی میں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا ہے۔ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا اور قومی نوعیت کے فیصلوں میں ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھنا ہو گا۔