The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سانحہ پارہ چنار اورنائجیریا میں فوج کی بربریت کے خلاف مرکزی امام بارگاہ اثنا عشریG-6/2 سے ڈی چوک تک ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے نائجیریا کی معروف مذہبی شخصیت حجت الاسلام و المسلمین شیخ ابراہیم زکزکی کی فوج کے ہاتھوں گرفتاری اور سانحہ پارہ چنار کے خلاف مذمتی بینر اٹھا رکھے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نائیجیریا فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ افراد کی شہادت کو بھیانک ترین ریاستی ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔شیخ زکزکی کی مقبولیت سے خائف نائجیریا کی حکومت نے اسرائیلی ایما پر انہیں حق پرستی کا سزا دی ہے۔ہم پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے شیخ زکزکی کی فوری رہائی کے لیے نائیجریا حکومت پر زور ڈالیں۔۔دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر عرب ممالک جس فوجی اتحاد کو قائم کرنے جا رہے ہیں وہ مسلمانوں کے تحفظ کی بجائے سعودی بادشاہت کے دفاع کے لیے ہے۔دنیا بھر کے دہشت گردوں کی مالی معاونت میں سعودی عرب کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔پاکستان کو سعودی عرب کے خطرناک عزائم سے دور رہنا چاہیے۔ پاکستان کی طرف سے اس فوجی اتحاد میں شمولیت کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری ضرب عضب میں کسی مصلحت پسندی کو دیوار نہ بننے دیا جائے تب ہی اس کے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں گے۔ عوامی خواہشات کے مطابق اس آپریشن کے دائرہ کار کو ان شہری علاقوں تک بھی پھیلایا جائے جہاں دہشت گردوں کے سہولت کار اور فکری معاونین موجود ہیں۔ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملت جعفریہ کو ملک بھر میں سنگین سانحات کا سامنا کرنا پڑا۔دہشت گرد عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ریلی میں مرکزی قائدین علامہ اقبال بہشتی،علامہ ملک اقرار حسین،نثار حسین فیضی کے علاوہ دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی،ضلع ملیر اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت پاراچنارمیں تکفیری خوارج کے خودکش بم دھماکے اور نائیجیریامیں اسرائیل نوازآرمی کے ہاتھوں سینکڑوں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام سمیت قائد ملت اسلامیہ نائیجیریاآیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی حفظ اللہ کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔حسینی جامع مسجد برف خانہ ملیرکے باہر احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید احمد اقبال رضوی اورضلعی سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے خطاب کیا، اس موقع پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی ،جنہوں نے ہاتھوں میں پرچم ، بینراور پلے کارڈاٹھارکھے تھے، جن پر مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مقررین نے پاراچنارکے محب وطن پاکستانیوں پر تکفیری دہشت گردوں کے مظالم اور نائیجرین آرمی کے ہاتھوں سینکڑوں بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔

وحدت نیوز(گلگت) پاراچنار بم دھماکہ دشمن کی پست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے،قوم شہادت کے شیریں موت کی عاشق ہے ،دشمن کے ناپاک عزائم کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونگے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے پاراچنا بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے ذریعے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے جس میں ہرگز انہیں کامیابی نصیب نہ ہوگی۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ریاست اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھائے تو دہشت گردی کی لعنت سے قوم کو نجات مل سکتی ہے۔قوم کو موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی سزا مل رہی ہے ریاست اپنا قبلہ درست کرلے اور انصاف کے تقاضے پورے کرے تو کوئی بعید نہیں کہ یہ قوم پوری دنیا میں اپنا نام روشن کرسکتی ہے لیکن بد قسمتی سے اس قوم کو ایسے حکمرانوں سے پالا پڑا ہے جنہیں اقتدار کی ہوس نے اندھا کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ ہے جو ہمارے معاشرے میں سرایت کرچکا ہے جس سے نجات حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی ضرورت ہے ۔دہشت گردوں کی مالی و اخلاقی سپورٹ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا لازم ہے بصورت دیگر یہ آگ پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مدارس جعفریہ پاکستان کے صدر علامہ سید حسین نجفی نے لاہور میں طلباء کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم اور مذہب کے لبادے میں چھپے دہشتگردوں کو بے نقاب کیا، 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے دہشتگرد گروہوں کے نفاذِ شریعت کے ڈھونگ کی قلعی کھول دی، دہشتگردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، مذہب کے مقدس نام پر انسانوں کا قتلِ عام کرنیوالے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔ علامہ سید حسین نجفی نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد حکومتی سطح پر مشاورت کے ساتھ ہونیوالے فیصلوں اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ابھی بھی سست ہے، اسی وجہ سے داعش جیسی تنظیموں کے ہمدرد دندناتے پھر رہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کو دہشتگردی کیخلاف آپریشن کلین اپ قرار دے کر اس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا جائے۔ پشاور کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید بچوں کا خون رائیگاں نہیں گیا، ان کی بہادر اساتذہ کرام جنہوں نے بچوں کیساتھ شہادت دی انہوں نے بہادری کی ایک تاریخ رقم کی، دہشتگردوں کو اتنی سخت سزا دینی چاہیے کہ دوبارہ کوئی ایسی مذموم حرکت کرنے کی کوشش بھی نہ کرے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام آرمی پبلک سکول کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، مہر سخاوت سیال، وسیم عباس زیدی، مرزا وجاہت علی، سید دلاور عباس زیدی اور دیگر موجود تھے۔ شرکاء نے اس موقع پر شہدائے آرمی پبلک سکول اور شہدائے پاراچنار کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء نے قوم میں ایک نئی روح پھونکی ہے ہماری سیاسی قیادت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے، جب تک عسکری قیادت کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت دہشتگردی کے خلاف کھڑی نہیں ہوگی اس ناسور کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ اس موقع پر اُنہوں نے شہدائے پاراچنار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اس وقت ایک عالمی مسئلہ ہے حکمرانوں کی جانب سے دہشتگردوں کی سرکوبی کی بجائے اُن کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول ہمارے حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کے لیے کافی تھا لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے اس سے کوئی سبق نہیں لیا اور دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھی۔ جب تک دہشت گردوں کے سرپرستوں کی بیخ کنی نہیں کی جائے گی شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں ملے گا۔ گزشتہ دنوں شہداء کے ورثاء کی جانب سے کیا جانیوالا احتجاج حکومت کے لمحہ فکریہ ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں شہدائے آرمی پبلک سکول کے ورثاء کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، مظاہرین نے دہشتگردی کے خلاف کتبے اُٹھا رکھے تھے۔

وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین قم کے شعبہ سیاسیات کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری اور سیکرٹری سیاسیات عاشق حسین آئی آر نے سانحہ 16 دسمبر، سانحہ پارا چنار نیز علامہ زکزکی کے حوالے سے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی جبکہ نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ابوبکر صلاتی نے حاضرین کو نائیجیریا کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت عالمِ اسلام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ تمام تر مسائل میں سعودی عرب کا بنیادی عمل دخل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سعودی حکمران، امریکہ اور اسرائیل کی غلامی سے باہر نہیں نکلتے اس وقت تک عالم اسلام کے مسائل ختم نہیں ہوسکتے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے نائیجیریا میں نہتے شہریوں پر بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائیجریا میں نہتے شہریوں پر گولیاں چلا کر ظلم اور بربریت کی شرمناک مثال قائم کی گئی ہے، شیخ ابراہیم زکزاکی کے بیٹوں اور بیوی سمیت درجنوں معصوم مسلمانوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ شیخ ابراہیم زکزاکی عالم اسلام کے عظیم رہنما ہیں، جن سے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی عقیدت ہے، ان کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری براہ راست نائیجیرین حکومت اور افواج پر عائدہوتی ہے۔ انہوں نے نائیجرین حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس المناک سانحے کے ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے باوجود دہشتگردی کے سانحات اس بات کے متقاضی ہیں کہ دہشتگردوں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا جائے۔ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔ دھشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سیاسی، مذہبی اور مالی سہولت کاروں کا خاتمہ بھی از بس ضروری ہے۔ آرمی پبلک اسکول پشاور سانحہ کی برسی کے موقع پر ہم ان معصوم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک سے معصوم انسانوں کے قاتل دھشت گردوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز (کراچی) نائیجیریا میں اسرائیل نواز افواج کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، نائیجیریا حکومت اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کے اہل خانہ کو فی الفور رہا کرے اور تحفظ فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مولانا اعجاز بہشتی، مولانا احمد اقبال رضوی، مولانا باقر زیدی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی کے صدر یاور عباس سمیت ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں مولانا علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، سید میثم رضا، حسن ہاشمی نے کراچی پریس کلب کے باہر نائیجیریا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نائیجیریا کی اسرائیل نواز فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی جن کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے، جن پر اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کے مطالبے سمیت اسرائیل نواز نائیجیرین فوج کے خلاف نعرے آویزاں تھے۔ یاد رہے کہ 12 دسمبر کو زاریا شہر میں اسرائیل نواز نائیجیرین فوج نے بھاری ٹینکوں اور گولہ بارود کے ساتھ شہریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانا شروع کیا تھا اور تیس گھنٹوں تک جاری سفاکانہ دہشت گردی میں 6 ہزار سے زائد معصوم انسانوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا تھا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ نائیجیریا کے مظلوم مسلمانوں اور بالخصوص اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کی ہے اور غاصب اسرائیل اور اس کی سرپرست قوتوں امریکہ اور برطانیہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے، تاہم مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے اس جرم میں شیخ ابراہیم زکزکی نے اپنے پانچ فرزندوں کی قربانی دی ہے اور آج خود بھی اسرائیل نواز نائیجیرین افواج کے ہاتھوں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ رہنماؤں نے نائیجیریا میں جاری ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی سمیت ذرائع ابلاغ کی جانب سے خاموشی اور سکوت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ آج اگر یہی واقعہ کسی یورپی یا مغربی ممالک میں رونما ہوتا تو یہ ذراع ابلاغ، انسانی حقوق کے ادارے اور عالمی برادری پوری دنیا کو تگنی کا ناچ نچوا دیتے لیکن کیونکہ یہ ریاستی دہشت گردی نائیجیریا میں مظلوم اور نہتے مسلمانوں پر ہوئی ہے اس لئے پوری دنیا خواب خرگوش میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائیجیریا حکومت کو چاہئیے کہ اسرائیل نواز آرمی کی مدد سے بنائے جانے والے دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں نہ کہ ملک کے پر امن باسیوں کا بڑے پیمانے پر قتل عام کیا جائے۔ انہوں نے نائیجیریا کی حکومت اور افواج کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کو فی الفور رہا نہ کیا گیا اور مسلمانوں کے قتل عام کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پاکستان بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے اور نائیجیریا کے سفارت خانے کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، دہشت گردی مردہ باد اور شیخ ابراہیم زکزکی کو رہا کرو کے نعرے بھی لگائے اور اس موقع پر امریکی اور اسرائیلی پرچم کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں نے خون کا نذرانہ پیش کرکے تکفیری فکر کا پردہ چاک کردیا ہے۔ ان نونہالوں کی قربانی نے قوم کو ایک بار پھر دشمن کے مقابلے میں متحد کردیا، رہتی دنیا تک قوم کے ان بچوں کی قربانی یاد رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق کے آمرانہ دور حکومت میں ملک عزیز میں تکفیری سوچ کا بیج بویا گیا اور آج یہ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری تندہی سے آپریشن میں مصروف ہے جبکہ اس ملک کے حکمرانوں کو آج تک یہ توفیق نصیب نہ ہوئی کہ اس تکفیری سوچ کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔ ان گمراہ کن نظریات کے پھیلانے والے مراکز کو نہ صرف بند نہیں کیا گیا بلکہ سرکاری سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ہمارے حکمرانوں نے ماضی کی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا ہے اور آج بھی حکمران اپنی دوستیاں نبھانے اور چند ڈالروں کے عوض ملک کا امن داؤ پر لگا رہے ہیں۔

شیخ نیئر عباس نے کہا کہ ملک میں آج بھی ملک کے بڑے بڑے شہروں میں تکفیری فکر کو پروان چڑھانے والی فیکٹریاں بلا خوف خطر کام کررہی ہیں جن پر نکیل ڈالنے کی نہ صرف کوئی جرات نہیں کررہا بلکہ اپنے اقتدار کو طول دینے کی غرض سے ان کی آشیر باد حاصل کی جارہی ہے۔ افواج پاکستان کو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کی بھی حفاظت کا فریضہ انجام دینے پڑے گا۔ ملک کے دور دراز علاقوں میں فوجی آپریشن کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں موجود دہشت گردوں کے حامی اور سہولت کاروں کے خلاف بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی میں شہدائے آرمی پبلک اسکول سے اظہار یکجہتی و بلندی درجات کیلئے یوم شہداء منایا گیا۔ اس حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کے مختلف ڈسٹرکٹس میں قرآن خوانی اور شہدائے خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمع روشن کی گئی اور تعزیتی جلسہ منعقد کئے گئے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی کی جانب سے مرکزی پروگرام  نمائش چورنگی پر منعقد ہوا جس میں شمع روشن کی گئیں۔ چراغاں میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ باقر زیدی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی، سید میثم رضا، ڈاکٹر مدثر حسین، ناصر حسینی، رضوان پنجوانی، روح اللہ حسین سمیت ایم ڈبلیو ایم کارکنان و شہر قائد کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہدائے آرمی پبلک اسکول میں شہید بے گناہ معصوم بچوں کی یاد میں شمع روشن کیں۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور تاریخ کی بدترین دہشتگردی ہے، یہ ملک خداداد پاکستان کے قلب میں وہ داغ ہے جو کبھی نہیں مٹ سکتا، آج ملک و اسلام دشمن عناصر کی ہار کا دن ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، ننھے پھولوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، آج کے دن ہم ان دلیر ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کی بقاء و سلامتی خاطر اپنے بچوں کو قربان کر دیا، انشا اللہ وہ دن بہت جلد ضرور آئے گا جس دن اس ملک سے دہشتگردی انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ چراغاں میں علامہ احسان دانش نے شہدائے کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کرائی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree