The Latest

وحد ت نیوز(کوئٹہ )  فرنٹیئر کور بلوچستان کے عملے نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کو بہت بڑی تباہی سے بچا کر 1 لاکھ 4 ہزار 480 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، کیمیکل، ریموٹ کنٹرول، خودکش حملے میں استعمال ہونے والی وائر اور دیگر سامان برآمد کرکے قبضے میں لے کر 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ فرنٹیئر کور غزہ بند کے کمانڈنٹ کرنل مقبول احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر کور کے عملے نے گذشتہ شب 80 ٹن پوٹاشیم کلورائیڈ، امونیم کلورائیڈ قبضے میں لینے کے بعد دوسرے روز بھی کارروائی جاری رکھتے ہوئے سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے فاروق اعظم چوک کے قریب پلازے میں واقع گودام سے پوٹاشیم کلورائیڈ 35ٹن، امونیم کلورائیڈ 25 ٹن، خودکش حملے میں استعمال ہونے والی بنڈل وائر، سرکٹ وائر 78 بنڈل، ریموٹ کنٹرول آر سی ڈی 36 عدد، امونیم نائٹریٹ 250 کلو، وڈ مل 80 کلو، امونیم پاؤڈر 1535 کلو، مکسچر 1،20ہزار کلو گرام مواد سے تیار کئے گئے 80 ڈرم دیسی ساختہ بم قبضے میں لے لئے۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی میں 1 لاکھ چار ہزار 480 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، کیمیکل اور دیگر سامان قبضے میں لے کر 8 ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قبضے میں لئے گئے مواد سے ہزارہ ٹاؤن جیسے 110 بڑے دھماکے کئے جاسکتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہزارہ ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں 800 کلو وزنی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور کے عملے اور نوجوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کو بہت بڑی تباہی سے بچایا ہے۔ گذشتہ شب بھی فرنٹیئر کور کے عملے نے کارروائی کرکے مواد قبضے میں لیا تھا۔ گذشتہ دو دنوں کی کارروائیوں کے دوران فرنٹیئر کور کے عملے نے ایک لاکھ 84 ہزار 480 کلو گرام مواد اور کیمیکل، پوٹاشیم کلورائیڈ، امونیم کلورائیڈ قبضے میں لیا ہے اور دو دنوں کے دوران گرفتاریوں کی تعداد 10ہوگئی ہے۔

وحدت نیوز (قم المقدسہ )مجلس وحدت مسلمین کے کراچی سے اُمیدوار صوبائی اسمبلی سید حسن عباس رضوی  نے ایک وفد کے ہمراہ قم المقدسہ میں مجلس وحدت مسلمین قم کے دفتر میں مجلس وحدت مسلمین قم کے مسئولین علامہ غلام محمد فخر الدین، مولانا اسد عباس اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آقائی فخر الدین نے قم میں مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت سے ان کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر حسن عباس رضوی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں قوم نے مجلس وحدت مسلمین کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور مجلس وحدت کی وجہ سے قوم کا سر بلند ہوا ہے، ہماری کوشش ہے کہ قوم کی خدمت جاری رکھیں ،آقائی فخرالدین نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی غلط اور دوہری پالیسی پر تنقید کی اور موجودہ حکومت کی غلط خارجہ پالیسی کو ملکی سلامتی کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ شام سے آئی ہوئی دہشتگردوں کی لاشیں حکومتی اداروں کے منہ پر طمانچہ ہیں اور بین الاقوامی دہشتگردی میں ملوث ہونے کا عملی ثبوت ہیں، پاکستان دہشت گردوں کا برآمد کندہ ملک بن چکا ہے۔

وحدت نیوز (مظفر آباد ) بھارت فرقہ ورانہ فسادات کو ہوا دے کر مقبوضہ جموں و کشمیر میں وحدت کی فضا کو توڑنا چاہتا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہم سمجھتے ہیں ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی وہی عالمی استعمار جو ہر جگہ اپنی کارستانیوں سے وحدت کی فضا پامال کرنا چاہتا ہے، وہی وہاں بھی کارفرما ہے، مقبوضہ کشمیر میں ایسے واقعات پر آزاد جموں و کشمیر بالخصوص بیس کیمپ مظفرآباد میں گہری تشویش کی لہر ہے، یہ تمام سازشیں تحریک آزاد کشمیر کو دبانے کے لیئے کی جا رہی ہیں، شہدا کا خوں رائیگاں نہیں جائیگا، اور انشاء اللہ ایک دن وہ آئے گا کہ جب کشمیریوں کو بھی ان کا حق خود ارادیت ملے گا، اس لیئے کہ جس آواز کو دبانے کی جتنی زیادہ سازشیں کی جائیں وہ آواز اتنی ہی بلند ہوتی ہے، کشمیر میں شیعہ سنی مسئلہ سرے سے موجود ہی نہیں اور نہ ہی کسی سنی نے امام بارگاہ کی توہیں کی ہے بلکہ وحدت کی فضا کو توڑنے کے لیئے اس قسم کی سازش رچی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ریاست آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ بھارت جس طریقے سے تحریک آزادی کو روکنے کے لیئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اس میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا، اقوام متحدہ کو بھی بھارت کی ان ستم ظریفیوں کا نوٹس لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ جب کشمیری اپنی منزل کو پہنچ جائیں گے، کشمیریوں کی جدوجہد پرامن ہے اسے بھارت تشدد کے ذریعے سے جنگ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔آزاد کشمیر کے شہری مقبوضہ وادی کے باسیوں کی آزادی کی تحریک میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے،پچھلے دنوں توہین قرآن کا واقعہ ہوا، پھر چھ روزے دار نمازیوں کو بہیمانہ طریقے سے شہید کیا گیا اور اب امام بارگاہ کو نشانہ بنایا گیا ہے یہ سارے واقعات مقبوضہ کشمیر کے حالات خراب کرنے اور اسے خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہیں تا کہ تحریک آزادی کشمیر کو کچلا جا سکے، کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا سکے، لیکن کشمیریوں کی اس آواز کو دبانے کی کوشش کرنا بھارت کا ایک ناپاک منصوبہ ہے اور جس کی تکمیل کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔ہم کشمیر میں جاری مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور آل پارٹی حریت کانفرنس سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی آنکھوں کو کھلا رکھتے ہوئے ہوئے کشمیر میں وحدت کی فضا کو قائم رکھیں ۔حریت کانفرنس کو اس موقع پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

وحدت نیوز (کراچی) انجمن ثار اللہ مارٹن روڈ کی جانب سے مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ میں یوم انہدام جنت البقیع کےحوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، اہل سنت عالم دین جناب اعجاز الدین سہروردی، مولانا تقی مہدوی، مولانا محمد علی شاکری اور مولانا دلشاد علی مہدوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا طالب موسوی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں شیعہ سنی افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق رضا تقوی نے آل سعود کے کردار پر روشنی ڈلاتے ہوئے کہا کہ آل سعود برطانوی استعمار کی ایجاد ہیں اور ان کا کام بھی مسلمانوں میں اختلافات کو ہوا دینا ہے، یہ لوگ آج بھی یہ یہی کام انجام دے رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ شیعہ سنی دونوں مکاتب فکر کے پیروکاروں کو آپس میں دست و گریباں کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبرستان بقیع کی تعمیر کسی مکتب و فرقے سے وابستہ نہیں بلکہ یہ عالم اسلام کی عظیم شخصیات کی قبور اور مزارات مقدسہ کا منہدم ہونا پورے عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کیلئے ہم سب مسلمانوں کو آواز اٹھانی چاہیئے۔

وحدت نیوز (لاہور)  تحریک انصاف پاکستان نے پنجاب حکومت کی طرف سے غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کرانے کے اعلان کیخلاف بدھ کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود الرشید نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے مجلس وحدت مسلمین کو دعوت دی ہے جو قبول کرلی گئی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی کی سربراہی میں وفد پنجاب کی سطح پر ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کریگا۔ اس سے پہلے ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے محمود الرشید سے بیٹے کی وفات پر ان گھر پر تعزیت کی اور دعا مغرفت کی۔ وفد میں پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، ناصر عباس شیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی اور اسد نقوی شامل تھے۔

وحدت نیوز (سرگودھا)   مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی و امور خارجہ سید شفقت شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم سرگودھا دفتر کا دورہ کیا اور تنظیمی مسئولین سے خصوصی نشستیں کیں۔ انہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سرگودھا ڈویژن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیمی فعالیت کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں آئی ایس او مضبوط اور فعال ہے وہاں پر ایم ڈبلیو ایم مضبوط ہے۔ انہوں نے حالات حاضر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں حالات بشار الاسد حکومت کے حق میں جا رہے ہیں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ شام ان بحرانوں سے نکل کر اسلامی جمہوریہ ایران کی طرح زبردست قوت بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے شامی جوانوں کے حوصلوں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں میں حزب اللہ کی تصویر نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوانوں کے جذبات شامی جوانوں کے حوالے سے قابل داد ہیں لیکن شامی عوام بیداری کی طرف جا رہے ہیں اور جلد بحران پر قابو پاکر دشمن کو عبرت ناک شکست دیں گے۔

 ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ نے کہا کہ مصر میں اخوان المسلمون حکومت بری طرح ناکام ہوچکی تھی اور انہوں نے عوامی امنگوں کا جنازہ نکال دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں ان کو حکومت سے ہاتھ دھونے پڑے۔ انہوں نے ساری صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصری عوامی کو حق دیا جانے چاہیے کہ وہ اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کی نومنتخب حکومت انقلاب کو مزید تقویت دے گی اور جس طرح انتخابات میں سامراجی قوتوں کے دانت کھٹے کئے تھے، دیگر مذموم عزائم میں بھی سامراج کو ناکامی ہوگی۔

وحدت نیوز (اسکردو)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے شعبہ فلاح و بہبود نے بلتستان میں موجود یتیم طالب علموں اور کم سنوں میں اٹھارہ لاکھ روپے سے زیادہ کے سکالر شپ تقسیم کیے ہیں۔ عید کے موقع پر اسکالر شپ کے اجراء کا مقصد طالب علموں کے تعلیمی اور دیگر اخراجات کو پورا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پورے بلتستان میں سروے کیا جائے گا اور یتیم طالب علموں کے بنیادی اخراجات برداشت کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان فلاح و بہبود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن بلتستان میں جہاں دیگر دینی، تعلیمی، معاشرتی، سیاسی اور تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہے، وہاں یتیم طالب علموں کے بنیادی تعلیمی اخراجات بھی برداشت کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں شعبہ فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے فوراً بعد یتیم طالب علموں میں 18 لاکھ روپے سے زیادہ نقد رقم تقسیم کی گئی ہے، انکے علاوہ بھی باقاعدہ سروے کے بعد دیگر مستحق طلباء جو شفقت پدری سے محروم ہوں اور مالی بدحالی کا شکار ہوں، انکی بھی بھرپور معاونت کی جائیگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نقد رقوم کے اجراء کا مقصد مستحق طالب علموں کے تعلیمی اور بنیادی اخراجات کی فراہمی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن شعبہ فلاح و بہبود کے سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت بلتستان میں مختلف بنیادی شعبوں پر کام کرنے اور یہاں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے جہاں ضرورت پڑی، حکومت اور اسکردو انتظامیہ سے معاونت لے گی اور امید ہے کہ فلاحی اور رفاحی منصوبوں میں حکومت اور انتظامیہ ہماری بھرپور معاونت کرے گی۔ اس سلسلے میں ہم حکومتی شخصیات سے بھی تفصیلی نشست کرینگے اور معاملات طے کریں گے۔ لیکن اکثر اوقات حساس ادارے ایسے معاملے میں مختلف وجوہات اور مفروضات کی بنیاد پر تحفظات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ انہیں معلوم ہو جانا چاہیے کہ ہماری تنظیم اسلامی اقدار کے تحفظ، ملکی سالمیت اور استحکام کے لیے، وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی تحفظ کے لیے صف اول کا کردار ادا کرے گی۔ یہ وطن ہمارا ہے، نہ امریکہ کا اور نہ اسرائیل کا۔ جبکہ امریکی اور اسرائیلی تنظیموں کی بلتستان میں سرگرمیاں وطن عزیز کی سالمیت اور حساس اداروں پر سوالیہ نشان ہیں۔ لیکن لمحہ فکریہ ہے کہ وطن عزیز کے خزانے سے تنخواہ لینے والے اور اس وطن کی روٹی توڑنے والے ملک دشمنوں کی معاونت میں مصروف ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن شعبہ فلاح و بہبود پاکستان بھر کی طرح بلتستان میں بھی فلاحی اور رفاہی کام کرنے میں مصروف ہے اور بنیادی مسائل کو حل کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوگا، یہ بات قبل از وقت ہے۔ البتہ جہاں یہ اپنی بساط کے مطابق پرعزم ہے اور مصروفِ عمل ہے وہاں ریاستی اداروں کے احمقانہ اور ملک دشمنانہ رویوں پر نالاں بھی۔ اس سے ایسا لگ رہا ہے کہ اس خطے میں ڈالر کی چھن چھن میں کام کرنے والے، توہین رسالت کے ذمہ دار ملک امریکہ، پاکستان پر ڈرون حملے کرنے والے اور وطن میں دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والے ملک کو جتنی آسانی ہے، وہاں وطن کے فرزندوں اور اس وطن کے ایک ایک قریہ پر جان دینے والوں، ’’پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے‘‘ کا نعرہ بلند کرنے والوں، ہزاروں جنازوں کو کندھا دینے کے بعد ’’میری شان میری آن پاکستان پاکستان‘‘ کہنے والوں کو مختلف اندرونی اور بیرونی حربوں سے الجھایا جا رہا ہے۔ انہیں وطن کی تعمیر اور دفاع کرنے نہیں دیا جا ریا ہے اور انہیں میلی و مشکوک آنکھوں سے دیکھا جاتا ہے۔؟

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور نے ضمنی انتخابات میں حلقہ این اے ون پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور کی حمایت کے اعلان کے بعد ان کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کا ایک اہم  اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع پشاور کی کابینہ کے علاوہ تمام یونٹس اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ مجلس وحدت مسلمین کی صوبائی قیادت کی جانب سے حاجی غلام احمد بلور کی حمایت کی روشنی میں ان کی کامیابی کیلئے عوام رابطہ مہم بھرپور انداز میں چلائے گی۔ اور پشاور کے مختلف یونٹس میں غلام احمد بلور کی کامیابی کیلئے 22 اگست کو ووٹرز کو گھروں سے نکالا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ آج سے ضلعی کابینہ کے اراکین مختلف یونٹس کے دورہ جات شروع کریں گے اور پولنگ والے روز تک یہ سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ اجلاس میں ضلعی کابینہ نے تمام یونٹس کو ہدایات جاری کیں کہ غلام احمد بلور کی کامیابی کیلئے ہرممکن سیاسی کوشش کی جائے۔

واضح رہے کہ حاجی غلام احمد بلور نے گذشتہ دنوں ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخواہ کے صوبائی آفس کا دورہ کیا تھا اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ عبد الحسین الحسینی سے ملاقات میں این اے ون پر ضمنی الیکشن میں اپنی حمایت کی درخواست کی تھی۔

وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کہا ہے کہ مصر میں اخوان المسلمین کے رہنماؤں کی گرفتاری، مظاہرین پر مظالم اور شام میں تکفیریوں کی جانب سے امن عامہ کو نقصان میں اور مزارات مقدسہ کی بے حرمتی جیسے گھناؤنے جُرم میں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر سے مصر اور شام کے حوالے سے جاری مرکزی صدر کے بیان کے مطابق اطہر عمران طاہرنے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حدیث کے مطابق مسلمان وہ ہے کہ جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں۔ یہ کیسے مسلمان ہیں جو مصر میں بے گناہ افراد کے خون میں نہ صرف شریک ہیں بلکہ امریکہ واسرائیل کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کا ساتھ دے رہے ہیں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب اور بعض دیگر عرب ممالک کا منافقانہ چہرہ پوری دنیا پر آشکار ہوگیا ہے کل تک جو لوگ سعودی بادشاہت کے گن گاتے تھے وہ بروز محشر نبی اکرم (ص) کو کیا منہ دکھائیں گے۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ ہم رہبر مسلمین جہاں کی دوراندیش بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے کھل کر مصر میں اخوان المسلمین کی مکمل حمایت اور صیہونی طاقتوں کی واشگاف الفاظ میں مخالفت کی ہے۔ شام کے حوالے سے اپنے بیان میں اطہر عمران نے مزید کہا کہ مسلمانوں پر ظلم وستم کرنے والا خارجی ٹولہ مصر کی طرح شام میں بھی بے نقاب ہوگا اور جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ شام میں بھی وہی قوتیں آل محمد (ص) اور اصحاب رسول (ص) کے مزارات کی بے حرمتی کررہی ہیں جو مصر میں مسلمانوں کے خلاف اور امریکہ وصیہونیت کا ساتھ دے رہی ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اسد عمر کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار اسد عمر نے اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ اصغرعسکری، علامہ اعجاز بہشتی اور ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی سے وحدت سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور ضمنی انتخاب میں حمایت کرنے کی استدعا کی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے مجلس وحدت مسلمین سے تقریباً معاملات طے پا گئے تھے تاہم انتخابی اتحاد نہ بن پانے پر افسوس ہے، مستقبل میں کوشش کی جائیگی کہ دونوں جماعتیں ساتھ چل سکیں۔

 

 اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے خبیر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشتگردی کے واقعات پر چشم پوشی اور فوری ردعمل نہ ظاہر کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا۔ جس پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ مجلس وحدت مسلمین کے تمام تحفظات کو دور کیا جائیگا اور آئندہ کسی شکایت کا موقع نہیں دیا جائیگا۔ اسد عمر نے کہا کہ وہ جلد اس حوالے سے کے پی کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کی ملاقات کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور ایجوکیشن سمیت دیگر ایشوز پر پالیسی بنائی جا رہی ہے جس میں ایم ڈبلیو ایم کو بھی شامل کیا جائیگا۔

 

 اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو تحریک انصاف سے امیدیں ہیں کہ وہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریگی، تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ ان امیدوں پر پورا اترے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree