The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کیلئے آواز اٹھائی، معدنیات اور گرین ٹوور ازم پر تحفظات کا اظہار، ایف سی میں حصہ، جی بی کونسل اجلاس کا نہ بلایا جانا، سکردو میں پانی بجلی کے مسائل اور روڈز کے فنڈز بحال کرنے جیسے مطالبات پیش کیے۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی، انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بنتے ہوئے اہم قومی مطالبات پیش کیے۔ انہوں نے پوائنٹ آف آرڈر پر خطاب کرتے ہوئے سکردو میں جاری بدترین بجلی لوڈ شیڈنگ کا معاملہ اٹھایا اور وفاقی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

انجینئر حمید حسین طوری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پہلے ہی بنیادی آئینی و سیاسی حقوق سے محروم ہیں، ایسے میں بجلی اور دیگر سہولیات سے محرومی ظلم ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی توجہ دلائی کہ گلگت بلتستان کونسل، جس کا سربراہ وزیر اعظم پاکستان ہوتا ہے، گزشتہ تین سال سے ایک بھی اجلاس نہیں بلا سکی، جو جی بی کے عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی اور مجرمانہ غفلت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس بلائے، بجلی بحران کا خاتمہ کرے اور علاقے کے عوام کے آئینی و سیاسی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام میں پھیلتی ہوئی بےچینی اور بداعتمادی کا خاتمہ ہو۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین مرکزی سیکرٹری سیاسیات جناب سید اسد عباس نقوی نے مرکزی پولیٹیکل کونسل کے معزز اراکین کے اسماء گرامی کا باقاعدہ اعلان فرمایا۔ 8 رکنی کونسل کے اراکین کے نام درج ذیل ہیں:

1۔ علامہ حسن ظفر نقوی (مرکزی جنرل سیکریٹری )2۔ انجینئر حمید حسین (ممبرقومی اسمبلی )3۔ اسد عباس نمبردار(ممبر پنجاب اسمبلی)4۔ مزمل حسین فصیح (تحصیل میئرپاراچنار )5۔ میثم کاظم (اپوزیشن لیڈرجی بی اسمبلی )6۔ آغا سید محمد رضا (سابق وزیر قانون بلوچستان )7۔ سید محسن شہریار (بطور سیکرٹری روابط)8۔ سید عارف رضا زیدی

اس پُرمعنویت موقع پر جناب اسد عباس نقوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نہایت امید و یقین کے ساتھ کہا کہ پولیٹیکل کونسل کے یہ باصلاحیت اراکین اپنی خداداد فکری و عملی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملتِ مظلوم کی مشکلات کا مداوا کرنے اور اس کے زخموں پر مرہم رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ کونسل پاکستان کو ایک اسلامی نظریاتی ریاست کے سانچے میں ڈھالنے، نیز اسے ترقی و استحکام کی راہوں پر گامزن کرنے کے مقدس مشن میں ایک مجاہدانہ و بیدار کردار ادا کرے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما، رکن شوری عالی سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ ہدیہ الھادی کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوئے ۔اے پی سی کا عنوان پاک بھارت جنگ کے تناظر میں ہندوستان کو پیغام تھا ۔کانفرنس میں ملکی سطح کی اکثر سیاسی و مذہبی جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگرچہ یہ بہت اہم فتح ہے لیکن اس جنگ سے حاصل شدہ کچھ سبق بہت اہم ہیں۔ہمیں دشمن شناسی کی ضرورت ہے۔صرف اسرائیل اور ہندوستان کا گٹھ جوڑ نہیں بلکہ امریکی سرپرستی کے ساتھ یہ جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی ۔امریکی ثالثی محض ہندوستان کو پاکستان کے شیر جوانوں کے غیض و غضب سے بچانے کے لئے تھی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دارالحکومت پر حملہ ہوا ہے اور اس کو جواب ابھی باقی ہے ۔انہوں نے ایران، چین  کے دوستانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے بہترین علاقائی تعاون پر زور دیا ۔

انہوں نے عالم اسلام کی ٹرمپ کے ہاتھوں شرمناک اطاعت پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اس کہ ذمہ داری اسی نظریہ پر عمل سے مربوط ہے ۔انہوں نے منتظمین کو شاندار وحدت کے اس مظاہرے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے قوم ،وطن اور مسلح افواج کے ایک پیج پر ہو کر دشمن کے مقابلہ کہ ضرورت پر زور دیا  ۔

انہوں نے آئین پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عمل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔۔کانفرنس میں جماعت اسلامی سے لیاقت بلوچ، سابق امیر سراج الحق، پیپلزپارٹی سے قمر زمان کائرہ، تحریک انصاف سے پیر نور الحق قادری، تحریک اسلامی سے علامہ عارف حسین واحدی، اہلحدیث سے علامہ روپڑی ،متحدہ جمعیت اہلحدیث سے اسامہ ضیا بخاری  سمیت دیگر جماعتوں کے درجنوں راہنما شریک تھے۔آخر میں سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں اپنے حلقے کے مسائل پر سوالات کیئے، جس میں لوگوں کے پاسپورٹس کی وقت پر تجدید نہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی افراد کو پاکستان ڈی پورٹ کیئے جانے جیسے مسائل پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

جس پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاسپورٹس کی تجدید کے مسئلے کو متعلقہ ادارے کے ذریعے فوری حل کرنے کی حامی بھرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ڈی پورٹ کیئے جانے والے افراد میں سے کسی کے ساتھ بیرون ملک ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

وحدت نیوز (گلگت) گلگت یوتھ موومنٹ کے ایک نمائندہ وفد نے آج صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان میں اپوزیشن لیڈر جناب میثم کاظم سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی تازہ ترین سیاسی و سماجی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خصوصاً لینڈ ریفارم ایکٹ، منرل ایکٹ اور عوامی ایکشن کمیٹی کے راہنما احسان ایڈوکیٹ کی گرفتاری و رہائی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے ان قوانین کے ممکنہ اثرات اور عوامی تشویش سے اپوزیشن لیڈر کو آگاہ کیا۔

گلگت یوتھ موومنٹ نے جناب میثم کاظم صاحب کی جانب سے ایوان کے اندر اور باہر عوامی مسائل پر جرأتمندانہ مؤقف اپنانے پر ان کی سیاسی بصیرت، عوامی احساس اور استقامت کو سراہا۔

یوتھ موومنٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی عوامی حقوق، قانون کی بالادستی اور آئینی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ایک دن وہ لمحہ ضرور آئے گا جب دنیا ظلم کے اندھیروں سے نکل کر انصاف کی روشنی میں نہائے گی۔ ہم ظالم صہیونی حکومت کے ظلم و بربریت کو پاش پاش ہوتا دیکھیں گے اور مظلوم فلسطین کو فتح و آزادی کی روشن صبح نصیب ہوگی۔ یہ صرف ایک سیاسی جدوجہد نہیں، بلکہ حق و باطل کی جنگ ہے، جس میں آخرکار فتح حق کی ہی ہوگی۔

وہ دن ضرور طلوع ہوگا جب الاقصیٰ کی آزاد فضا میں اذان کی صدائیں گونجیں گی، بچوں کی مسکراہٹیں خوف پر غالب آئیں گی، اور دنیا دیکھے گی کہ جو قوم صبر، قربانی اور ایمان کے راستے پر قائم رہتی ہے، اسے خدا کی مدد ضرور نصیب ہوتی ہے۔ فلسطین آزاد ہوگا، کیونکہ یہ وعدہ صرف انسانوں کا نہیں، رب کا وعدہ ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر انجینئرحمید حسین اور ضلع خیبر سے منتخب ایم این اے محمد اقبال آ فریدی نے آ ج قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران قبائلی علاقوں میں بد امنی اور شاہراہوں کی بندش کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا ۔

انھوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میںسپیکرڈیسک کے سامنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قبائلی اضلاع میں شاہراہوں کے کھلنے اور عوام کے خلاف دھشتگردوں اور ریاستی اداروں کی جانب سے  کیے جانے والے مظالم کی نشاندھی کی گئی تھی ۔ قبائلی اضلاع سے منتخب دیگر اراکین پارلیمنٹ نے بھی انکی مطالبات کے حق میں آواز اٹھائی ۔

واضح رہے کہ ضلع کرم میں گزشتہ آٹھ ماہ سے شاہراہ عوام کے آمد و رفت کے لیے بند ھیں جبکہ ضلع خیبر میں وادی تیراہ اور دیگر علاقوں میں دھشتگردوں کے خلاف کاروائیوں سے وھاں کے مقامی آ بادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ، مسعود الرحمان، محبوب ولی اور شبیر مایار کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ اقدام نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے جائز آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔‏حکومت گلگت بلتستان آئے روز جبر و استبداد کے ذریعے عوام کی نمائندہ آوازوں کو دبانا چاہتی ہے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ جب جب ظالم نے زبان بندی کی کوشش کی، تحریکیں اور بھی مضبوط ہوئیں۔

ہم حکومت کو واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوامی نمائندوں کی گرفتاریوں اور غیر آئینی ہتھکنڈے عوام کے جذبے کو دبا نہیں سکتے۔‏میں عوامی ایکشن کمیٹی کی پرامن جدوجہد اور اس کے رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے بے باک آواز بلند کی اور ریاستی جبر کے آگے سر نہیں جھکایا۔ یہ گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک حق اور سچ پر مبنی ہے، اور یہی سچ ظالم حکمرانوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔‏میں مطالبہ کرتا ہوں کہ گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے اور عوام کے آئینی و بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے۔ بصورت دیگر عوامی مزاحمت کی لہر اب ناقابلِ روک تھام ہوگی۔

وحدت نیوز(لاہور)تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام، ممتاز وکلا، انجمن تاجران اور مختلف سماجی و مذہبی انجمنوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد نے آج جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل لاہور مہران موحد، اور خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان پر موجودہ نازک حالات کے دوران ایران کی جانب سے بھرپور سفارتی اور اخلاقی حمایت پر اظہار تشکر کرنا تھا۔ وفد نے خاص طور پر ایرانی حکومت کے سینئر نمائندے جناب ڈاکٹر عراقچی کو فی الفور پاکستان بھیجنے اور مکمل تعاون کی پیشکش کرنے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی تعلقات، مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ عوامی و مذہبی روابط بھی دونوں ممالک کے درمیان گہرے رشتے کا ثبوت ہیں۔ ایرانی حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ علی اکبر کاظمی، مرکزی کوارڈینیٹر خطبا ذاکرین ونگ علامہ حسن رضا ہمدانی، مذہبی سیاسی رہنما امیر عباس مرزا، پیر عثمان نوری، علامہ وقارالحسنین نقوی، ظہیر کربلائی، سید وجاہت نقوی و دیگر بھی وفد میں شامل تھے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل سعود کی جانب سے امریکی صدر کا شاندار استقبال مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ پچاس ہزار مظلوم فلسطینیوں کے قاتل مجرم کو شاہانہ پروٹوکول دینا امت مسلمہ کے خون سے غداری ہے۔ اپنے بیان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے حالیہ دورۂ سعودی عرب کے دوران جس انداز سے ان کا استقبال کیا گیا، وہ مظلوم فلسطینی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ پوری دنیا کے باشعور مسلمانوں اور بالخصوص فلسطینی مظلوم عوام کی نظر میں امریکہ اور اس کے صدر ٹرمپ نہ صرف شریکِ جرم ہیں بلکہ ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث رہے ہیں۔ ایسے قاتل مجرم کو شاہانہ پروٹوکول دینا امت مسلمہ کے جذبات سے کھلا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ عرب حکمران غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے خوراک، پانی اور علاج کی فراہمی میں تساہل برتتے ہیں، مگر امریکی صدر کو اربوں ڈالر بھتہ دینے کے لئے تیار ہیں۔ آل سعود کی یہ پالیسی امت کے دلوں کو زخمی کرنے والی ہے۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ شام کے نام نہاد صدر نے بھی سعودی عرب میں "شیطان بزرگ" امریکہ کی خدمت میں حاضری دے کر ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ شام کی نام نہاد تبدیلی دراصل شیطان بزرگ امریکہ اور اسرائیل کا مشترکہ منصوبہ تھا، جس میں ترکی اور سعودی عرب نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے سعودی عرب سمیت مسلم ممالک پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں باشعور اور غیرت مند عوام لاکھوں کی تعداد میں غاصب اسرائیل کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں، اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو رد کر رہے ہیں، اس وقت سعودی عرب، بن سلمان، قطر، متحدہ عرب امارات اور دیگر عرب حکمرانوں کی جانب سے غاصب اسرائیل کی بلاواسطہ یا بالواسطہ حمایت انتہائی شرمناک اور قابل نفرت عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم حکمران اسرائیل سے ہر قسم کے روابط منقطع کریں، فلسطینی عوام کی عملی مدد کریں۔ غزہ کے مظلوم عوام پر بمباری کو رکوائیں۔ اور امریکہ و اسرائیل کی گود میں بیٹھنے کے بجائے مظلومین کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

Page 10 of 1565

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree