وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ماہ صیام تذکیہ نفس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے۔ محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبرو تحمل رواداری، اخوت ،عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔روزہ جسمانی مشقت کانام نہیں ہے بلکہ نفس کی تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔یہ ہمیں تمام اخلاقی و جسمانی برائیوں سے دور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی مناسبت سے دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات میں وطن عزیز کے استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ پاکستان کی خوشحالی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر میں ماہ رمضان کے دوران خصوصی تقریب ’’شب دعا‘‘منعقد کرے گی۔جس میں پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے ، قومی سلامتی اور ملک کے استحکام کے لیے نوافل ،تلاوت ،اذکار اور مناجات رات بھر جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران انتظامیہ گراں فروشوں پر بھی کڑی نظر رکھے تاکہ عام آدمی اشیائے خوردو نوش کے حصول میں دشواری سے بچ سکے۔ناجائز منافع خوروں کے لیے فوری طور پر کڑی سزاؤں کا جگہ پر تعین کیا جائے تو عام گزر بسر کرنے والے افراد کو اس ماہ میں جن مشکلات کا سامنا رہتا ہے اس میں یقینی طور پر کمی واقعہ ہو گی۔علامہ احمد اقبال رضوی نے کہ امن و امان کے قیام کے ذمہ دار اداروں کو ملک دشمن عناصر پر بھی گہری نظر رکھنا ہو گی تاکہ وہ شر پسندانہ عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔مساجد ،امام بارگاہوں سمیت تمام مقدسات اور عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔اس سلسلہ میں ذرا بھر غفلت کا مظاہرہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ماہ رمضان کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ قیادت کی طرف سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد ملک بھر میں رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دہشت گردی ،حکمرانوں کی رعونت اور لاقانونیت کے خلاف یہ لانگ مارچ وطن عزیز میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ملک میں بسنے والے دیگر مذاہب اور مسالک کے لوگ بھی اس لانگ مارچ کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 24 بڑی شیعہ تنظیموں کی طرف سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد بیشتر دیگر مذہبی و سیاسی تنظیموں نے بھی ہم سے رابطہ کیا ہے تاکہ لانگ مارچ کی تیاری موثر اور بھرپور انداز سے کی جائے۔مجلس وحدت مسلمین کے احتجاجی کیمپ اسلام آباد میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں ہونے والی آل شیعہ کانفرنس میں کراچی ،لاہور،آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ ، بلوچستان،پارہ چنار، گلت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں علما، شیعہ رہنماوں اور عمائدین کی شرکت نے یہ ثابت کیا ہے کہ شیعہ قوم متحد اور یک زبان ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، ریاستی جبر اور ظلم و بربریت کے خلاف علامہ ناصر عباس جعفری کے پر امن احتجاج پر حکومت کی طرف سے مکمل بے حسی کے بعد ہمارے پاس لانگ مارچ کے علاوہ کو ئی آپشن موجود نہیں۔اس وقت ملک بھر میں حکومتی ایما پر ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے بنائے جانے والے نیشنل ایکشن پلان کو ملت تشیع کے بے گناہ افراد کے خلاف استعمال کیا جارہا ۔ہمارے علما و ذاکرین پر پابندیاں لگا کر عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پارہ چنار اور گلگت بلتستان میں ہمارے لوگوں کو ملکیتی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔پارہ چنار کے محب وطن افراد کی ایف سی کے ہاتھوں شہادت ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔مختلف شعبوں میں موجود ہمارے ماہرین کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں حکومت کی ناک کے نیچے کالعدم جماعتیں اپنی ملک دشمن سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن قومی سلامتی کے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ملک میں جاری اس ظلم و بربریت کے خلاف جنگ میں علامہ ناصر عباس تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی تنظیم کے قائد کی بھوک ہڑتال کو آج 24 روزگزر چکے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔ملت تشیع کے ساتھ حکومت کا یہ جارحانہ رویہ حکومت کی سیاسی ساکھ کو تباہ کر کے رکھ دے گا۔ملت تشیع کا یہ مشترکہ فیصلہ ہے کہ رمضان کے بعد پاکستان کے ہر شہر میں لانگ مارچ کیا جائے گا۔ ہمارا یہ لانگ مارچ پاکستان کے اسی ہزار شہدا کے لیے ہے جو حکومتی نا اہلیوں کے باعث دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ ہم پاکستان کے بیس کرور عوام کے مستقبل کے تحفظ اور ملک کی سالمیت و بقا کے لیے میدان میں نکلیں گے۔ہم نے دہشت گردوں گروہ سے قائد اقبال کے پاکستان کو آزاد کرانا ہے۔حکومت اورقومی اداروں میں موجود دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے اخراج تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ہماری اس تحریک میں ملت تشیع کے علاوہ شہدا کے خاندان ، سنی اتحاد کونسل کے کارکنان اور دیگر بریلوی جماعتیں  بھی شریک ہوں گے۔علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ ہمار ے ساتھ اس اس لانگ مارچ میں شیعہ ایکشن کمیٹی پاکستان ،آئی ایس اوپاکستان، ا نجمن دعائے زہرا،انجمن ذوالفقارحیدری،امامیہ جرگہ،تحفظ عزاداری پاکستان،وحدت کونسل پاکستان،تحفظ حقوق جعفریہ پاکستان،شیعہ پولٹیکل پارٹی،جعفریہ سپریم کونسل کشمیر ،امامیہ علما کونسل،شیعہ کانفرنس بلوچستان ،،امامیہ جرگہ کوہاٹ،تحریک القائم،انصار الحسینؑ ،شیعہ شہریان پاکستان سمیت متعدد دیگر مذہبی و سیاسی جماعتیں بھی شریک ہوں گی۔

وحدت نیوز(لاہور) عید الفطرکے بعد پاکستان کے ہر شہر سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہو گا،ملک کے ملک کی 24 بڑی شیعہ تنظیموں نے رمضان کے بعد ا لانگ مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس نقوی  نے اپنے دورہ لاہور میں پریس کلب پر جاری بھوک ہڑتالی کیپ میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی جماعت کے قائد کی بھوک ہڑتال آج24ویں روز بھی جاری ہیںنا اہل حکمران اقتدار کے نشے میں مست اور ہمارے پر امن جدوجہد کو نظر انداز کر رہے ہیں ظلم و بربریت کے خلاف جنگ میں علامہ ناصر عباس تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے،ملت تشیع کے ساتھ حکومت کا یہ جارحانہ رویہ حکومت کی سیاسی ساکھ کو تباہ کر کے رکھ دے گاوفاقی دارالحکومت میں حکومت کی ناک کے نیچے کالعدم جماعتیں اپنی ملک دشمن سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،قومی سلامتی کے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں،سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ پاکستان کے80ہزار شہدا سے اظہار یکجہتی اور نا اہل حکومت کی بے حسی کیخلاف ایک جمہوری جدو جہد  ہے،ہم پاکستان کے بیس کرور عوام کے مستقبل کے تحفظ اور ملک کی سالمیت و بقا کے لیے میدان میں نکلیں گے،انشااللہ ہمارے لانگ مارچ میں ملک بھر کے تمام مظلومین شریک ہونگے، اس تاریخی لانگ مارچ میں شیعہ،سنی،سکھ ،عیسائی اور ہندو برادری کے پاکستانی بھی شریک ہونگے،ہم نے دہشت گردوں گروہ سے قائد اور اقبال کے پاکستان کو آزاد کرانا ہے۔

وحدت نیوز(قم) مرجع تقلید جہاں تشیع آیت اللہ ناصرمکارم شیرازی  نے علامہ راجہ ناصر عباس کی ایک ماہ سے سے جاری بھوک ہڑتال اور پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی، فرقہ واریت اور حکومتی بے حسی  پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کے حکومتی عہدہ دار جتنا جلدی ہو سکے ان نامعقول اقدامات سے پرہیز کرنے کے  لے کوئی ٹھوس اقدام کریں جو مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ ان دنوں پاکستان کے بارے میں بری خبریں سننے کو مل رہی ہیں۔ شیعہ مسلمانوں کو مختلف علاقوں میں ستایا جا رہا ہے یہاں تک کہ سکیورٹی فورس ان کی اجتماعات پر حملہ آور ہوتی ہے اور انہیں خاک و خون میں غلطاں کرتی ہے جبکہ حکومتی اور حکومت سے وابستہ اداروں کے ذریعے شیعیان پاکستان کی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعوں کے خلاف یہ نئے مخاصمانہ اقدمات اس بات کا باعث بنے ہیں کہ پاکستان میں شیعوں ایک جماعت اس وقت بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور ہے جبکہ کہا جا رہا ہے کہ اس بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان میں سے بعض افراد کی طبیعت تشویشناک ہے۔

آیت اللہ ناصرمکارم شیرازی  نے پاکستانی حکومت اور حکومتی عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئی کہا کہ پاکستان میں تکفیروں اور وہابیوں کے زریعے مسلمانوں اور خاص طور پر شیعوں کے خلاف کیئے جانے والے پروپیگنڈے حیران کن ہیں، ہماری کوشش ہے کہ حکومت اورپاکستانی عوام کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم رکھیں لیکن تکفیری اور وہابی پروپیگنڈے، دنیائے شیعہ اور خصوصاًایرانی شیعوں کے نزدیک ناقابل برداشت ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے حکومتی عہدیدار جتنا جلدی ہو سکے ان غیر سنجیدہ اقدامات جو مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کر سکتے ہیں، ان سے پرہیز کرنے کے لے کوئی ٹھوس اقدام کریں اور اقوام عالم بھی اس مصیبت پر توجہ کرے اور ان مسائل کے حل کیلئے جلد اقدامات کرے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کا ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ 20ویں روز بھی جاری، مطالبات کی منظوری تک بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان، پریس کلب ملتان کے سامنے لائے بھوک ہڑتالی کیمپ میں گزشتہ روز شہید فاؤنڈیشن پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفود نے شرکت کی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ کی حمایت کی۔ شہید فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما قیصر عباس نے کہا کہ ملک میں جاری دہشتگردی، فرقہ واریت، ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اُٹھائے گئے اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں جب بھی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اسلام آباد کی جانب کال دیں گے بھرپور شرکت کریں گے۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کے دشمنوں کو آج ملک پر مسلط کردیا گیاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اور اس کے بعد بجٹ کے اعلان سے قوم حکمرانوں کی ملک اور عوام سے محبت جان چکی ہے۔ پاکستانی حکمران غریب عوام کو غربت کی چکی میں ڈال چکے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ملک بھر میں بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہیں اور جن جن سیاسی اور مذہبی شخصیات نے ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ہم ان کے مشکور ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب تک عدل کا نظام رائج نہیں ہوتا دہشتگردی،فرقہ واریت اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ اس موقع پر علامہ قاضی نادرحسین علوی، سید دلاور عباس زیدی، جواد رضا جعفری،سید ناصر عباس گردیزی اور دیگر رہنما موجودتھے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین گزشتہ بیس روز سے ملتان پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگارہی ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) اس وقت وطن عزیز کو دہشت گردی، ریاستی جبر اور لاقانونیت جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ان مشکلات پرقابوپانے میں حکومتی بے بسی اور بے چارگی واضح ہو کر سامنے آچکی ہے۔ حکومت دہشت گردوں کے سہولت کاروں ہر ہاتھ ڈالنے سے کترا رہی ہے۔ملت تشیع نہ صرف دہشت گردوں کے نشانے پر ہے بلکہ حکومت کی طرف سے بھی انہیں مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے۔جب ہمارے لوگ حکومتی رویہ اور ظلم و بربریت کے خلاف اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کے لیے نکلتے ہیں تو حکومتی حکام اپنے روایتی خوشنمابیان بازی کے لولی پاپ سے ہمیں بہکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارمقررین نے مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژ ن کے زیر اہتما م احتجاجی ریلی امام بارگاہ کلاں میکانگی روڈ پر نماز جمعہ کے بعدکیا۔ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے سیکریڑی جنرل عباس علی نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب قوم کی خاطر احتجاج کررہے ہیں، پوری قوم کی جنگ ایک شخص لڑ رہا ہے۔ ظلم و بربریت کی انتہا ہو گئی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری شدہ بیان کے مطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد میکانگی روڈ سے پرنس روڈ تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، گزشتہ دنوں کوئٹہ کے قومی و مذہبی جماعتوں اور اداروں نے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس صاحب کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے مطالبات کی حمایت کی اور جمعہ کو انکی حمایت کے لئے ایک ریلی نکالی گئی جس سے مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم وامام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی ،رشید طو ر ی ،کونسلر عباس علی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا،ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔مرکزی رہنماو امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ملک بھر میں ہمیں مختلف دہشتگردانہ واقعات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، کراچی میں خرم ذکی کو شہید کیا گیا،پارہ چنار میں بے گناہ پاکستانیوں کو احتجاج کے دوران سیکورٹی فورسسز کی بلا جواز فائرنگ سے شہید کیا گیا اور اسی طرح ملک بھر میں ہمارے خلاف کاروائیاں ہوتی رہی ہے مگر حکومت کے کانوں پہ جوں تک نہیں رینگتی انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام ایسے نہیں چلتا جیسے موجودہ وفاقی حکومت چلانا چاہتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم انصاف کی خاطر سڑکوں پر نکلے ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہمیں تحفظ فراہم کرنا ہے مگر یہاں تحفظ تو دور کی بات، ہمیں انصاف تک نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ قائد ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب قوم کی آواز ہیں اور گزشتہ 22دنوں سے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال کے ذریعے احتجاج کر رہے ہیں، قوم حکومت وقت سے اپنا حق مانگ رہی ہے اور پوری قوم کی جنگ اس وقت ایک شخص لڑ رہا ہے۔ حکومت وقت کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانی ہوگی انہوں نے کہا کہ ہم بہت جنازیں اٹھا چکے ہیں اور ظلم و بربریت کی انتہا ہو گئی ہے اب ہم مزید ظلم برداشت نہیں کر سکتے۔ احتجاجی ریلی سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ علامہ راجہ ناصر عباس صاحب کے مطالبات کے حامی ہیں اور حکومت وقت کو چاہئے کہ علامہ راجہ ناصر عباس صاحب کے مطالبات تسلیم کریں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree