The Latest
وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ طالبان سے مذاکرات ختم کرنے کا دوٹوک اعلان کیا جائے۔ طالبان ظلم اور جرم کی علامت بن چکے ہیں۔ دہشتگرد ڈالروں کے لالچ میں پاکستان دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ پاکستان ایران گیس منصوبہ ختم کرنا ملک دشمنی ہے۔ بیگناہوں کا خون بہانے والے پیشہ ور قاتل ہیں۔ دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کے خلاف وفاقی وزراء کی بدزبانی قابل مذمت ہے۔ پاکستان، افغانستان اور ایران کو علاقائی بلاک تشکیل دینا چاہیے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق نہیں دیئے جا رہے، چھ روز سے عوام سڑکوں پر ہیں، لیکن بےحس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آبادکے تاریخی دھوبی گھاٹ گراونڈمیں سنی اتحاد کونسل کے مرحوم چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی برسی کے موقع پر استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ نواز حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے، وطن عزیز آگ کے شعلوں میں دہک رہا ہے اور میاں صاحب کو افغانستان میں لگی امریکی آگ بجھانے کی فکر لاحق ہے، پنجاب حکومت ہمارے لئے وقت کے ابن زیاد کی حکومت ہے، دہشتگردوں کو چھوڑا جا رہا ہے جبکہ پرامن لوگوں کو فورتھ شیڈیول میں ڈالا جا رہا ہے، فرقہ وارنہ دہشتگردی میں ملوث گروہ گرفتار ہوچکا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ پنجاب حکومت ان کیخلاف کیا کارروائی کرتی ہے، سی پی او لاہور کی پریس کانفرنس کے بعد بہت سے حقائق کھل کر سامنے آچکے ہیں۔انہوں نے مذید کہاکہ پاکستان کے محب وطن سنی و شیعہ عوام پاکستان کی تباہی وبربادی پر تماشہ گر نہیں بنیں گے ، ہم میدان میں حاضر رہیں گے اور وطن دشمنوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔
استحکام پاکستان کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ، پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے جب کہ دیگر مقررین میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی ، ترجمان وائس آف شہداء فیصل رضا عابدی ، سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی، مرکزی رہنما پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈہ پور اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنما وں نے خطاب کیا، پنڈال میں آمد سے قبل فیصل آباد کے شیعہ سنی عوام نے موٹر وے سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا فقید المثال استقبال کیااور پھول نچاور کیئے ، جلسہ گاہ اور شہر کی مختلف گزراگاہوں پر سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے قائدین کے لئے تہنیتی بینرز آویزاں تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ سیرت جناب فاطمہ زہراس تمام عالم کے خواتین کے لئے نمونہ عمل ہے،بہترین بیٹی ، ماں اور زوجہ کاعظیم مجموعہ شخصیت ِ جناب فاطمہ زہرا س ہے،پاکستان عالمی طاقتوں کی پروکسی وارز کا مرکز بن چکا ہے۔ عوام حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس ہے۔ یارسول اللہ ﷺ کہنے والے پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں اسلام آئے گا تو ملک بچے گا۔ پاکستان کو امریکہ کے بجائے اللہ سے ڈرنے والے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ مراعات یافتہ اشرافیہ نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجدمفتی غلام احمد نعیمی اسلام آبادمیں اہل سنت علماء کرام سے ملاقات و خاتون جنت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاکانفرنس میں بڑی تعداد میں شیعہ و سنی عوام اور جامعہ نعیمیہ کےاہل سنت طلاب بھی شریک تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کاحل فقط اور فقط وحدت میں مضمرہے، تمام ادیان اور مسالک اسلام کے درمیان مسلسل رابطے اور علمی وادبی ماحول میں بحث ومباحثہ معاشرے کی ناہمواریو ں کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے، پاکستان کو عالمی استعماری قوتیں اپنے قبیح مقاصدکے حصول کے لئے تجربہ گاہ بنا چکی ہیں ، افسوس کے ہمارے حکمرانوں نے قومی غیرت و وقار سب کچھ چند ٹکوں کے خاطردائوپر لگا دیا ہے۔
وحدت نیوز(گلگت)عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے گندم پر سبسڈی کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت اور بیوروکریسی کو 48 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 22 اپریل سے گلگت بھرو تحریک شروع کی جائیگی۔ اتوار کے روز ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایکشن کمیٹی کے مرکزی راہنما احسان علی ایڈووکیٹ، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ نیئرعباس ،علامہ بلال سمائری و دیگر نے کہا کہ گذشتہ 6 روز سے گلگت بلتستان بھر میں عوام احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت مطالبات کو منظور کرنے میں سنجیدہ نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ جس پر ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر دو روز تک گندم پر سبسڈی بحال نہ کی گئی تو گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے لاکھوں افراد گلگت کی طرف لانگ مارچ کرینگے اور کمیٹی میں شامل وفاقی تنظیوں کے مرکزی راہنما قومی اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دینگے۔ انہوں نے اب تک عوام کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ عوام گلگت کی طرف لانگ مارچ کے لیے تیاری کریں اور تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر دیگر راہنماؤں نے کہا کہ اگر ایکشن کمیٹی کے کسی راہنما یا کارکن کو حکومت نے گرفتار کیا تو یہ حکمرانوں کا آخری دن ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ گندم سبسڈی کیلئے اور دیگر 9 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کیلئے گلگت بلتستان میں عوام 6 روز سے احتجاج پر ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات کا حل نہ ہونا، حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں غریب عوام کو اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن پیٹرول سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ جمہوری حکومت کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی محب وطن عوام گذشتہ تین دنوں سے گندم پر سبسڈی ختم کرنے کیخلاف دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ بہترین سیاحتی ثقافت کا حامل یہ علاقہ وطن عزیز کی کئی مشکلات کو حل کر سکتا ہے۔
امام جمعہ کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ سرزمین بے آئین آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ نہ یہاں کوئی کشمیر طرز پر آزاد پارلیمان ہے، نہ دیگر صوبوں کی طرح ایک مکمل صوبے کے اختیارات۔ حد تو یہ ہے کہ قبائلی علاقہ جات کو پارلیمنٹ میں حاصل نمائندگی کے جیسا حق بھی اس خطے کے عوام کو حاصل نہیں ہے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ گلگت بلتستان کے محروم عوام کو چار دہائیوں سے حاصل گندم کی سبسڈی کے حق کو بھی واپس لینے کا اعلان کردیا گیا ہے، جو سراسر ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبے کو نہیں مانا گیا تو کوئٹہ میں بھی بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔
وحدت نیوز(پشاور) بحرین میں آل سعود اور آل خلیفہ کی جانب سے آیت اللہ سیستانی کے نمائندے الشیخ حسن نجاتی کو ملک بدر کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسینی کا کہنا تھا کہ بحرین کے مظلوم اور ستم رسیدہ عوام گزشتہ کافی عرصہ سے آل سعود اور آل خلیفہ کی بربریت کا شکا ر ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے بحرین کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو غصب کرتے ہوئے انہیں ظلم کی چکی میں پیسا جارہا ہے۔ بربریت کی تازہ مثال جس میں حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے الشیخ حسن نجاتی، کہ جو درحقیقت علم و فقاہت کے نمائندے ہیں۔ ہدایت اور روشنی کے اس نمائندے کو آل خلیفہ و سعود نے ملک بدر کیا۔ اس اقدام کا مقصد بحرینی عوام کو علم و فقاہت کی روشنی سے دور کرنا ہے۔ آج کی مہذب دنیا بحرینی عوام کے خلاف ہونے والی ظلم و ستم پر سراپا احتجاج ہے۔ پاکستان اور دنیا بھر میں اس ظلم و ناانصافی کے خلاف آوازیں اٹھائی جارہی ہیں۔ پاکستان عوام بحرینی عوام کے ساتھ ہیں وہ دن دور نہیں جب آل خلیفہ اور آل سعود کی ظلم و جنایت پر مبنی حکومت کا خاتمہ ہوگا اور بحرینی عوام سکھ کا سانس لیں گے۔
وحدت نیوز(ٹیکسلا) اتحاد بین المسلمین وقت کی پکار ہے۔ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے والے دشمن کے آلہ کار ہیں۔ مختلف مسالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما پیر سعید نقشبندی نے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا کہ تکفیری عناصر دنیا بھر میں عالم اسلام کے چہرے کو مسخ کر رہے ہیں۔ معصوم انسانوں کی جان لینے کی اجازت دنیا کا کوئی مذہب نہیں دیتا۔ پیر سعید نقشبندی نے کہا کہ صحابہ (رض) اور اولیائے کرام کے مزارات پر حملوں میں ملوث لوگ دشمن کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ ملاقات میں القائم ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ مہدی رضا شیرازی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے ایم ڈبلیوایم پنجاب سیکریٹریٹ میں علامہ سید شفقت شیرازی، علامہ ابوذر مہدوی،علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اقبال کامرانی، علامہ امتیاز کاظمی اور علامہ حسن رضا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا احتجاج اور دھرنا جاری ہے، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی، اس لئے مجلس وحدت مسلمین نے فیصلہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ملک گیر مظاہرے کئے جائیں، تاکہ بے حس حکمرانوں تک گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کی آواز پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گندم کی سبسڈی بحال کرے۔ حکومت کی عوام دشمنی افسوسناک ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی خوشی سے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا اور وہ پاکستان کے شہری ہیں، لیکن حکومت نے اس سرزمین کو جہاں بے آئین رکھ کر ان کا استحصال کیا، وہیں اب گندم کی سبسڈی ختم کرکے وہاں بغاوت پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا حکمران اس بات سے لاعلم ہیں کہ ان کے اس فیصلے کے کتنے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا ایجنڈا ہے، جس کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو بھوک و افلاس کا شکار کرکے انہیں بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے، تاکہ وہاں بدامنی پیدا ہو اور پاک چین دوستی متاثر ہو، رہنمائوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر مظاہرے کرے گی اور ان میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی،مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفرنقوی اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے اپنے مشترکہ بیان میں سینیئر اینکر پرسن حامد میر پرکراچی میں قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اورحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے، حق اور سچ کے راستے میں مجلس وحدت مسلمین آزاد میڈیا کے ہمراہ ہے،رہنماوں نے کہا کہ حامد میر پر حملے کا مقصد آزاد میڈیا کو خاموش کرنیکی سازش ہے۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ اس ملک میں حق اور سچ بات کرنا بھی جرم بن گیا ہے، گذشتہ دنوں اینکر پرسن رضا رومی کو لاہور میں نشانہ بنایا گیا اور آج کراچی میں حامد میر کو، رہنماوں نے حامدمیر کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے ۔
وحدت نیوز (گلگت) عوامی ا یکشن کمیٹی کے مطالبات کے حل ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے۔ دھرنوں کو ریاستی طاقت کے ذریعے ختم کروانے کی کوشش کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے صوبائی کابینہ اور ڈویژنل کابینہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے تمام کے تمام مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں اور صوبائی حکومت جان بوجھ کر ان مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے اور اختیارات کا رونا روکر مسائل کے حل سے راہ فرار ڈھونڈ رہے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دے جائیگی۔اگر صوبائی حکومت کے پاس سبسڈی کی بحالی کے اختیارات نہیں تو فوراً مستعفی ہوجائے اور عوامی دھرنوں میں شامل ہوجائیں اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو گلگت بلتستان کے عوام ان کو شاہی محلات میں چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔حکومتی اراکین نوشتہ دیوار پڑھ لیں قبل اس کے کہ انہیں گھروں سے کھینچ کر عوامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام مجبوراً سڑکوں پہ نکل آئیں ہیں اور اپنے حقوق لیکر ہی گھروں کو جائینگے۔اب بھی وقت ہے حکومت عوامی مطالبات کے آگے بندھ باندھنے کی بجائے ان کے مطالبات حل کریں ورنہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان کی سطح پر بھرپور جدوجہد شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جائز مطالبات سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے چاہے دھرنوں کو ایک مہینے تک طول دینا پڑے۔انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے پر زور اپیل کی کہ وہ ان دھرنوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور ظالم حکمرانوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے مرجع عالی قدر تشیع آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی دامت برکاتہ کے بحرین میں واقع دفتر پر آل خلیفہ کی آمر حکومت کے ہاتھوں حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو سنگین اور ناقابل تلافی جرم قرار دیا ہے، علامہ غلام محمد فخرالدین نے آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی کے وکیل حجتہ السلام حسن النجاتی کی ملک بدری کو انسانی و عالمی حقوق کی سراسر خلاف ورزی قرار دیا۔