The Latest

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے زیراہتمام ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز سے جاری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وفد کی شرکت، مسیحی برادری کی جانب سے بشپ آف ملتان کے نمائندے پادری نعیم کی شرکت، مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کی حمایت، بھوک ہڑتالی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سید دلاور عباس زیدی،جام اطہرحیات،سید علی رضا بخاری اور دیگر رہنما موجود۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ملک کے حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔انہیں عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ نوازشریف اپنی وزارت عظمی بچانے جبکہ عمران خان وزارت عظمی کے حصول کے لیے بے قرار و بے چین ہیں۔ ملت تشیع کے چیدہ چیدہ افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے لیکن کسی طرف سے ہمدردی کا ایک بول سننے کا نہیں بولتا۔ ہماری ملت کا ایک ایک فرد ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔ ہم اس سرمایے کی یوں بے توقیری نہیں ہونے دیں گے۔ہمارا خون اتنا ارزاں نہیں ہے کہ جو چاہے جب چاہے بہا کر چلا جائے۔علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ چار دن سے ہمارے علمائے کرام بھوک ہڑتال کر کے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کسی وفد نے جانا گوارا نہیں کیا۔ اگر حکومت نے اسی طرح ہٹ دھرمی کا اظہار جاری رکھا تو ہم پاکستان سمیت دنیابھر میں بھوک ہڑتال کی کال دیں گے۔ اس موقع پر اُنہوں نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ ہمارے خلاف ہونے والے نسل کشی کا نوٹس لیں، ہمیں ملک میں پاک فوج کی حمایت کی سزا دی جارہی ہے۔ آرمی چیف سے قوم کی توقعات وابستہ ہیں اگر آرمی چیف نے بھی ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف کوئی کردار ادا نہ کیا تو پوری دنیا میں پاک فوج کا کردار متاثر ہوگا۔جس طرح کراچی میں ایف سی حراست میں جاں بحق ایم کیو ایم کے رہنما کی موت کی تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا ہے اسی طرح پاراچنا رمیں بھی ایف سی کی کاروائیوں میں شہید ہونے والے شیعہ مسلمانوں کی قتل کی تحقیقات کا حکم جاری کیا جائے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ن لیگ کی سرپرستی میں دہشتگردوں کو ہمارے خلاف کاروائیوں کا فری ہینڈ دیا گیا ہے۔ ہم پنجاب حکومت کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف پنجاب میں بے بنیاد مقدمے بنائے جارہے ہیں اور اُنہیں شیعہ ہونے کی سزاء دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری 4دن سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھوک ہڑتال کررکھی ہے اور ملتان میں بھی دو روز سے علامتی بھوک ہڑتال کی جارہی ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ملک بھر میں مختلف دہشتگردانہ کاروائیوں سے شیعہ مومنین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وطن عزیز میں نسل کشی کے اس سلسلے کو آگے بڑھنے سے روکنا ہوگا، ہم متحد ہیں اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہیں۔ ہم ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل عام سمجھتے ہیں اور جو افراد اس قتل عام میں ملوث ہیں انہیں بخشنا یا ان کے سامنے خاموشی اختیار کرنا، ملک و آئین کے توہین کے مترادف سمجھتے ہیں۔عوام مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کرنے والے حکومت کو اقدامات اٹھانے ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قیادت نے ملک کے اندر جاری ظلم و ستم، بربریت، لاقانونیت اور قتل و غارت گری کے خلاف احتجاج شروع کردی ہے، وہ گزشتہ کئی دنوں سے بھوک ہڑتال کے ذریعے قومی پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج رکارڈ کروا رہے ہیں اور پورے پاکستان سے مجلس وحدت مسلمین کے مختلف علاقائی نمائندوں نے بھی مرکزی قیادت کی حمایت ظاہر کرنے کیلئے بھوک ہڑتال کیمپیں لگوائے ہیں، ٹھیک اسی طرح کوئٹہ میں بھی علامتی بھوک ہڑتال کمپ لگایا گیا اور پارٹی کے ضلعی نمائندوں نے حکومت وقت کی خاموشی اور نااہلی کے خلاف اپنا احتجاج رکارڈ کروایا۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکاء سے خطاب کے دوران کوئٹہ ڈویژن کے نمائندوں نے کہا کہ اس بات سے سب واقف ہیں کہ ہماری جماعت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ مظلومین کے حق کیلئے آواز بلند کی ہے اور انہیں انکے حقوق دلانے کی کوششیں کی ہیں، قوم کو ہر میدان میں ہماری حاضری نظر آئے گی۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ اعلی و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ، صوبائی رکن اسمبلی (ایم پی اے) آغا رضا اور کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی، ڈپٹی سیکریٹری شیخ ولایت حسین جعفری، سیکریٹری سیاسیات کامران حسین ہزارہ،سیکریٹری مالیات رشید طوری، سیکریٹری اسپورٹس ضیاء الدین، سیکریٹری روابط غلام حسین،سیکریٹری فلاح و بہبود امان اللہ اور سیکریٹری تعلیم حاجی عمران سمیت دیگر پارٹی ارکان نے شرکت کی اور انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہمیشہ میدان میں رہے ہیں قوم کیلئے کام کیا ہے، اور ہم ان کے اقدامات میں انکا ساتھ دیں گے۔

وحدت نیوز (لندن/واشنگٹن /پرتگال/ مشیگن) شیعہ نسل کشی پر ریاستی وعسکری اداروں کی مجرمانہ خاموشی کےخلاف ایک ہفتے سے اسلام آبادمیں جاری مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں لندن اور واشنگٹن میں بھی احتجاجی اجتماعات کاآغاز ہو چکا ہے، گذشتہ روز لوٹن برطانیہ میں مجلس علمائے شیعہ یورپ کے سربراہ علامہ سید علی رضا رضوی نے سیکنٹروں پاکستانیوں کے ہمراہ پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، جبکہ واشنگٹن ڈائون ٹائون سیٹل میں علامہ سید عباس ایلیاءکی زیر قیادت سینکڑوں پاکستانی مرد، خواتین اور بچوں نے شہداء کی یاد اور علامہ راجہ ناصرعباس کی شیعہ نسل کشی کے خلاف جاری بھوک ہڑتال کی حمایت میں چراغاں کیا ۔اس موقع پر معروف انقلابی نوحہ خواں سید علی صفدررضوی بھی موجود تھے، لوٹن میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی رضا رضوی نے کہا کہ پاکستان اہل تشیع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے، ریاستی ادارے شیعہ نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، انصاف کے حصول کیلئے بزرگ علماءکو بھوک ہڑتال کا سہارا لینا پڑرہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ فل فورایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات کریں اور ان کے مطالبات کی منظوری کا اعلان کریں، وگرنہ لندن میں مقیم اہل تشیع پاکستانی سفارت خانے کے سامنے غیر معینہ مدت تک کے لئے دھرنادینے پر مجبور ہونگے۔ علاوہ ازیں پرتگال میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستانی ایمبیسٹر سے ملاقات کی اور پاکستان میں جاری بے گناہ شیعہ پاکستانیوں کی ٹارگٹ کلنگز اور موجودہ حکومت کی بے حسی پر شدید غم و غصہ اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا وفد نے پاکستانی سفیر کےذریعے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ہفتےسے پر امن بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کرکے تمام مطالبات کو فی الفور منظور کرے وگرنہ دنیا بھر میں موجود محب وطن پاکستانی کمیونٹی پاکستانی ایمبیسز کے باہر دھرنا دے گی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان بھر میں جاری  شیعہ نسل کشی اور ریاستی وعسکری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف گذشتہ ایک ہفتے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہرجاری قائد وحدت  علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کے ۳۵ سے زائد شہروں اور تحصیلوں میں شیعہ نسل کشی کے خلاف احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ گذشتہ ۵ روز سے جاری ہیں جن میں لاہور ، بلتستان ، کوئٹہ ، کراچی ، حیدرآباد ،سجاولُ ، سرگودھا ، ملتان ، فیصل آباد ، سکھر ، جیک آباد ، لاڑکانہ ، شہداء کوٹ ، ماتلی ، خیرپور ، رانی پور ،نواب شاہ ، قصور ، بدین ، ٹندو محمد خان، ٹنڈو الہیار ، سیالکوٹ ، چنیوٹ ، کمب ،رانی پور ، شکارپور ، دولت پور ، دادو ، اور دیگر اضلاع شامل ہیں ، واضح رہے کہ گذشتہ جمعے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا، جس سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاجی تحریک زور پکڑتی جارہی ہے ،ملک بھر میں قائم ان احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپوں پر مختلف سیاسی وسماجی رہنمائوں سمیت مختلف مسالک اورمذاہب کے رہنما شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ایم ڈبلیوایم کے قائدین سے اظہار یکجہتی کے لئے جوک درجوک آرہے ہیں ، جبکہ ان کیمپوں پر دعائیہ اجتماعات سمیت محافل کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے ۔ آج شب جمعہ  تمام بھوک ہڑتالی کیمپس میں دعائے کمیل کا اہتمام کیا جاے جبکہ کل بروز جمعہ ملک بھر میں شیعہ نسل کشی اور حکومت اور عسکری اداروں کی شیعہ نسل کشی پہ خاموشی کے خلاف اور اسلام آباد میں جاری بھوک ہڑتال سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی ہے، جبکہ مختلف تنظیموں اور شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے جو اپنی حمایت کا اعلان کر رہی ہیں۔ معروف شاعر اور ذاکر اہل بیت شوکت رضا شوکت نے بھی وفد کے ہمراہ خصوصی طور پر بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی اور علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک شیعہ سنی حتیٰ مسیحوں کیلئے بھی ہے، ہم نہیں چاہتے ہیں کسی بھی مکتب کی آزادیاں سلب کی جائیں۔ ہر مکتبہ فکر کو آزادی ہونی چاہیئے کہ وہ اپنی عبادات بجا لاسکیں، ملک بھر میں مکتب اہل بیت کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جبکہ عزاداری سیدالشہداء پر قدغن لگائی جا رہی ہے، پنجاب میں ہزاروں بانیان مجالس اور ذاکرین کیخلاف مقدمے درج کر لئے گئے ہیں، ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک کوئی ذاکر مجلس تک نہیں پڑھ سکتا۔ ہم اس ملک کو مسلکی پاکستان نہیں بننے دیں گے، جو کام دہشتگرد نہیں انجام دے سکے، وہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کے نام پر انجام دینا چاہتی ہے۔ ہم نے ہر حال میں اس صورتحال کا راستہ روکنا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کرنے والی اتھارٹی پیمرا نے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کی لائیو کوریج کرنے پر ٹی وی چینل 24 اور دنیا ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ شوکاز میں کہا گیا ہے کہ براہ راست کوریج کے دوران علامہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سپریم کورٹ اور پاک فوج سمیت ریاستی اداروں کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں دونوں ٹی وی چینلز کو 23 مئی تک جواب دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر جواب نہ دیا گیا تو اتھارٹی دونوں چینلز کے لائنس منسوخ کرسکتی ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پیمرا کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پیمرا حکومتی ایما پر آزادی اظہار پر قدغن لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کےڈویژنل سیکریٹریٹ میں شعبہ خواتین کا اہم تنظیمی اجلاس ہوا.اجلاس مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی سیکریٹری جنرل خانم زہراء نقوی کی سربراہی میں منعقد کیا گیا.اجلاس میں صوبہ سندھ کی رکن کمیٹی خواہر ہماء جعفری اور سیدہ ثناء نے بھی شرکت کی.اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا جسکے بعد "خواتین کا معاشرے میں کردار"عنوان پر خانم زہراء نے خطاب کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ معاشرے کی ترقی و کامیابی میں عورت کا کردار نہایت کلیدی ہوتا ہے کیونکہ خدا نے عورت کو تربیت کرنے کا ہنر دیا ہے جب ایک عورت اپنے بچوں کی بہترین تربیت کرسکتی ہےگھر کے نظام کو منظم انداز سے چلا سکتی ہے تو یقیناً وہ ایک معاشرے کو بھی بہترین بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے لہذا ہمیں اجتماعی فرائض سے ہرگز غفلت نہیں برتنی چاہیےکونکہ ہمیں اسی معاشرے میں تحریک مہدویت کو فروغ  دینا ہے اس ہی معاشرے میں تحریک مہدویت کے لیے زمین ہموار کرنی ہے اسکے لیے ہمیں ایک مقصد ایک ہدف ایک منشور جو قرآن و اہلبیت کے پیغامِ وحدت سے آراستہ ہو کہ تحت سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اور اپنا کردار ادا کرنا ہوگا.اجلاس کے دوسرے مرحلے میں تنظیم سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد کراچی میں ضلعی سسٹم تشکیل دیا گیا اور چھ اضلاع قائم کیے گئے .دوسرے مرحلے میں ضلعی اراکین کا انتخاب کیاگیا اور ذمہ داریاں دی گئیں .اجلاس کے آخرمیں مرکزی سیکرٹیری فلاح و بہبود علامہ باقر زیدی نے "تنظیم کی ضرورت و افایت"کے عنوان پر خطاب کیا اور سوالات کے جوابات دیے.اجلاس کااختتام دعائے سلامتی امام مانہ عج سے کیا گیا.

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین ضلع لاہور کی خواہر لبنیٰ زیدی کو اگلے تین سال کے لئےسیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے ،ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ زہرہ نقوی صاحبہ نے خواہر لبنیٰ زیدی کو اگلے تین سال کے لئے ضلع لاہور کی سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواہر لبنیٰ زیدی نےنہایت ہی مشکل حالات میں اس سنگین ذمہ داری کو قبول کیا ہے ،ٍاللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ بحق ائمہ معصومین ان کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور ہمیں امید ہے کہ خواہر اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود اسی ہفتے اپنی کابینہ کو مکمل کرلیں گی اور اس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا جائے گا ۔اس سے قبل خواہر لبنیٰ زیدی پنجاب میں  ایک فعال اور مخلص کارکن کے طور پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین میں اپنی خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ انشاءاللہ خواہر بھر پور عزم حوصلے کے ساتھ اس سفر کو جاری رکھیں گی ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلوم محروموں کی آواز ہے،ہم کبھی بھی کسی ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ اور اپنا سفر جاری و ساری رکھیں گے ۔ہم اپنے قائد وحدت کے شانہ بہ شانہ میدان عمل میں حاضر رہیں گے انشاءاللہ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی بھوک ہرتال کے چوتھے روز احتجاجی کیمپ میں مختلف وفود سے ملاقات میں کہا ہے کہ وہ اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔ جب تک ہمارے مطالبات کوذمہ داران کی طرف سے باقاعدہ تحریری انداز میں منظور نہیں کیا جاتا تب تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کی ایک نمائندہ جماعت کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے مجھ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ میں ہر پلیٹ فارم پر اپنی ملت کی دفاع کروں۔پاکستان کسی مخصوص مسلک کی جاگیر نہیں بلکہ ملک میں بسنے والے مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں کا بھی اس پر برابر حق ہے۔ہمیں گزشتہ تین دہائیوں سے ظلم و بربریت کا شکار کیا جارہا ہے۔پاکستان میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے طبقے کو دانستہ طور پر دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تاکہ انہیں ملک کے مقتدر ظالم حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ظلم کے خلاف خاموشی بھی ظلم ہے۔ہم آپ آئینی حق استعمال کرتے ہوئے اس ملک میں ظالموں کا جینا دوبھر کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ظالمانہ طرز عمل نے ہمیں دوہری اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔ایک طرف دہشت گرد گروہوں کو حکومتی پشت پناہی حاصل ہے جو ہمارے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں اور دوسری طرف ہمارے ہزاروں بے گناہ افراد پر صرف اس لیے مقدمات بنا دیے گے کہ انہوں نے مجلس ختم کرنے میں آدھا گھنٹہ تاخیر کیوں کی۔ہمیں ہماری عبادت سے روکا جا رہا ہے۔ ہمارے علما و ذاکرین پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ صرف پنجاب میں ہزاروں افراد کے خلاف مجلس اور درود و سلام پڑھنے پڑھنے پڑھانے پر پرچے کاٹے گئے ہیں۔اسلامی ریاست میں جو رویہ ہمارے ساتھ اپنایا جا رہا ہے یہ تو امریکہ ،برطانیہ جیسے غیر اسلامی ممالک میں بھی نہیں ہوتا۔پنجاب میں قائم تمام مقدمات کا خاتمہ ، تکفیری گروہوں کے خلاف ملک گیر آپریشن اور پارہ چنار میں پولٹیکل انتظامیہ کی بربریت کا شکار ہونے والے چار شہدا کی شفاف تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن کا قیام ہمارے مطالبات میں شامل ہیں۔ اگر حکومت کی طرف سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہ آئی اور یونہی بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا تو پھر ہم اپنے اس خاموش احتجاج کو ملک گیر عوامی احتجاج کی شکل میں تبدیل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام جماعتوں ،پاکستان عوامی تحریک اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی رہنماوں نے ہمارے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے بھرپور عوامی قوت کے ساتھ ہمارا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔یاد رہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہرتال کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں اظہار یکجہتی کے طور پر بھوک ہرتالی کیمپ لگائے جا چکے ہیں۔ لندن سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان سفارتخانوں کے سامنے ملت تشیع مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کے روز سے مظاہروں کا سلسلہ شروع کر ے گی۔جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ملی یکجہتی کونسل کے اراکین، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما زاہد خان سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے شیعہ سنی علما اور دیگر عمائدین کی بڑی تعداد نے علامہ ناصرعباس سے ملاقات کر کے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔شوگر اور دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باوجود قوم کے لیے ان کی مثالی جدوجہد کی تعریف اور ان کی صحت کاملہ کے لیے دعا کی گئی

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے انٹرا پارٹی الیکشن ،علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کوبھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ تین سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کاریاستی جنرل سیکرٹری(سربراہ) منتخب کرلیا گیا۔ ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے ریاست آزاد کشمیر کے تمام اضلاع،ریاستی کابینہ سے تعلق رکھنے والے اراکینِ ریاستی شوریٰ نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔رائے شماری مسجد و امامبارگاہ باب العلم لوئر چھتر مظفرآباد ہوئی،جنرل سیکرٹری کی نشست کے لیے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، مولانا سید طالب حسین ہمدانی اورسید عبادت علی کاظمی کو نامزد کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی ریاستی شوریٰ کے ممبران کی کثیر تعداد نے علامہ سید تصور حسین جوادی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ۔نتائج کا اعلان مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے کیا۔

میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر پیام وحدت اجلاس ریاستی شوریٰ میں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے تیسری بار سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، انہیں ریاستی شوریٰ نے بھاری اکثریت سے ایک بار پھر سیکرٹری جنرل کیلئے منتخب کرلیا ہے ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے نئے سیکرٹری جنرل کا اعلان کیا، اجلاس کی چوتھی نشست میں ریاستی شوری کا اجلاس طلب ہوا جس میں تمام اضلاع سے دو دو ارکان،ریاستی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ ریاستی شوریٰ کو انتخابی کمیٹی کی طرف سے تین نام پیش کیے گئے تھے جن میں علامہ سید تصور حسین جوادی،مولانا طالب ہمدانی اور سید عبادت علی کاظمی شامل تھے ۔

ریاستی شوریٰ سے ان تین ناموں میں سے کسی ایک نام کو سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب کرنے کا کہا گیا۔علامہ سید احمد اقبال رضوی کی سربراہی میں تمام انتخابی عمل انتہائی شفاف طریقے سے انجام پایا۔ اس موقع پر علامہ تصور جوادی کا شاندار استقبال کیا گیا اور فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے ۔علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی،علامہ شیخ غلام حسن صابری مرکزی خطیب مظفرآباد ، تمام علماء کرام ، مہمانان گرامی اورریاستی شوریٰ کے اراکین نے علامہ سید تصور حسین جوادی کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں اتحاد بین المسلمین،قوم و ملت کی خدمت ، مظلوموں کی حقوق کے لیے جدوجہد، ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت اور دین مبین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، مظلوموں و محروموں کی آواز بن کر اٹھیں گے، قائدوحدت کی قیادت میں ملت و قوم کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشتگردی ، بالخصوص شیعہ ٹارگٹ کلنگ ریاستی اداروں اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، قائد وحدت تین دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں ،ہم مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ آرمی چیف صورتحال کا نوٹس لیں ، پاکستان میں بسنے والے نہتے شہریوں کو مارا جا رہا ہے، ہماری قوم کے پروفیشنلز کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،ہمارے لیے اب یہ صورتحال نا قابل قبول ہے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree