The Latest

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی نے ر شید ترابی پارک انچولی میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے زیر اہتما م جشن غدیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارہ ذی الحجہ امام علی علیہ السلام کی ولایت کے اعلان کا دن ہے، عید غدیر اللہ کی طرف سے بھیجے گئے تمام ایام میں سے سب سے بڑا دن ہے، یہ اللہ کے ولی کی ولایت کے اعلان کا دن ہے،اگر اعلان ولایت نہ ہو تو دین اس کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، اللہ کی نعمتیں تمام نہیں ہوتی، اس اعلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں خوشیاں منانی چاہئیں، اٹھارہ ذی الحج کا دن اکمال دین اور اتمام نعمت کا نام ہے، اس دن کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں اللہ تعالٰی کی ولایت کے نفاذ کیلئے عملی کوششیں کرنی چاہیئیں، غیبت امام زمانہ علیہ السلام میں ہمیں ظہور امام علیہ السلام سے قبل دین کی حاکمیت کیلئے پہلے سے زائد کوششیں تیز کرنی چاہئیں، ہمیں ملک سے کرپشن، بدعنوانی، رشوت ستانی اور ہر معاشرتی برائی کا راستہ روکنے کیلئے عملی اقدام اٹھانے چاہئیں، پاکستان کے اندر ہمیں ایک نیک اور صالح معاشرے کے قیام کیلئے اپنا فریضہ ادا کرنا چاہیئے۔


جبکہ اس جشن کے موقع میں فیلیز کے ہمراہ لوگوں نے شرکت کی علما ء کرام نے بچوں اور بڑوں میں عیدی تقسیم کی جب کے بچے آئسکریم کھاتے رہے جھولوں میں جھومتے رہے جبکہ خواتین نے مہندی لگائی چوڑیاں پہنی پروگرام کے آخر میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا جب کہ اس موقع پر مولانا علی افضال ،مولانا علی انور ،علامہ مبشر حسن سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

 

علامہ اعجاز بہشتی کا مذید کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کا فرض بنتا ہے کہ دین کے عملی نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ دین کے نفاذ میں دو طرح کے دشمن رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، ایک وہ جو ظاہری ہیں جیسے امریکہ، اسرائیل اور دیگر استعماری طاقتیں اور دوسرے وہ جنہوں نے دین کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، جیسے پاکستان میں طالبان ہیں، اسی طرح القاعدہ اور آج کے دور میں داعش ہے، اس طرح کے گروہوں نے دین کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو نقصان پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔ انسانوں کی گردنیں گاجر مولی کی طرح اڑانے والوں نے سے امت مسلمہ کا ایک بڑا حصہ متاثرہ ہوا ہے، لٰہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر ان کا مقابلہ کریں۔

وحدت نیوز (اسکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان شیخ نیئرعباس مصطفوی نے اسکردو میں عید غدیر کی مناسبت سے منعقدہ جشن غدیر سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امیرالمومنین علی ابن علی طالب ؑ کی زندگی سراپا نمونہ عمل ہے۔ انکی زندگی کا ہر پہلو کمال کی معراج پر تھا۔ انکی عبادت کا پہلو بےمثل، انکی شجاعت کا پہلو بےنظیر، علم کے پہلو ناقابل تصور، گویا اگر صفات و کمالات کو دنیا میں حضرت محمد (ص) کے بعد کسی ہستی میں دیکھنا چاہیں تو وہ علی کی ہستی اور علی کی شخصیت ہے۔ جانشین نبی میں جہاں دیگر صفات موجود تھیں وہاں علی کی عدالت کی معترف پوری دنیا ہے اور علی پیکر عدالت و اطاعت الٰہی کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانشین نبی کی شخصیت کے پہلووں پر غور کیا جائے تو ہر پہلو ایک بحر بیکراں ہے جس کا احاطہ ممکن نہیں، اسی لیے محمد مصطفٰی (ص) نے فرمایا تھا کہ مجھے کسی نے نہیں پہچانا سوائے علی کے اور علی کو کسی نے نہیں پہچانا سوائے میرے۔ علیؑ کی زندگی کے سربستہ راز کو کھولنے اور انکے فرمودات کی گہرائیوں اور مطالب تک پہنچنا ہمارے بس میں نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ علی ؑنے اپنی پوری زندگی رسول خدا کی سیرت کو احیا کرنے اور الہٰی احکامات کو معاشرے پر نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کی۔ علی ؑعدالت و شجاعت اور منطق کی طاقت سے اسلامی اور الہی معاشرے کا قیام چاہتے تھے لیکن ظالموں کے لیے صالح امام عمل گراں گزرے اور انہیں محراب عبادت میں شہید کر دیا۔ علی ؑکی زندگی کا ارمان ایک صالح اور الٰہی معاشرہ کا قیام تھا جہاں عدل کا دور دورہ ہو انصاف اور محبت ہو، ظالم کا گھیرا تنگ ہو اور مظلومین کو انکا حق ملے۔ امام علیؑ ایک لمحہ کے لیے بھی کسی ظالم اور فاسد معاشرہ کو اور طاغوتی نظام کو برداشت کرنے کے آمادہ نہیں تھے۔ ہمیں بھی امام علی ؑ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے عدل کو اپنا نظام بنانا چاہیئے۔ ظالم نظام کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق مرکزی صدرمخدوم جاوید ہاشمی کی سیٹ پر ہونے والے قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں متفقہ طور پر آزاد اُمیدوارملک محمد عامر ڈوگرکی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ملتان پریس کلب میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے سیکریٹری جنرل علامہ سید اقتدار نقوی نے عامر ڈوگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کی واضح حمایت کااعلان کیا،  واضح رہے کہ عامر ڈوگر کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے تھا اور گذشتہ عام انتخابات میں پی پی پی کے ٹکٹ پر ایم پی اے کا الیکشن لڑا تھا۔ ضمنی انتخابات میں عامر ڈوگر نے پیپلزپارٹی کاٹکٹ نہ ملنے پر آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، پاکستان تحریک انصاف بھی ملک محمد عامر ڈوگر کی حمایت کررہی ہے، جبکہ عامر ڈوگر کے مقابلے میں پاکستان مسلم لیگ نون کے حمایت یافتہ اور اس حلقے کے سابق ایم این اے مخدوم جاوید ہاشمی، پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر جاوید صدیقی سمیت دیگر اُمیدوار موجود ہیں۔ سیاسی حلقوں کی نظر میں اس حلقے میں اصل مقابلہ مخدوم جاوید ہاشمی اور عامر ڈوگر کے درمیان ہوگا۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کا مینار پاکستان جلسہ کیلئے رابطہ مہم جاری ،جلسے میں ہزاروں کارکنان کی شرکت یقینی بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے کارکنان اور ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا ،انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سول سوسائٹی کو بھی دعوت دے گی کہ وہ اس جلسے میں شریک ہوں کیونکہ یہ جدوجہد کسی کی ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کے غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اس کا آئینی و قانونی حق دلانے کی جنگ ہے اشرافیہ اور سٹیٹس کو کے پیداوار اس بیداری سے خوفزدہ ہیں علامہ اسدی نے کہا کہ پاکستان کے بانی قوتوں کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگے آج ملک میں الحمدللہ شیعہ سنی متحد ہوکر غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں علامہ اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشااللہ 19 اکتوبر غریب عوام کے حقوق کی بحالی کا دن ثابت ہوگا ۔

وحدت نیوز( تحصیل گنداخہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی تحصیل گنداخہ کے تنظیمی دورے پر گنداخہ پہنچے تو مولانا عبدالحق بلوچ اور محمد علی جمالی کی قیادت میں تنظیمی کارکنوں اور معززین نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقعہ پر گنداخہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں سے نمٹنے کے لئے مذہبی جنونی دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جبکہ کالعدم فرقہ پرست تنظیموں کو مصنوعی طریقے سے طاقتور کیا گیا۔ یہ رویہ بلوچستان اور اس کے عوام کے لئے المیہ سے کم نہیں ۔ عوام اس بات پر حیران ہیں کہ بزرگ قوم پرست لیڈر کی نماز جنازہ ، فرقہ وارانہ نفرتوں کے علمبردارفرد نے کیسے پڑھائی۔

 

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مہینے میں شیعہ سنی مسلمان مل کر نواسہ ء رسول ﷺ امام حسین عالیمقام ؑ کا غم مناتے ہیں، جلوسہائے عزاداری اور مجالس عزا کی سیکورٹی کے سلسلے میں حکومت کو فول پروف انتظامات کرنے چاہئیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن اور وحدت اسکاؤٹس قیام امن کے سلسلے میں حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے۔

 

در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ماہ محرم کے سلسلے میں صوبائی و ضلعی سطح پرعزاداری سیل تشکیل دے دیئے ہیں۔ صوبائی عزاداری سیل سید ظفر عباس شمسی، مولانا برکت علی مطہری، آغا سہیل ، مولانا عبدالحق بلوچ و دیگر پر مشتمل ہو گی۔ جبکہ ہر ضلع اور ڈویژن کے لئے علیحدہ عزاداری سیل ہوں گے، سید عبدالقادر شاہ ، سید نیاز شاہ، غلام حسین شیخ اورمولانا محمد علی جمالی نصیر آباد ڈویژن کے مسؤل ہوں گے۔

وحدت نیوز (کراچی) اٹھارہ اکتوبر کوشہدائے راہ ولایت کانفرنس شہداء و طن و ملت سے تجدیدعہد وفاکیلئے منعقد کی جائے گی ،شہداء کانفرنس انچولی امروہہ گراؤنڈ میں منعقد کی جائے گی عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے ایم ڈبلیوایم کے عہدیداران کو کمیٹی ممبران کی کاوشیں جاری ہیں، کراچی محرم الحرام سے قبل شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ، لانڈھی و کو رنگی ریاستی اداروں کی سر پرستی میں کالعدم دہشتگرد گرہوں کی سر گرمیوں کا سندھ حکومت نوٹس لے گزشتہ روز لانڈھی میں ایم ڈبلیو ایم کے ہمدرد منیر رضا نقوی کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں ،کراچی ، گلگت، پشاور اور کوئٹہ میں ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کا قتل عام ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، حکمرانوں نے اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے ملک میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ محرم الحرام میں جلوس وعزاداری کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے،ہم اپنا سب کچھ عزاداری کی بقاء کی خاطر قربان کر سکتے ہیں ،روٹ کی تبدیلی، جلوسوں کی بندش، عزاداری کی محدودی کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی کے مختلف عوامی اجتماعات اور شہدائے واہ ولایت عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی ،مولانا نشان حیدر ساجدی ،آصف صفوی ،حیدر زیدی بھی موجود تھے۔

 

امام بارگاہ شہداء کربلاانچولی میں خطاب کرتے ہوئے علامہ مختار امامی نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کو فری ہینڈ دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب پرامن اور محب وطن لوگوں کو ہراساں کرنے، اْن کیخلاف بے بنیاد مقدمات قائم کرنے اور پابند سلاسل کرنے کا عمل جاری ہے ہم وطن کے اندر دہشت گردی اور بے گناہوں کے قتل کو حرام سمجھتے ہیں۔ دنیا بھر میں ایک مخصوص تکفیری گروہ اسلام کی بدنامی اور مسلمانوں کے لئے رسوائی کا سبب بن رہا ہے ان کا اثر کعبہ تک بڑھتا جا رہا ہے جسکی مثال خطبہ حج میں خودامام کعبہ کا ان تکفیریوں کے کیخلاف اعلان براٗت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن اور رواداری کیلئے انتہا پسندوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنا ہو گا، بصورت دیگر یہ انتہا پسند تکفیری گروہ کی جانب سے خانہ جنگی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔نے کہا کہ انشاء اللہ18اکتوبرشہداء کانفرنس کے دن و طن دشمن اور اسلام دشمن طاغوتی طاقتوں کے خلاف فرزندان اسلام و محب و طن عوام اپنی بھر پور طاقت کا ظاہرہ کریں گے۔

وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عید سعید غدیر کے پر مسرت موقع پر چنیوٹ میں منعقدہ جشن غدیر کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ غدیرعلوی اور اموی حکومت کے درمیان خط تقسیم کا نام ہے، اتمام نعمت اور تکمیل دین کے روز کو خدا نے عید غدیر قرار دیا، ولایت پناہ گاہ بشریت بالمقابل حوادث زمانہ ہے، ولایت علی کا اصل مصدریعنی  حکومت ، اختیار، اقتدار کا مقتدر علی ابن ابی طالب(ع) اور اولاد علی (ع)ہے، علی (ع)کی کرامات ، فضائل و اوصاف تمام مذاہب،ادیان، مسالک میں یکساں ہیں ، مولا امیر کی تشریعی ولایت مومن و منافق میں فرق واضح کرتی ہے، عاشورا کا پیش خیمہ غدیر ہے،ان کا کہنا تھا کہ  غدیر میں اعلان کردہ حکومت علوی کی بحالی کی جدوجہد تا ظہور حجت عج جاری رہے گی،حکومت یتیمان علی ابن ابی طالب (ع)کی غصب شدہ میراث ہے، ہماری تمام تر جدوجہد اور فعالیت بھی اسی غصب شدہ میراث کی بازیابی کیلئےہے۔ ملت اسلامیہ کی جملہ مشکلات و مصائب کی وجہ پیغام ولایت سے روگردانی ہے،آج ضرورت اس امر کی ہےکہ امت مسلمہ خدا کی وحدانیت، محمد (ص) کی نبوت اور علی (ع )کی ولایت کے شعار پر اکٹھا ہواور اسلام دشمن قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہوجائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ اٹھارہ ذی الحجہ امام علی علیہ السلام کی ولایت کے اعلان کا دن ہے، عید غدیر اللہ کی طرف سے بھیجے گئے تمام ایام میں سے سب سے بڑا دن ہے، یہ اللہ کے ولی کی ولایت کے اعلان کا دن ہے، عید غدیر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اگر اعلان ولایت نہ ہو تو دین اس کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، اللہ کی نعمتیں تمام نہیں ہوتی، اس اعلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں خوشیاں منانی چاہئیں، اٹھارہ ذی الحج کا دن اکمال دین اور اتمام نعمت کا نام ہے، اس دن کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں اللہ تعالٰی کی ولایت کے نفاذ کیلئے عملی کوششیں کرنی چاہیئیں، غیبت امام زمانہ علیہ السلام میں ہمیں ظہور امام علیہ السلام سے قبل دین کی حاکمیت کیلئے پہلے سے زائد کوششیں تیز کرنی چاہئیں، ہمیں ملک سے کرپشن، بدعنوانی، رشوت ستانی اور ہر معاشرتی برائی کا راستہ روکنے کیلئے عملی اقدام اٹھانے چاہئیں، پاکستان کے اندر ہمیں ایک نیک اور صالح معاشرے کے قیام کیلئے اپنا فریضہ ادا کرنا چاہیئے۔

 

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کا فرض بنتا ہے کہ دین کے عملی نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ دین کے نفاذ میں دو طرح کے دشمن رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، ایک وہ جو ظاہری ہیں جیسے امریکہ، اسرائیل اور دیگر استعماری طاقتیں اور دوسرے وہ جنہوں نے دین کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، جیسے پاکستان میں طالبان ہیں، اسی طرح القاعدہ اور آج کے دور میں داعش ہے، اس طرح کے گروہوں نے دین کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو نقصان پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔ انسانوں کی گردنیں گاجر مولی کی طرح اڑانے والوں نے سے امت مسلمہ کا ایک بڑا حصہ متاثرہ ہوا ہے، لٰہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر ان کا مقابلہ کریں۔

وحدت نیوز(ہنگو) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے 19 اکتوبر کو ’’عزاداری سید شہداء (ع) کا تحفظ اور اس کے عصری تقاضے‘‘ کے عنوان سے ہنگو میں کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عدیل عباس زیدی کے مطابق 19 اکتوبر 2014ء بروز اتوار صبح 9 بجے شہداء کی سرزمین ہنگو پر شیعان حیدر کرار (ع) کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوگا، قومی امام بارگاہ پاس کلے میں منعقد ہونے والے اس اجتماع میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے، جس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی اور صوبائی رہنماوں سمیت علاقہ کے نامور علمائے کرام خطاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اجتماع کا مقصد محرم الحرام کے حوالے سے عزاداری سید الشہداء (ع) کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور علاقہ سمیت ملکی صورتحال کے تناظر میں عوام میں بیداری و تحرک پیدا کرنا ہے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بھی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی، فوج دہشت گردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرے، صوبہ بالخصوص پشاور میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ پاکستانی عوام کے دل کی آواز ہے، لوگ اس نظام سے تنگ ہیں، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ تحریک انصاف بھی عوام بالخصوص ملت تشیع کو انصاف نہ دے سکی، انہوں نے کہا کہ پشاور میں آئے روز اہل تشیع کو چن چن کر قتل کیا جاتا ہے، قاتل دندناتے نظر آتے ہیں، آج تک قاتلوں کو نہ گرفتار کیا گیا اور نہ ہی منظر عام پر لایا گیا، تحریک انصاف سے ہمیں انصاف کی کوئی توقع نہیں، یہ حکومت کوئٹہ جیسے حالات پیدا کر رہی ہے اور ہمیں تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل ہے کہ ہمیں تحفظ دیا جائے، پشاور ہمارا مقتل بن چکا ہے، جہاں روزانہ ہماری لاشیں گرتی ہیں، پشاور کے شہری بھی اسی ملک کے شہری ہیں، جن کا تحفظ آپ پر واجب ہے۔ اس شہر کے تحفظ کے لئے دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree