The Latest

وحدت نیوز(بھکر) مجلس وحدت مسلمین تحصیل دریا خان کے سابق سیکریٹری جنرل اور امیدوار برائے قومی اسمبلی احسان اللہ خان بلوچ سمیت مختلف کیسوں میں گرفتار 39بے گناہ شیعہ اسیروں کو میانوالی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے حکم پرتین ماہ قبل  دوسری بار گرفتار ہو نے والے احسان اللہ بلوچ کوپہلی مرتبہ  گذشتہ 10ماہ قبل قتل کے جھوٹے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا لیکن چند روز بعد ہی انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا اور میانوالی جیل منتقل کر دیا گیا تھا جہاں سےانہیں آج   بھکرکے 39شیعہ اسیروں کے ہمراہ ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے ،  جنہیں مختلف واقعات کے بعد بلاجواز قید میں رکھا گیا تھا ۔

وحدت نیوز(بلتستان)عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف بلتستان بھر میں شٹرڈوان ہڑتال اور احتجاجی دھرنے دوسرے روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ آج اسکردو میں کاروبار زندگی جزوی طور پر معطل رہی اور شہر کے تمام مارکٹیں، اور عدالت بند رہی۔ یادگار شہداء اسکردو پر جاری دھرنے کو 30 گھنٹہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، ہلکی بوندا باندی اور سخت سردی کے باوجود رات بھر دھرنا جاری رہا۔ اسوقت یادگار شہداء اسکردو پر ہزاروں افراد دھرنے میں شریک ہیں اور مطالبات کی منظوری کے لیے نعرے بلند کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف صوبائی اور وفاقی حکومت ان دھرنوں اور ہڑتالوں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے۔وحدت نیوز کے نمائندے کے مطابق  عوامی ایکشن کمیٹی کےصوبائی اور وفاقی حکومت سے مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنمااور عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن  علامہ سید علی رضوی نے  واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مذاکرات کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ ہم صوبے بھرمیں احتجاج ختم کر رہے ہیں ، جب تک وفاقی اور صوبائی حکومت عوامی مطالبات کو تسلیم نہیں کر تے احتجاج جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹرفیصل رضا عابدی سے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی طلب کرلیا ہے، سینیٹر فیصل رضا عابدی سے  پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف نے پارٹی قیادت کے حکم پر استعفٰی طلب کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مطابق سینیٹر فیصل رضا عابدی سے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی آئین پاکستان کے مخالف تقاریر اور  پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی کرنے کی وجہ سے طلب کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پارٹی قیادت کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سینیٹر فیصل رضا عابدی کو شوکاز نوٹس اور سات دن میں جواب طلب کیا تھا۔واضح رہے کہ آصف زرداری اور میاں نواز شریف کے درمیان ہو نے والی ایک اہم ملاقات کے بعد اچانک فیصل رضا عابدی سے سینٹ کی رکنیت سے استعفیٰ طلب کیا گیا کیوں کہ فیصل رضا عابدی حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکراتی مل کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں اور نواز لیگ کی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ،جب کہ آصف زرداری نے نواز شریف کو طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے ، لہذافیصل عابدی اور پارٹی قیادت کےدرمیان پالیسی میں واضح اختلاف فیصل عابدی سے استعفیٰ طلب کر نے کی وجہ ثابت ہوا۔

وحدت نیوز(کراچی) پیپلز پارٹی اورنواز لیگ گلگت بلتستان کی عوامی حقوق پر ڈاکہ مت ڈالیں ، گندم سبسڈی کی بحالی تک احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہاروحدت ہاؤس کراچی میں گلگت بلتستان سے آئے ہوئے عمائدین کے وفد سے گفتگو میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کیا وفد میں ناصر حسین ،شبیر حسین،علی محمد ،طاہر حسین ،مجاہد شاہ سمیت دیگر شامل تھے علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ گلگت میں گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف احتجاج عوامی ایکشن کمیٹی ،مجلس وحدت مسلمین اور دیگر تنظیموں کی جانب سے جاری ہے اور انشا اللہ مطالبات کی منظوری تک ایم ڈبلیو ایم کراچی تا بلتستان اپنے مظلوم گلگتی اور بلتی بھائیوں کے ساتھ ہم آوازہیں وفاقی حکومت کی جانب سے ایسی کسی معاشی کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کے منہ سے نوالہ بھی چھین لینا چاہتے ہیں جو کہ افسوس ناک فعل ہے، رہنماؤں نے حکومت سے مشترکہ مطالبہ کیا کہ حکومت گلگت اور بلتستان میں جاری غیر اعلانیہ طویل مدتی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ گندم پر ختم کی جانے والی سبسڈی کو فی الفور بحال کیا جائے ۔

 

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان میں قائم پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے گلگت اور بلتستان میں گندم پر سبسڈی کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا تھا جس کے بعد آٹے کی بوری آٹھ سو بیس روپے فی بوری سے بڑھ کر چودہ سو دس روپے فی بوری ہو گئی تھی، یاد رہے کہ گلگت بلتستان ایک ایسا علاقہ ہے کہ جہاں سے پورے پاکستان میں پانی کی سپلائی ہو رہی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ اسی علاقے میں بجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہے جبکہ بین الاقوامی قوانین کے تحت دی جانیو الی سبسڈی کو بھی مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے عوام سے چھین لیا ہے۔

وحدت نیوز(لاڑکانہ) چوبیس اپریل کو لاڑکانہ کے حلقے پی ایس -35پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار برائے پی ایس -35کاشف حسین انڑنے اپنے حلقے کے بااثر آزاد شیعہ امیدوار شفقت حسین انڑکے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ، اس فیصلے کا باضابطہ   اعلان ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم لاڑکانہ طارق حسین بدوی نے وحدت ہاوس میں شفقت حسین انٹر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر کیا،عشائیے میں ایم ڈبلیو ایم ضلع لاڑکانہ کی کابینہ سمیت علامہ قمر عباس نقوی اور ایم ڈبلیو ایم کے دستبردار ہونے والے امیدوار کاشف حسین انڑ بھی موجود تھے۔آزاد امیدوار شفقت انڑنے مجلس وحدت مسلمین کے فیصلے پر مسرت کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کے بعد حلقے کے عوام کی خدمت اور ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ تعاون جاری رکھوں گا۔

وحدت نیوز(کراچی) گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف اہلیان گلگت بلتستان کے تاریخی احتجاج نے ملکی تاریخ میں ایک سنہرے باب کا اضافہ کیا ہے، ملک بھر کے عوام کو استحصالی حکومتی رویئے کے خلاف اٹھ کھڑےہو نے کا حوصلہ گلگت بلتستان کے عوام سے لینا چاہئے ، خائن حکمرانوں سے عوام کے جائز حقوق چھینے کا اصل وقت اب شروع ہو چکا ہے، عوام کمر کس لیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے پولیٹیکل کونسل کے رکن اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی ڈاکٹر حسن جعفر رضوی نےوحدت ہاوس ملیر میں پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ کراچی تا قراقرم حکومتی نا انصافیوں کی داستانیں بھری پڑی ہیں ، ریوینیوکی مد میں اربوں روپےعوام سے لے کر ہڑپ کر جانے والے حکمران عوام کو سستا آٹا اور مسلسل بجلی کی فراہمی میں بھی ناکام ہیں ، وفاق کی نواز حکومت اور گلگت اور سندھ کی پیپلز پارٹی حکومت عوامی مسائل کے حل میں یکسر ناکام نظر آتی ہے، گلگت بلتستان کی عوامی ایکشن کمیٹی نے عوامی حقوق کی جدوجہد میں ایک نیا باب کھولا ہے، پاکستان بھر کے مظلوم عوام کو ظلم ، استبداد اور جبر کے مقابلے میں قیام کر نے کا حوصلہ ملا ہے، گلگت بلتستان کی حکومت عوام کے جائز مطالبات کی منظوری میں مذید ہیل حجت کا مظاہرہ نہ کرے رونہ یہ احتجاج ملک گیر صورت اختیار کر جائے گا۔

 

 انہوں نے وائس آف شہداء کے ترجمان فیصل رضا عابدی کے سینیٹ سے مستعفی ہونے کے پیپلز پارٹی کے فیصلے کو حق کی فتح قرار دیتے ہو ئے کہا کہ تاریخ نے ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا ایجنڈہ مشترک ہے ، دہشت گردی کے خلاف بلاول بھٹو اور آصف ذرداری کے بیانات عوام کے جذبات سے کھلواڑ کے سوا کچھ نہیں ، اگرپیپلز پارٹی کی قیادت اپنے بیانات کے مطابق دہشت گردی کے مخالف ہو تی تو فیصل عابدی کو طالبان کے خلاف اور شیعہ سنی وحدت کے پرچار کے جرم میں سینٹ سے مستعفی ہو نے کا مطالبہ نہ کرتی ، آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان ہو نے والی ملاقات کے فوری بعد فیصل عابدی سے مستعفی ہو نے کا مطالبہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی بیک ڈور ڈپلومیسی کا شاہکار ہے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی کی بلاجواز گرفتاری اور انہیں انتہائی پر خطرمقام پر منتقل کرنے پرہری پور کی ضلعی انتظامیہ کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز صوبائی سربراہ علامہ سید سبطین الحسینی کے صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ سید وحید عباس کی بلاجواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ اس موقع پر علامہ وحید عباس کاظمی نے بتایا کہ پولیس انتظامیہ نے مجلس عزاء منعقد کرنے کو جواز بنا کر انہیں گرفتار کیا اور چادر اور چار دیواردی کا تقدس بھی پامال کیا ، انہوں نے کہا کہ مجھے گرفتار کرنے کے بعد داسو جیل کوہستان منتقل کیا گیا، جہاں ان کی جان کو شدید خطرات لاحق تھے ۔انہوں نے کہا کہ میرے ڈپی او سے فون پر بات ہوئی تھی میں نے کہا تھا کہ اگر سیکورٹی کا مسئلہ ہو ہم مجلس کو امام بارگاہ یا کسی اور پرامن جگہ منتقل کرتے ہے جس پر ڈی پی او صاحب نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ آفس آئیں میں ڈی پی او آفس پہنچ کر اے ایس پی نے بات کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ آپ کو  تین ایم پی آو کے تحت گرفتار کیا جائے گاااور تھانے لے گئے۔ جہان سے رات دو بجے کوہستان منتقل کیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ علامہ وحید عباس کاظمی کی بلاجواز گرفتار ی اور انہیں انتہائی پرخطر مقام پر منتقل کرنے پر ڈی پی او ، اے ایس پی اور ڈی سی ہری پور کیخلاف اقدام قتل کے تحت عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ سید سبطین الحسینی نے کہا کہ ہم ہری پور انتظامیہ کے اس جانبدارانہ رویہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور علامہ وحید کاظمی کو انصاف دلانے کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کی مختلف سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے مشترکہ و نمائندہ پلیٹ فارم “عوامی ایکشن کمیٹی” جس میں مجلس وحدت مسلمین بھی شامل ہےکی اپیل پر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں گندم پر سبسڈی کے خاتمہ کیخلاف اور 9 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ  پر مکمل عمل درآمد کیلئے آج شٹر ڈاون ہڑتال اور احتجاجی دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ جی بی کی تاریخ میں ایسی کامیاب ہڑتال اور منظم احتجاج اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد کی حمایت شامل ہے۔ اس احتجاج کی کال عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے بنیادی عوامی مسائل پر مشتمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کے لیے دی گئی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ضلع گلگت، غذر، استور، دیامر، اسکردو، گھانچھے اور ضلع ہنزہ نگر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔ گلگت میں آج صبح سے ہی شہر کی تمام بڑی و چھوٹی مارکیٹیں بند رہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے نہایت کم رہی، جبکہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں سمیت تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں حاضری میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ سڑکوں پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کی برابر رہی۔ ضلع گلگت کے مضافاتی علاقوں جگلوٹ، دنیور، اوشکھنداس، جلال آباد، بارگو، شروٹ، مناور و دیگر علاقوں میں بھی مکمل ہڑتال ہے۔ اس موقع پر پاکستان کو چین سے ملانے والی شاہراہ قراقرم بھی جگہ جگہ دھرنے دیکر مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال پر کہیں پر بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور ہڑتال مکمل طور پر پرامن ہے۔ گلگت شہر میں مرکزی دھرنا گھڑی باغ کے مقام پر جاری ہے۔ جہاں عوامی ایکشن کمیٹی کے راہنماوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد مطالبات پر عمل درآمد کیلئے موجود ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ علمی حوالے سے بات علمی بحثوں میں کی جائے اور اس کا جواب بھی دلائل و برہان سے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مسالک کے درمیان اختلاف ضرور موجود ہے مگر اس پر تشدد اور تکفیر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام منعقد کی جانیوالی عالمی اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ا س کانفرنس میں پاکستان کی دینی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان سمیت   ایران ، افغانستان اور پاکستان سے تمام اسلامی مسلک کے جید علمائے کرام او راکابرین موجود تھے ، جب کے  اتحاد امت کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کی نمائندگی کرتے ہو ئے  مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے خطاب کیا۔

 

 اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں خرابی ہر ملا کی ڈیڑھ انچ والی مسجد نے پیدا کی ہے، بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں کرائے کے لوگ موجود ہیں جو چند پیسوں کی خاطر تکفیر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری اور میلاد کے جلوس حساس موضوعات ہیں، کسی مسلک و مذہب پر قدغن نہیں لگائی جاسکتی، اسلامی تعلیمات اور ملکی آئین ہمیں تمام مذاہب اور مسلک کے احترام کا درس دیتے ہیں ،پاکستان میں شیعہ سنی فرقہ واریت کا کہیں نام و نشان نہیں ہے، پاکستان میں جاری خون ریزی یک طرفہ دہشت گردی ہے، عالمی استعماری قوتوں نے پاکستان کو اپنے مضموم مقاصد کے حصول کے لئے تختہ مشق بنا رکھا ہے، ہمیں ایک دوسرے کے مدارس و اجتماعات میں جانا ہوگااور باہمی اتحاد و راداری کو فروغ دینا ہو گا۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیراہتمام گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے سامنے علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی ،یوتھ آف گلگت بلتستان کے رہنماوُں ابراہیم اسدی اور انجینئر شبیر آخونزادہ نے کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج اپنے حقوق کے حصول کے جدوجہد میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پرچم تلے جمع ہیں اور مجلس وحدت مسلمین اُن کے بھر پور حمایت کا اعلان کرتی ہے آج کا یہ علامتی احتجاج وفاقی اور گلگت بلتستان کے کٹھ پتلی کرپٹ حکومت کو متنبہ کرنے کیلئے ایک جھلک ہے اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان مظلوموں کے حق میں آواز بلند کریں گے اُن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام بائی چانس پاکستانی نہیں بلکہ بائی چوائس پاکستانی ہے گلگت بلتستان کے عوام کا پاکستان پرانگنت احسانات ہیں یہ پاکستان سے وفا کرنے والوں کی سر زمین ہے یہاں کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور اس ملک کے نااہل حکمرانوں کے رویے اس خطے کے عوام کو پاکستان سے دور لے کر جا رہے ہیں
مظاہرین سے گلگت بلتستان یوتھ کے رہنما ابراہیم اسدی نے بھی خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے گندم سبسڈی کا حق چھین کر وفاق اور گلگت بلتستان کے ظالم حکمرانوں نے عوام دشمنی کی انتہا کر دی ہے ہم گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی  کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی منظوری تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پاکستان کے ناداں حکمرانوں کو ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس خطے کے عوام سے نہیں الجھنا چاہیے ہم اپنے حقوق کی بھیک مانگتے ہوئے پینسٹھ سال گذر گئے اب ہم اپنا حق چھین کر لیں گے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دشمن طاقتیں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر شب خون مارنے میں ملوث ہیں ہم ان مکروہ چہروں کو عنقریب بے نقاب کریں گے مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کے کا رکنوں سمیت گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree