The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے لاپتہ سماجی کارکنوں اور دیگر افرادکی تاحال عدم بازیابی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اس لاقانونیت کا از خود نوٹس لے۔ریاست کے ہر شہری کی جان و مال کاتحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔اگر کوئی شخص قومی مفاد کے منافی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہو تو اس کے خلاف طے شدہ ضابطے کے مطابق کاروائی ہونی چاہیے۔اس ملک میں جنگل کا قانون نافذ نہ کیا جائے۔سپریم کورٹ متعلقہ انتظامیہ کو عدالت میں طلب کریں لاپتہ افراد کا سراغ چند دنوں میں مل جائے گا۔

انہوں نے وزیر داخلہ کی طرف سے کالعدم جماعت کے سربراہ کو تمام الزامات سے بری الذمہ قرار دیے جانے کو نیشنل ایکشن پلان کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فقہی اختلافات اور چیز ہے اور اس اختلاف کی بنیاد پرکسی فرقہ پر تکفیر کا فتوی دینا الگ شے ہے۔وزیر داخلہ جس شخصیت کی وکالت کر رہے ہیں اس کے زیر قیادت اجتماعات میں نیشنل ایکشن پلان کی سرعام دھجیاں اڑائی جاتی ہے۔کافر کافر کے سرعام نعرے لگائے جاتے ہیں اور ان کے باقاعدہ عسکری ونگز ہونے کے باعث اس جماعت پر پابندی لگائی گئی۔حکومتی وزرا کی اس آشیرباد نے ان ملک دشمن عناصر کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو کسی بھی صورت تکفیری سٹیٹ نہیں بننے دیا جائے گاوزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے واضح احکامات کے باوجود متعلقہ اداروں کا پیش و پس اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ حکومتی وزرا کے احکامات اسٹیبلشمنٹ کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔نیپ کے نام پر غریب کرایہ داروں کے خلاف ایف آئی آریں کاٹی جا رہی ہیں جبکہ تکفیری فکر کا سرعام پرچار کرنے والوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے۔انہوں نے کہا ذمہ دار ادروں کا یہ غیر سنجیدہ پن قانون و انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل کرایا جائے تاکہ ملک میں امن قائم ہو سکے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات اور جلسوں تک ہی محدود دکھائی دے رہے ہیں۔سرکاری اداروں کا کوئی پُرسان حال ہیں۔ صحت،توانائی اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے تمام شعبے عوام کو سہولیات کی بجائے مشکلات سے دوچار کرنے میں مگن ہیں۔ملک کے بیشتر حصوں میں سوئی گیس کی عدم فراہمی ،طبی سہولتوں کے فقدان اور تعلیمی اداروں کی حالت زار نے عام عادمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پُر تعیش سفری سہولیات کا نام ترقی نہیں بلکہ عام آدمی کے معمولات زندگی کو بہتر بنایا جائے۔جہاں عوام بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے لگے۔مائیں بچوں کو زہر دے کر خود بھی ابدی نیند سو جائیں۔جہاں عصمت دری کی شکار خواتین کو انصاف نہ ملنے پر خودکشی کرنا پڑے۔جہاں دودھ کے نام پر مُردوں کو حنوط کرنے والے کیمیکل سے تیار شدہ محلول فروخت ہوتا ہو ۔جہاں عوام کو حلال کی بجائے حرام جانوروں کا گوشت فروخت کیا جائے وہاں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز لوگ لاپتا ہو رہے ہیں۔تحقیقاتی ادارے سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اس کاروائی میں خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں یا کوئی دوسرا گروہ ایسے غیر قانونی عمل سے عوام میں بے چینی پیدا کر رہا ہے۔ملک کے حالات سے ایسا لگتا ہے جیسے یہاں قانون وانصاف کی بجائے اختیارات کی حکمرانی ہے۔

انہوں نے کہا کرپٹ حکمران کا واحد ہدف اقتدار کو بچانا ہے۔انہیں ملک کی عوام سے کوئی غرض نہیں۔سیاسی اشرافیہ نے ’’لوٹو اور لوٹنے دو کی پالیسی ‘‘ کو شعار بنا رکھا ہے۔اہم قومی اداروں کے قلمدان نااہل افراد کو محض اس لیے سونپے جا رہے ہیں تاکہ میڈیا میں حکومت کا بھرپور دفاع ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اگر’’ ذاتی کاموں‘‘ سے فرصت ملے تو قومی امور پر بھی توجہ دے۔ سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔ پڑھے لکھے بے روزگار افراد کو باوقار روزگار فراہم کرنابھی ریاست کی ہی ذمہ داری ہے

وحدت نیوز (گلگت) دوران حراست نوید حسین قیدی کو اے ٹی کے جج جمشید جدون کاقاتل قرار دیکر پھانسی دینا سمجھ سے بالاتر ہے ۔نوید حسین کو وزیر اعظم پاکستان سے رحم کی اپیل کے حق سے محروم رکھ کر اڈیالہ جیل کے ذمہ داران جرم کے مرتکب ہوئے ہیں ،ظلم و ناانصافی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی گوہرنے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں یہ ایک انوکھی مثال رقم کی گئی کہ ایک قیدی جو قتل کے وقوعہ کے دوران جیل میں ہے اور پولیس تفتیش میں اس قیدی کو مجرم ٹھہرایا جاتا ہے جو پہلے سے ہی جیل میں ہے اور اس قتل میں شریک دوسرا کوئی ملزم بھی نہیں۔یہ کیسی عدالتیں ہیں جو ایک قیدی پر ایک ایسے قتل میں مجرم قراردیکر پھانسی کی سزا سنادیتے ہیں جبکہ وقوعہ کے دوران قاتل جیل میں ہوتا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں،میڈیا کے ذمہ داروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کیلئے یہ ایک چیلنج ہے کہ وہ اس ظلم و ناانصافی کے خلاف کس حد تک اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔سپریم کورٹ ایک عورت کو تھپڑ مارنے پر تو سوموٹو ایکشن لیتی ہے لیکن ایک بے گناہ انسان کو پھانسی دینے پر کوئی ایکشن نہیں لیتی  اور کیا ایسے جج کو انصاف کی کرسی پر بٹھانا انصاف اور قانون کا قتل نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ظلم و ناانصافی کے خلاف ہرسطح پر آواز بلند کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ گورننس آرڈر 2009 کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو وزیر اعظم سے اپیل کا حق دیا گیا ہے اور اس قانون کو اڈیالہ جیل کے حکام کے نوٹس میں لانے کے باوجود نوید حسین کو اس حق سے محروم رکھ کر مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں ۔جیل حکام کے اس مجرمانہ غفلت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے دہشت گردی اور مذہبی منافرت کے خلاف 15 جنوری کو حیدر آباد میں منعقد ہونے والی (آل پارٹیز کانفرنس)کیحوالے سے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئیر سید طیب حسین، پی ٹی آئی کے صوبائی نائب صدر ڈاکٹر مستنصر باللہ، عوامی جمہوری پارٹی کے مرکزی صدر ابرار قاضی، کمیونسٹ پارٹی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری امداد قاضی، اہل سنت رہنماء علامہ ڈاکٹر مسعود جمال، ٹاؤن چیئرمین میر فاروق خان ڈومکی، سابق ڈپٹی سپیکر اور سندہ یونائٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ سے ملاقات کی، اور انہیں اے پی سی کی دعوت دی۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں، مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان دیکھنا چاہتی ہیں، جبکہ تکفیری دہشت گرد، سامراجی قوتوں کے آلہ کار بن کر بے گناہ مسلمانوں کا ناحق خون بہا رہے ہیں۔ داعشی دھشت گردوں کی تشکیل اور سرپرستی شیطان بزرگ امریکہ کے ہاتھوں ہوئی ہے اب یہ بات راز نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے وطن عزیز پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، دہشت گردوں کے ہاتھوں اب تک اسی ہزار پاکستانی شہری شہید ہوچکے، مجلس وحدت مسلمین نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ ملک گیر دھرنوں سے لے کر وارثان شہدائے شکارپور کے ہمراہ تاریخی لانگ مارچ ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف پرامن جدوجہد کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ہم ملک کی تمام امن پسند قوتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمارا ساتھ دیجئے۔فوجی عدالتوں کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں ملا۔ ہزاروں شہداء کے وارث آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ر راحیل شریف کو فرقہ واریت پر مبنی متنازعہ فوجی اتحاد کی ذمہ داری قبول نہیں کرنی چاہئے، پاک فوج کے سابق سربراہ کی حیثیت سے ان کے اس فیصلے سے کروڑوں لوگوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے سینٹ کو دی جانے والی بریفنگ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار روز قبل وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ایسی تقرری سے قبل حکومت اور جی ایچ کیو سے اجازت لی جاتی ہے ۔ جس کی باضابطہ کلیرنس دی گئی ہے اور حکومت کو اس معاملے مکمل اعتماد میں لیا گیا ہے۔ یہ سارے معاملات پاکستان میں طے کیے گئے جن میں نواز شریف بھی شامل تھے۔اب وزیر دفاع کے یوٹرن نے پوری قوم کو شکوک شبہات میں مبتلا کر دیا ہے۔وزیر موصوف کا سینٹ میں یہ بیان کہ جنرل راحیل نے حکومت یا جی ایچ کیو سے نہ ہی کوئی این او سی حاصل کیا اور نہ اس کے لیے درخواست دی۔سرتاج عزیز نے یہ کہہ کر مزید ابہام پیدا کردیا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے راحیل شریف کو کوئی آفر نہیں آئی۔حکومتی ذمہ دارن کے متضاد بیان اس حقیقت کا عکاس ہیں کہ یہ ملک بٖغیر کسی داخلی و خارجی پالیسی کے چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں لاعلم نہیں بلکہ پوری قوم کو لاعلم رکھنا چاہتی ہے۔وطن عزیز کو غیر محسوس طریقے سے تنہا کیاجا رہا ہے۔عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت کو مسلم ممالک کے سامنے متنازعہ بنانے کی اس مذموم کوشش کا ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو درک کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ملک کے سابق فوجی سربراہ ہیں۔انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو فیصلہ کن انداز میں لڑ کر بہترین نام کمایا ہے۔وہ اس حقیقت سے اچھی طرح آگاہ ہیں کہ دہشت گردی میں ملوث کالعدم جماعتوں کو پاکستان میں کون سپورٹ کرتا ہے اور کس ملک کے نظریات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کی متنازعہ اتحادی فوج کی سربراہی راحیل شریف کی نیک نامی کو تباہ کر کے رکھ دے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہا اس معاملے میں غیر سنجیدہ بیانات دینے کی بجائے حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ احمد اقبال رضوی،سید ناصر شیرازی،علامہ مختار امامی سمیت دیگر عہدیدران گورنر سند ھ و سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے جمہوریت مخالف قوتوں کے خلاف مرحوم کے جرات مندانہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔انہوں نے ہمیشہ جمہوری روایات کی پاسداری کی اور قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ میں سابق صدر جمہوری اسلامی ایران اور بانی انقلاب اسلامی امام خمینی ؒ کے رفیق خاص آیت اللہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور تربیت علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے خطاب کیااور مرحوم کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ان کاکہناتھا کہ عالم باعمل و مبارز، مجاہد آیت اللہ رفسنجانی کی رحلت سے اسلام اور انقلاب میں ایک شگاف آیا ہے ۔جس شگاف کو کوئی چیز پر نہیں کر سکتی۔،ہ مغز متفکر جو لومتہ لائم سے خوف زدہ ہوئے بغیر اپنی تمام حیثیت اور عزت کو دائو پر ڈال کر، ایران کو علمی اور اقتصادی اعتبار سے دنیا کا عظیم ملک بنا دیا،جنگ زدہ اور متاثرہ ایران کو اتنی عقل مندی کے ساتھ دنیا کا عظیم ملک اور طاقت ور ملک بنانے میں ہاشمی رفسنجانی نے اپنی زندگی کو صرف کیا،وہ یاورخمینیؒ اور یاور رہبر جس نے ہر مشکل دور میں رہبر معظم کے ساتھ دیا،جیل کی صعوبت اور انقلاب کی مصروفیات کے باوجود علمی کاموں میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔’’تفسیر راہنماــ‘‘  آٹھ جلدوں پر لکھ کر دنیا کو یہ بتا دیا کہ وہ فقط مجاہد ہی نہیں بلکہ مفسر قرآن بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ امام جمعہ تہران کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ وہ میدان جہاد میں بھی اپنی ذمہ داری نبھاتے رہے ہیں،پھر آٹھ سال سخت ترین مرحلہ میں ایران کے صدر رہے،آج اُس عظیم مغز متفکر سے جدا ہوئے جس نے انقلاب اسلامی ایران کے ساتھ ساتھ دنیائے اسلام میں بھی دین احمد مصطفی  ؐکو پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،سید حسن نصراللہ نے آج ، حزب اللہ کا سب سے بڑا حامی آقای رفسنجانی کو قرار دیا۔رہبر معظم نے اپنے تسلیتی پیغام میں تنہائی کا اشارہ کیا، اور اس مرد مجاہد کے غم میں رو پڑے،اللہ اس عظیم مجاہد و مبارز عالم کو امام حسین علیہ السلام کے ساتھ محشور فرمائے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، مرزا وجاہت علی، سید دلاور عباس زیدی اور دیگر نے بوسن روڈ پر پلازے کے انہدام سے ہونے والے جانی نقصان پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثہ کی شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ پلازہ حادثہ کو محض حادثہ سمجھنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلکہ اس کی شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو نشان عبرت بنانا ضروری ہے۔ سرمایہ دارانہ ذہن اپنے سرمائے میں اضافے کیلئے افسر شاہی سے ملی بھگت کر کے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غریب مزدوروں کی جان سے کھیلتے ہیں۔ شہر بھر میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ محکمے منتھلیاں لے کر کیوں خاموش ہو جاتے ہیں۔ اس حادثے کے بعد شہر بھر میں غیرقانونی پلازوں اور عمارات کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے اور اس میں ملوث متعلقہ محکمہ جات کے افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ رہنمائوں نے مزدوروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی ایرانی قونصل جنرل محمد حسین نبی سے ملاقات، سابق ایرانی صدر علی ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت نے لاہور کے ایرانی قونصلیٹ میں قونصل جنرل محمد حسین نبی سے ملاقات میں سابق ایرانی صدر علی ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن رضا ہمدانی، مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی، علامہ سید امتیاز کاظمی، علامہ سید نیاز بخاری، رائے ناصر علی، رانا ماجد علی، سید نوید الحسن، مجاہد حسین اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ علی ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر پوری امت مسلمہ افسردہ ہے اور ساری ایرانی اور پاکستانی قوم ان کے خلاء کو محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہاشمی رفسنجانی کی پاکستان اور ایران کیساتھ تعلق بنانے کی کاوشیں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی لازوال ہے جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گی، اس کو دشمنوں کی سازشیں کم یا ختم نہیں کر سکتیں۔

وحدت نیوز (گلگت) محکمہ صحت میں تقرریاں میرٹ پر نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے ہر طبقے کے نمائندے آواز اٹھارہے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم کے سیکرٹری نے میرٹ کا سودا نہیں کیا جس کے نتیجے میںایسے قابل اور اہل افراد بھرتی ہوئے جن کے کوئی والی و وارث نہیں تھے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ میرٹ کی پائمالی معاشرے میںبدامنی اور نقص امن کا سبب بن رہی ہے اور ایسے لوگ جو محنت کرتے ہیں ان کی حق تلفی سے مایوسیاں جنم لیتی ہیں اور نتیجتاً وہ افراد معاشرے سے انتقام لینے کی فکر میں ہوتے ہیں۔محکمہ صحت میں میرٹ کا جنازہ نکالا گیا اور محکمہ تعلیم میں میرٹ کو فالو کیا گیاجس میں مجموعی طور پر میرٹ کو یقینی بنایا گیا۔محکمہ تعلیم میں بھرتیوں پر صرف ان چند لوگوں کو اعتراضات ہیں جو میرٹ پر نہیں اترے ہیں ان کے علاوہ کسی کو کوئی اعتراض نہیں۔سیکرٹری تعلیم کی اس کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دیگر ادارے بھی سیکرٹری تعلیم کے نقش قدم پر چلیں تو علاقہ پرامن اور ترقی کرے گا۔وزیر اعلیٰ میرٹ کا رٹ لگاتے ہیں جبکہ محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر ہونے والی غیر قانونی بھرتیوں پر خاموشی دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں اہل اور قابل افراد کی حق تلفیوں کے نتائج بھگت چکے ہیں جن کی وجہ سے آج ہماری نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے اور ہرادارہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔رشوت اورکمیشن کے بغیر کوئی فائل اپنی جگہ سے ہلتی تک نہیں۔چھوٹے بڑے ٹھیکوں کی بولیاں لگتی ہیں اور میگا منصوبوں پر مال بنایا جاتا ہے جو کہ اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے مقتدر حلقوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت میں ہونے والی کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں چھان بین کرکے حقداراور اہل افراد کی تقرریوں کو یقینی بنائیں تاکہ وہ افراد قوم کی بہتر خدمت کرسکیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree