The Latest

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے ضلع غربی کی جانب سے ایران پر اسرائیلی دہشتگردانہ حملوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے خلاف جامع مسجد حیدری، اورنگی ٹاؤن نمبر 10 کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں کارکنان، اور تنظیمی ذمہ داران شریک ہوئے۔ مظاہرین نے "مردہ باد اسرائیل" اور "مردہ باد امریکہ" کے فلک شگاف نعرے لگا کر غاصب صیہونی ریاست اور اس کے سرپرست امریکہ کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

علامہ شیخ صادق جعفری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ کھلی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی بدترین خلاف ورزی ہے، امریکہ اور اسرائیل کا اتحاد عالم اسلام کے لیے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت اور عوام نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے مفادات کا دفاع کیا ہے اور ان پر حملہ دراصل پوری امت پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے دہشتگردانہ اقدامات کا نوٹس لے اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے فوری کردار ادا کرے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کھلی جارحیت، عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے، میں اس بزدلانہ اور مجرمانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، اسرائیل کی یہ حرکت نہ صرف ایران کے خلاف ہے بلکہ پوری امت مسلمہ کی غیرت، خودمختاری اور سلامتی کے خلاف اعلانِ جنگ کے مترادف ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اسرائیل جو مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی میں ملوث ہے، آج ایک اور آزاد اسلامی ملک پر حملہ آور ہو کر اپنے مکروہ عزائم کو بے نقاب کر چکا ہے، یہ حقیقت دنیا پر واضح ہو چکی ہے کہ اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کا زوال قریب آ چکا ہے اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ظالم اور جابر قوتیں صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایران کو اس جارحیت پر پورا حق حاصل ہے کہ وہ اس کا منہ توڑ، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دے، ایران کا دفاع درحقیقت امت مسلمہ کا دفاع ہے، پوری امت مسلمہ کو اس نازک گھڑی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیئے اور صہیونی جارحیت کے خلاف یک زبان، یک جان اور یکجہتی کے ساتھ میدان میں آنا ہوگا، دشمن کا دیرینہ منصوبہ یہی ہے کہ ہر مسلم ملک کو تنہا کرکے اسے آسان ہدف بنایا جائے اور اسے داخلی و خارجی سازشوں کا شکار کرکے کمزور کیا جائے، ایسے حالات میں مسلم حکمرانوں، دینی و فکری رہنماؤں اور رائے عامہ پر اثر رکھنے والے تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ دانشمندی، بصیرت اور جرأت کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کریں اور امت کے اتحاد و دفاع کے لیے عملی کردار ادا کریں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران پر ہونے والی کھلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، یہ حملہ صرف ایران کی خودمختاری پر نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے وقار، وحدت اور سلامتی پر حملہ ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد اسرائیل اور اس کا سرپرست امریکہ مشرق وسطیٰ کو بدامنی، تباہی اور جنگ کی آگ میں جھونکنے کے درپے ہیں، یہ ناپاک سازش صرف ایران نہیں، بلکہ ہر آزاد اور غیرت مند مسلم ملک کے خلاف ہے، ان شاءاللہ امتِ مسلمہ اب خاموش نہیں رہے گی۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم دنیا اسرائیل کی اس بزدلانہ جارحیت کا نوٹس لے اور فوری کارروائی کرے، اللہ کے دشمنوں سے دشمنی ایمان کا تقاضا ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) ایران پر اسرائیلی جارجیت کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملہ ایرانی سالمیت و خودمختاری کے خلاف اور عالمی جنگی جرائم ہے، امت مسلمہ اسرائیلی جارجیت کی مذمت اور ایران کا ساتھ دے، ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین سندھ کی جانب سے صوبے بھرمیںبعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد خوجا اثناء عشری کھاردر کے باہر کیا گیا جس میں مظاہرین نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں علامہ مبشر حسن اور ناصر الحسینی سمیت علماء و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکائے احتجاجی سے خطاب میں صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا وجود خطہ میں ناسور بنتا جارہا ہے، خطہ میں امریکی و صہیونی عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل و امریکہ کو خطہ میں شکست کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صہیونی جارحیت نے پورے خطے کے امن کو تباہ کر دیا ہے، امت مسلمہ کو داخلی و خارجی سازشوں کا شکار کرکے کمزور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک آج اگر ایران کا ساتھ نہیں دیں گے تو کل ان کی بھی بقاء کا مسئلہ بن جائے گا، ایران پر اسرائیل حملہ کھلی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطہ میں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں لاکھوں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل امریکہ و یورپی ممالک کی سرپرستی میں پورے خطہ میں دہشتگردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، لبنان، یمن، شام، عراق اور ایران پر صہیونی جارحیت تاحال جاری ہے، صہیونی جارحیت کے خلاف ایران کا دفاع امت مسلمہ کا دفاع ہے، پاکستانی عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی ایرانی عسکری قیادت و عوام سمیت حکومت ایران سے اظہار ہمدردی کرتے ہے اور دعاگو ہیں کہ خداوند ان کے درجات بلند فرمائے۔

وحدت نیوز(لاہور) ایران پر اسرائیلی جارحیت اور بربریت کیخلاف لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے باہمی اشتراک سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ لاہور میں غاصب اسرائیل کی ایران پر جارحیت اور بربریت کیخلاف نمازِجمعہ کے بعد شہریوں نے بھرپور مظاہرہ کیا اور امریکہ و اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اظہر عمران طاہر اور صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ ظہیر کربلائی نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں امامیہ اسٹوڈنٹس اور مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
 
مقررین نے کہا کہ شہادت ہمارے لئے سعادت ہے، ایران پر حملے میں ہونیوالی شہادتیں، انقلاب کو مزید مضبوط کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد اسرائیل کے خاتمے کا آغاز ہو چکا ہے، یہ حملہ ایران پر نہیں بلکہ اسرائیل نے اپنی بقاء پر حملہ کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ناجائز ریاست کو صفحہ ہستی سے حرفِ غلط کی طرح مٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے بعد پاکستان کی باری ہے، اگر پاکستان نے ایران کا ساتھ نہ دیا تو ہمارا نمبر فوراً آ جائے گا، اس لئے پاکستانی قیادت ایران کا ساتھ دے۔ مظاہرین نے سخت گرمی کی باوجود مظاہرے میں شرکت کی اور اسرائیلی بربریت کی مذمت کی۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر مہر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کے قیام میں پوری قوم سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، کسی شرپسند کو اجازت نہیں دیں گے وہ ماحول کو خراب کرے، محرم الحرام سے قبل تمام انتظامی ادارے جلوس روٹس، مجالس کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مکمل کریں ماضی کی طرح شہر کے امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں منعقدہ عزاداری ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر سخاوت علی سیال نے کہا کہ ملتان امن کا گہوارہ ہے اس کے امن کو کسی شرپسند کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے، اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کا پیغام امن اور محبت کا ہے، ہمیں محرم الحرام کے دوران اخوت، پیار اور امن کو فروغ دینا چاہیے، ہمیں اپنے اردگرد ایسے عناصر پر نظر رکھنی چاہیے جو اس موقع پر شرپسندی کا باعث بنیں۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ عون رضا انجم گوپانگ، محمد رضا جعفری، علی سبطین جعفری، سید غدیر عباس شیرازی، احسن مہدی، صفدر حسین خان، عامر عباس بھٹہ اور دیگر شریک تھے۔

وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے وفد نے لیہ میں گزشتہ دنوں لاہور بی بی پاکدامن سے واپسی پر حادثے کا شکار ہونے والی بس کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کی، شہداء اور زخمیوں کا تعلق ضلع لیہ کے نواحی علاقے بستی سرگانی سے تھا، عیدالاضحی کے موقع پر ملک بھر سے قافلے بی بی پاکدامن لاہور جاتے ہیں جہاں مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا میں شریک ہوتے ہیں، چار روز قبل لاہور سے واپسی پر بستی سرگانی کی ماتمی انجمن کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں پانچ افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

وفد میں سینیئر نائب صدر مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ صفدر حسین خان، ممبر ضلعی امن کمیٹی لیہ سید محمد ثقلین زیدی، مجلس علمائے مکتب اہلیبیت کے رہنما علامہ ذوالفقار علی حیدری، سابق ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ساجد حسین خان گشکوری، سابق ضلعی صدرایم ڈبلیو ایم لیہ جمیل حسین خان شامل تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی اور بلندی درجات کی دعا کی جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور صحت کاملہ کی دُعا کی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے جنوبی پنجاب کے لیے بنائی گئی ورکنگ کمیٹی میں توسیع کردی، جس کے بعد ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی تعداد 10 ہوگئی ہے، ورکنگ کمیٹی میں مولانا ساجد رضا اسدی(لیہ)، مولانا ثقلین نقوی(کوٹ ادو)، سید انعام حیدر زیدی(ڈیرہ غازیخان)، سید فرخ مہدی(ملتان)، صفدر حسین خان(لیہ)، ثقلین نقوی(ملتان)، احسان حیدر(بہاولپور)، محمد علی زیدی(رحیم یارخان) اور سید ندیم عباس کاظمی(ملتان) شامل ہیں۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی ورکنگ کمیٹی کا پہلا آن لائن اجلاس مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی، اراکین ورکنگ کمیٹی مولانا ساجد رضا اسدی، مولانا ثقلین نقوی، صفدر حسین خان، ثقلین نقوی، احسان حیدر، علی رضا زیدی اور سید ندیم عباس کاظمی نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضو ی نے کہا کہ تنظیمی فعالیت کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے یونٹس بنائے جا رہے ہیں، تاکہ کام میں آسانی پیدا ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تنظیم سازی کی مزید ضرورت ہے، جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں اور اضلاع میں ازسر نو تنظیم سازی شروع کی جائے، محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے مسائل حل کیے جائیں، اس موقع پر سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین جہاں کی آواز ہے، ہمیں مظلومین کی طاقت بننا ہے۔ صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی حسین علوی نے کہا کہ مرکز کی ہدایت پر بہت جلد تنظیم سازی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، تمام تحصیلوں اور اضلاع کو مضبوط بنائیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ اعداد و شمار کی ہیر پھیر کے سوا کچھ نہیں، ایسا لگتا بجٹ 2025-26ء عجلت میں بنایا گیا ہے بلکہ آئی ایم ایف کا دیا ہوا کاغذ لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا بجٹ اس کے عوام کی معاشی ترقی کا ضامن سمجھا جاتا ہے لیکن ہمارے ہاں بجٹ کا لفظ عوام کو پہنچائی جانے والی اذیت کا مترادف بن چکا ہے، موجودہ بجٹ میں مستقبل کی ملکی معاشی پالیسیوں کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا ہے، حکومتی اداروں کے اخراجات میں دگنا اضافہ ملکی عوام سے خیانت ہے، وفاقی بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبے کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے لیے بجٹ میں مختص کی جانے والی انتہائی کم رقم پاکستان کے مستقبل کے بارے حکومت کی غیر سنجیدگی اور عدم دلچسپی کا اظہار ہے، پاکستان ایک زرخیز ملک ہے لیکن زراعت کے میدان میں حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث بھرپور استفادہ کرنے سے قاصر رہے ہیں، حکومت کی ناکام تجارتی پالیسیوں اور وطن عزیز میں عدم استحکام کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور غیر ملکی قرضوں میں مذید اضافہ ہوا، موجودہ حکومت نئی صنعتوں کے قیام میں بُری طرح ناکام رہی، موجودہ حکومت کو ملکی معاشی استحکام سے زیادہ اپنے اقتدار کی فکر ہے، بجٹ میں عوامی ریلیف کے بجائے مذید ٹیکس کا بوج ڈال کر عوام بالخصوص تنخواہ دار طبقے کا معاشی قتل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ تنخواہ دار ملازمین سمیت عوام پر مشکلات کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں لوکل انڈسٹریز کو آگئے بڑھانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے، موجودہ بجٹ میں عوام پر لگائے جانے والے ٹیکسز اس امر کی دلیل ہیں کہ پاکستان پر مسلط حکمران پاکستانی عوام کے خیر خواہ نہیں ہیں، حکمرانوں کے غیر دانش مندانہ اور حکمت سے عاری فیصلے ان کی انتظامی نااہلی کی دلیل ہیں، نا اہل حکومت اپنا خسارہ پورے کرنے کے لئے عوام کا خون چوس کر ہی دم لے گی، موجودہ حکومتی بجٹ 2025-26ء کو مسترد کرتے ہیں۔

Page 3 of 1565

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree