The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے زیر اہتمام "تہذیب و ثقافت کو درپیش چیلنجز" کے عنوان سے ایک اہم فکری و سماجی کانفرنس غدیر سروسز ہال میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی، سماجی، تعلیمی، اور طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد مقامی و قومی ثقافتی شناخت، اخلاقی اقدار اور معاشرتی نظام کو لاحق خطرات پر گفتگو اور شعور اجاگر کرنا تھا۔
مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ آج نسل نو کو مغربی تہذیب کے فکری یلغار کے ذریعے اپنی اصل شناخت سے دور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے حجابی، فحاشی، مخلوط محفلیں، شراب نوشی اور اخلاقی حدود کی پامالی ہماری اسلامی و علاقائی اقدار کے خلاف ہے، جو نوجوان نسل کی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے سرکاری سرپرستی میں ایسی تقریبات کے انعقاد پر تشویش کا اظہار کیا جو اسلامی اور مشرقی اقدار کے منافی ہیں۔
دیگر مقررین میں ایم ڈبلیو ایم کے نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری، صوبائی رہنما یونس علی، سرپرست اتحاد انجمن تاجران طاہر نظری، بی این پی کے رہنما نسیم جاوید ہزارہ، سماجی کارکن سید رضا ، سید الشہداء کے رہنما عصمت گلزاری، سماجی کارکن مبارک علی ہزارہ، مسول تحریک بیداری امت علی حیدر، رہنما ہزارہ جرگہ حاجی محمد اعجاز، آئی ایس او بلوچستان کے رہنما محمد ظاہر، سماجی کارکن آغائی عبدل علی اصغری، پیپلزپارٹی کوئٹہ کے رہنما برادر نجیب، ڈاکٹر محمد حسین حسینی، سماجی کارکن نعمت مظہر، سماجی کارکن برادر اسد علی نے معاشرتی بگاڑ کے اسباب اور اس کے تدارک پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں، والدین اور میڈیا کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے نسل نو کی اسلامی اخلاقیات پر تربیت کو ترجیح دینا ہوگی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایشورنس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے شرکت کی اور مختلف قومی و عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے حلقہ ضلع کرم کے سنگین مسائل کمیٹی کے سامنے پیش کیے۔
انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ قومی اسمبلی کے فلور پر بارہا ٹل پارا چنار روڈ کو محفوظ بنا کر عوام کے لیے بحال کرنے کے حوالے سے قراردادیں پیش کیں، پوائنٹ آف آرڈر پر آواز بلند کی اور حتیٰ کہ احتجاج بھی ریکارڈ کروایا، تاہم بدقسمتی سے حکومت نے اب تک اس حوالے سے کسی بھی عملی اقدام کا مظاہرہ نہیں کیا، مسلسل سیکیورٹی خدشات، ناکوں اور بندشوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے علاقے میں بے چینی اور احساس محرومی جنم لے رہی ہے، یہ مسئلہ محض ایک سڑک کا نہیں بلکہ ہزاروں شہریوں کے بنیادی حقِ آمد و رفت اور معاشی زندگی کا ہے۔
انجینئر حمید حسین طوری نے اپنے مزید مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس میں ضلع کرم پارا چنار کے افراد کا بیرون ممالک سے ڈی پورٹ کیا جانا، بیرون ملک واپسی کے منتظر افراد کے پاسپورٹس کی متعلقہ محکمے کی جانب سے تجدید میں تاخیر کرنے جیسے اہم نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ بھیجنے والے افراد ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس شعبہ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات اشد ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں جی بی کونسل کے سال میں دو اجلاس بلانا آئینی تقاضا ہے لیکن تین سال سے کوئی اجلاس نہیں ہوا، لہذا اجلاس بلا کر مقامی افراد میں لینڈ ریفارمز بل کے حوالے سے پیدا ہونے والی بے چینی کو بروقت ایڈریس کیا جائے اور ساتھ ہی کے پی کے میں انٹر میڈیٹ کلاسز کا ایک سالانہ امتحانی پرچہ منسوخ ہوا تھا اس کا بھی جلد پیپر لیا جائے تاکہ طلباء کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،کمیٹی نے ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری کی گزارشات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ ٹل پارا چنار روڈ کو فوری طور پر محفوظ بنا کر کھولنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، آخر میں انجینئر حمید حسین نے کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بار حکومت سنجیدہ عملی اقدامات کرے گی تاکہ ضلع کرم کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ نے دیگر مرکزی شعبہ جات کی طرح اپنی مرکزی کونسل کی تشکیل نو کا ابتدائی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس اہم تنظیمی اقدام کی سربراہی مرکزی سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کی، جنہوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران مختلف علمی، فکری، اور عالمی امور سے وابستہ باصلاحیت افراد سے مشاورت کی کونسل کے نئے اراکین کا اعلان کیا۔
یہ پیش رفت نہ صرف شعبہ امور خارجہ کی فعالیت کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، بلکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے عالمی ویژن کو بھی مزید مؤثر اور مربوط انداز میں آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی۔ اس کونسل کی تشکیل کا مقصد عالمی سطح پر ایم ڈبلیو ایم کے روابط ، اغراض ومقاصد کا تعارف ، قومی وملی خدمات ، ملکی و بین الاقوامی سطح پر مثبت کردار ، وحدتِ امت، اور پارٹی کی قیادت کے ویژن کو عالمی منظرنامے پر اجاگر کرنا ہے۔
مرکزی کونسل شعبہ امور خارجہ کے اراکین کے نام درج ذیل ہیں:
1. مولانا ضیغم عباس – ڈپٹی سیکرٹری امور خارجہ (بحیثیتِ عہدہ رکن مرکزی کونسل)
2. سید محسن شہریار زیدی – رکن مرکزی کونسل و معاون برائے امور یورپ و امریکہ
3. سید شہباز حسین شیرازی – رکن مرکزی کونسل و معاون برائے امور خلیج
4. مولانا محمد عادل مہدوی – رکن مرکزی کونسل و معاون برائے امور تبلیغ
5. سید ابن حسن بخاری – رکن مرکزی کونسل ومعاون برائے فکری و نظریاتی وعلمی مشاورت
6. مولانا نذر حسین حافی – رکن مرکزی کونسل ومعاون برائے امور ذرائع ابلاغ و میڈیا
مرکزی سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اس موقع پر کہا کہ:
"شعبہ امور خارجہ کا کردار تنظیم کے بین الاقوامی مؤقف، نظریاتی تشخص، اور عالمی تشیع کے دفاع میں کلیدی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نو منتخب اراکین اپنی علمی، فکری اور تنظیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس میدان میں قابلِ قدر خدمات انجام دیں گے۔"
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ان تمام منتخب اراکین کو خوش آمدید کہتی ہے اور دعا گو ہے کہ خداوند متعال انہیں اپنی توفیقاتِ مزیدہ سے نوازے، تاکہ وہ عالمی سطح پر مظلومین کی حمایت اور ملتِ تشیع کے وقار کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وحدت نیوز(سکردو)تکریم و شہدا و حمایت مظلومین جہاں کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک عظیم الشان کارنر میٹنگ کا انعقاد گمبہ سکردو میں ہوا۔ اجلاس میں صدر ایم ڈبلیو ایم جی بی مجاہد ملت آغا علی رضوی، اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم ،صدر مکتب علمائے اہلبیت شیخ علی محمد کریمی، رہنما ایم ڈبلیو ایم جی بی رہنما ابراہیم آزاد،
رہنما ایم ڈبلیو ایم مولانا عباس امیری کے علاوہ گمبہ سکردو، شگری کلاں، تندل، چنداہ،کھربو،تنجوس، رنگاہ، رزسنا، کواردو، کچورا اور دیگر علاقوں کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔کارنر میٹنگ میں کانفرنس کی تیاریوں کے جائزہ کے علاوہ گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر آغا علی رضوی نے خطاب میں کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد اخلاقی اور دینی اہداف کا حصول، خدمت انسانی، مظلومین کی حمایت اور باعزت زندگی کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔ وہ راستہ جو شہداء چھوڑ گئے تھے ان کو زندہ رکھنا اور معاشرتی ارتقاء و تکامل ہے۔ یہ کانفرنس بھی مظلومین کے لیے نوید ثابت ہوگی۔
وحدت نیوز(سکردو)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اساتذہ کو بھی سڑکوں پر آنے کی نوبت آنا انتہائی افسوسناک اور حکومتی بے حسی کی انتہا ہے۔ ہم مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اساتذہ کو تنہا کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ اساتذہ کسی بھی معاشرہ کا جہت نما اور عہد ساز کردار ہوتے ہیں۔ ان کو مطالبات کے علاوہ خصوصی مراعات ملنی چاہیے لیکن اساتذہ کے کردار اور اہمیت کو وہ طبقہ کہاں درک کرسکتا ہے جن کا کبھی لینا دینا تعلیم و تعلم کے ساتھ نہ رہا ہو۔ اساتذہ کو کلاسز بند کرکے احتجاج اور دھرنے تک جانے دینا حکمرانوں کی بے حسی اور شرمناک عمل ہے۔ بونوں کے معاشرہ میں اساتذہ کے ساتھ یہی سلوک ہوتا ہے کہ ان کو انکے حق کے لیے دھرنا دینا پڑتا ہے۔ پروموشن ہو الاونسز ہو یا دیگر ایشوز ان سب کو حل کیا جاسکتا ہے، رکاوٹوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی طبقے کو متاثر کیے بنا مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے اگر حکومت سنجیدہ ہو۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ کو فوری انگیج کرکے ان کے مطالبات کا حل نکالیں اور تعلیم و تعلم کا سلسلہ جاری رہنے دیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اساتذہ کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے ورنہ ہزاروں اساتذہ سڑکوں پر آئے تو حکومت کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
وحدت نیوز(سکردو) یکم جون کو منعقدہ عظمت شھداء کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی کردار سازی کونسل کے رکن شیخ محمد جان حیدری نے کہا کہ اس سال یادگار شھداء کا اجتماع تاریخ ساز ہوگا شھید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شھادت کا سال پوری ملت اسلامیہ کے لئے بیداری کا سال ہے کیونکہ کربلا انسان کو بیدار کرتی ہے عصر حاضر کے کربلا کا حقیقی سپہ سالار شھید مقاومت ہیں۔
انشاء اللہ یکم جون کے عظیم اجتماع کے ذریعے ہم عالم اسلام ملت پاکستان اور خطہ گلگت بلتستان کو درپیش چلیجز کا مقابلہ کرینگے۔اور دشمنوں کو یہ پیغام دینگے کہ راھیان کربلا کا قافلہ اپنی تابناک ماضی کیساتھ روشن مستقبل کی طرف روا دواں ہے۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی صدر، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے وفد کے ہمراہ یونین کونسل گاگن چکری کا دورہ کیا۔
یہ دورہ گاگن کے مومنین کرام کی دعوت پر کیا گیا، جہاں صوبائی صدر نے مقامی افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گاگن کے مومنین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی نے یونین کونسل گاگن میں مجلس وحدت مسلمین کا باقاعدہ یونٹ قائم کرتے ہوئے ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی۔
صوبائی صدر نے نو منتخب یونٹ کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر ضلعی کابینہ راولپنڈی کے اراکین اور ڈھوک اڈرانہ کے مسئولین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کے اختتام پر سید یاور کاظمی کو وحدت یوتھ کا مرکزی صدر منتخب کر لیا گیا، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید یاور کاظمی کو مرکزی صدر منتخب کرنے کا اعلان کیا اور اُن سے حلف لیا، یہ انتخاب باقاعدہ ووٹنگ اور اکثریتِ رائے سے عمل میں لایا گیا، جس میں ملک بھر کے وحدت یوتھ پاکستان کے ذمہ داران نے حصہ لیا،
نومنتخب صدر سید یاور کاظمی کا کہنا تھا کہ یہ منصب میرے لیے امانت ہے، قوم و ملت کی خدمت، نوجوانوں کی تربیت اور وحدت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، کسی بھی قوم اور ملک کی ترقی میں جوانوں کا کردار کلیدی ہوتا ہے، وحدت یوتھ کے جوانوں کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ امام وقت کی سرپرستی میں قائم ہونے والی عالمی الہی حکومت کی زمینہ سازی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے مورو، نوشہرو فیروز اور دیگر علاقوں میں ہونے والے ریاستی جبر اور پولیس گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے جائز آئینی و انسانی حقوق کے لئے پرامن احتجاج کرنا سندھ کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ جسے دبانے کے لیے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت جبر، گولی اور لاٹھی کا استعمال کر رہی ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بدقسمتی سے فارم 47 کے سائے میں بننے والی یہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی حمایت سے محروم ہیں اور ہر سطح پر عوام کی آواز سے خوفزدہ ہو کر ریاستی تشدد اور ماورائے آئین اقدامات کا سہارا لے رہی ہیں۔ مورو میں پولیس فائرنگ کے نتیجے میں دو نہتے مظاہرین کی شہادت، جنازوں کی بے حرمتی اور زخمیوں کو طبی امداد سے محروم رکھنا غیر انسانی اور قابل مذمت عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے مظلوم عوام کی پرامن جدوجہد کو جان بوجھ کر پرتشدد بنانے کی سازش کی گئی، اور اس کا مکمل ذمہ دار پیپلز پارٹی کا جابرانہ طرز حکومت ہے، جو سندھ کے وسائل پر قابض مگر سندھ کے عوام کے مسائل سے غافل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مورو میں پانی کے مسئلے پر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے براہ راست فائرنگ کی، جس سے دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ ایک زخمی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل خیرپور میں ببرلوء بائی پاس پر وکلاء اور قوم پرست جماعتوں کے پرامن دھرنے کو بھی پرتشدد بنانے کی ناکام سازش کی گئی۔ جب ببرلوء دھرنے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی، جس سے تین افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح جامشورو میں طلبہ کے احتجاج پر پولیس نے لاٹھی چارج، آنسو گیس اور گرفتاریوں کا سہارا لیا تھا، جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے پانی کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے اور انڈس دریا پر جاری متنازعہ نہری منصوبے فوراً منسوخ کیے جائیں۔ پرامن مظاہرین پر فائرنگ اور پولیس تشدد کی جوڈیشل انکوائری کی جائے، اور ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہداء کے لواحقین کو انصاف دیا جائے اور جنازوں کو روکنے جیسی غیر شرعی و غیر انسانی حرکتوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری تدفین کی اجازت دی جائے۔ سندھ حکومت جبر و تشدد کا راستہ ترک کرے اور عوامی مسائل کو بات چیت و افہام و تفہیم سے حل کرے۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے 1991ء کے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سندھ کے عوام کو ان کا آئینی حق دیا جائے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے آخر میں کہا کہ ہم سندھ کے حقوق کی جدوجہد میں مظلوم عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر مظالم کا سلسلہ بند نہ ہوا تو سندھ کے بہادر عوام نئی احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مدرسہ علمیہ خاتم النبیین کوئٹہ میں طلباء میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ہونہار طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب میں علم و بصیرت سے بھرپور خطابات اور دینی مدارس کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ تقریب کے مہمانان خصوصی میں رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالصمد گورگیج، سید اظہر حسین شاہ (ایس ایس پی)، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر عیوض علی ہزارہ، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ایم ڈبلیو ایم ضلع کوئٹہ کے نائب صدر آغا سید ضیاء تحریک جوانان کے صوبائی رہنماء محمد محرم خان ڈومکی اور ایس ایس پی (ریٹائرڈ) عبدالفتاح بگٹی شامل تھے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم نے تعلیم کو غیر معمولی اہمیت دی ہے۔ پہلی وحی کا آغاز 'اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ' سے ہوا، یعنی 'پڑھ! اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا۔' سورۃ القلم میں اللہ تعالیٰ قلم اور تحریر کی قسم کھاتا ہے۔ تعلیم انسان کی فکری، اخلاقی اور روحانی ترقی کی بنیاد ہے۔ دینی مدارس اور حوزات علمیہ نے تاریخ اسلام میں مکتب اہل بیت علیہ السلام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
علامہ ڈومکی نے مزید کہا کہ ہم مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے ان طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، جنہوں نے تعلیمی سفر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہ نوجوان ملت کا روشن مستقبل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے صمد گورگیج نے کہا کہ مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے طلباء کی تعلیمی قابلیت قابل تعریف ہے۔ میں اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھتا ہوں۔ پانی کی شدید قلت اور بجلی وولٹیج کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ اس موقع پر تقریب تقسیم انعامات سے علامہ سہیل اکبر شیرازی، سید اظہر حسین شاہ (ایس ایس پی)، پیپلز پارٹی کے رہنماء در محمد ہزارہ، مدرسہ کے استاد مولانا سید علی عمران نقوی اور دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا اور طلباء کی علمی و اخلاقی تربیت اور محلے کے مسائل پر گفتگو کی۔ تقریب میں والدین، اساتذہ، طلباء اور شہر کی معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ آخر میں کامیاب طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے عبدالصمد گورگیج اور عبدالفتاح بگٹی کو کتاب بلوچ تاریخ کا تحفہ پیش کیا۔