وحدت نیوز(کوئٹہ) پورے پاکستان خصوصاپارہ چنار میں شیعہ نسل کشی جاری ہے لیکن حکومت اور سیکورٹی ادارے مسلسل غفلت برت رہے ہیں ۔حکومت اور سیکورٹی ادارے امن و امان کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن ہر روز وطن عزیز کا کونہ کونہ مظلوم عوام کے خون سے رنگین ہو رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماو امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی میکانگی روڈ پر ملک میں دہشتگردی اور پارہ چنار میں مسلسل شیعہ نسل کشی کیخلاف ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی سے کیا ۔احتجاجی ریلی میں امام جمعہ علامہ جمعہ اسدی ، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید عباس،کونسلر کربلائی رجب ،رشید طوری اور دیگر معزیزین نے شرکت کی ۔

مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ حکومت اور ادارے کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستانی عوام میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پاکستان کے حقیقی فرزندان شیعہ اور سنی ملکر ان تمام بیرونی سازشوں اور انکے ہاتھوں استعمال ہونے والے ہمارے حکمران اور بیوروکریٹس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں تسلسل کے ساتھ تین بڑے واقعات متعلقہ سیکورٹی اداروں کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے ، پارہ چنار کے مظلوم عوام کے غم میں برابر شریک ہے اور جب تک مظلومین کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا نہیں دینگے تب تک چین سے نہیںبیٹھیں گے،پارہ چنارکے عوام اس ملک کے اصلی وارث ہے انکواس طرح دہشتگردوں کے ہاتھوں پامال ہوتے نہیں دیکھ سکتے ہم حکومت کو تنبیہ کرنا چاہتے ہیں کہ عوام پر ظلم کرنا بند کرے اور دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرا ¿ت نہ کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ احسان اللہ احسان ایک قومی مجرم ہے جسے معاف کرنا حکومت اور اداروں کے اختیار میں نہیں ہیںلیکن حکومت اسے ایک ہیرو بنا کر پیش کر رہی ہے جس سے تمام ملک دشمن دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے جو قوم کیساتھ ایک بڑی خیانت ہے ۔

ریلی کے شرکاءسے امام جمعہ علامہ جمعہ اسدی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ پارہ چنار دہشتگردی کی زد میں ہے جو قابل مذمت ہے ،کے پی کے حکومت اس قابل نہیں کہ لوگوں کو امن فراہم کرے اور جب تک دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہے دہشتگردوں کا خاتمہ ممکن نہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کی نا اہلی ہے کہ تکفیریت اور دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی ۔ احسان اللہ احسان کسی معافی کے قابل نہیں وہ ایک دہشتگرد اورہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کا قاتل ہے اے تختہ دار پر لٹکا کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین کرم ایجنسی کے رہنماوں نے گاودر کرم ایجنسی میں گاڑی پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے شہداء کیلئے 30 لاکھ زخمیوں کیلئے 5 لاکھ اور متاثرہ خاندانوں کو سرکاری ملازمت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کرم ایجنسی کے سیکرٹری جنرل شبیر ساجدی، ریاض حسین، شفیق حسین اور دیگر عمائدین نے 25 اپریل کو گاودر ميں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ جس میں 14 افراد جانبحق اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔ رہنماوں نے کہا کہ ایک طرف دہشت گرد قبائل کو نشانہ بنا رہے ہيں۔ دوسری جانب حکومت ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔ کرم ایجنسی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے افراد کو 3 سے 4 لاکھ جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیئے جاتے ہيں جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں شہداء کو 35 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیئے جاتے ہيں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو 5 لاکھ اور شہداء کے لواحقین کو 30 لاکھ روپے دیئے جائيں اور متاثرہ خاندانوں کو سرکاری ملازمتیں بھی دی جائيں۔ انہوں نے صدہ ہسپتال کے عملے کی جانب سے زخمیوں کی ٹھیک طریقے سے دیکھ بھال نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا، متعلقہ حکام سے واقعے کی تحقیقات اور حکومت سے گاودر کی روڈ کی پختگی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد حکومت پرامن شہریوں کے خلاف اقدامات اٹھاتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جو لوگ دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں، ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام حکومت و ریاستی اداروں کی جانب سے ہزاروں شہریوں و سیکیورٹی اہلکاروں کے سفاک قاتل دہشتگرد عناصر کو معافی دینے، سانحہ پاراچنار اور شیعہ زائرین کو درپیش مسائل حل نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ احسان اللہ احسان کو میڈیا پر معصوم ظاہر کرنا اور اس کیلئے معافی کی راہ ہموار کرنا آئین و قانون کے ساتھ بھیانک مذاق ہے، اگر اسے معاف کیا گیا، تو شہداء کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تک تحریک چلائی جائے گی، بلاتاخیر احسان اللہ احسان سمیت تمام دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے، دہشتگردی کے خاتمے میں بڑی رکاوٹ حکومتی و ریاستی اداروں کی صفوں میں بیٹھے کالعدم تنظیموں اور انتہاپسند عناصر کے سہولت کار ہیں، پیمرا مسلسل کالعدم دہشتگردوں کی میڈیا کوریج کا نوٹس لیتے ہوئے فی الفور کارروائی کرے، پاراچنار کرم ایجنسی میں محدود عرصے کے دوران دہشتگردی کے تین بڑے سانحات کا رونما ہونا متعلقہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشانہ ہے، محب وطن شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں دہشتگردی کے واقعات پر قابو نہ پایا جانا ملت تشیع کیلئے تشویش کا باعث ہے، پاراچنار میں مسلسل دہشتگردی کے سانحات اور محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر اور انکے سہولت کاروں کی خلاف آپریشن کرکے انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے، دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ردالفساد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، زائرین کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور محکمہ حج و اوقاف کے شعبہ زائرین کو فعال کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ خوجہ جامع مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا، اس موقع پر صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن اور علامہ احسان دانش نے خطاب کئے۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور معصوم شہریوں کو نشانے بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اعترافی بیان کے بعد انہیں سولی پر چڑھایا جانا ہی انصاف کا تقاضہ بنتا ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سالمیت و استحکام کے خلاف ملک دشمنوں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہی، بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کیلئے خدمات مہیا کرنے والے دہشتگرد عناصر ملک و قوم کے غدار ہیں، احسان اللہ احسان ملعون کے حمایت میں بولنے والوں کیخلاف بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، اگر ان درندوں کے ہمدردوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تو شہداء کے لواحقین یہ سمجھیں گے کہ حکومت اور مقتدر ادارے وارثان شہداء کو انصاف دلانے میں سنجیدہ نہیں، آج ہزاروں شہداء کے وارث قصاص کا مطالبہ کرتے ہیں، جبکہ پیمرا مسلسل کالعدم دہشتگرد وں کی میڈیا کوریج کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پاراچنار سمیت دہشتگردی کے واقعات سے بچنے کیلئے آپریشن ردالفساد کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان پر بھی اسکی روح کے مطابق عمل کیا جائے، ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ نواز حکومت جان بوجھ کر زائرین کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے، کئی کئی روز تک تفتان بارڈر پر زائرین کو محصور رکھا جاتا ہے، بلوچستان میں داخل ہونے پر زائرین سے این اوسی طلب کیا جاتا ہے، مردم شماری کو بہانہ بنا کر زائرین کے قافلے روک دیئے گئے ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے اور محکمہ حج و اوقاف کے شعبہ زائرین کو فعال کیا جائے۔

وحدت نیوز(ٹنڈومحمدخان) مجلس وحدت مسلمین ٹنڈو محمد خان کیجانب سے پارہ چنار سانحہ اور زائرین کربلا کو کانوائی کے نام پر پریشان کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے سے سیکریٹری جنرل محمودالحسن،محب بھٹو،مولانہ محمد بخش غدیری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار میں مسلسل شیعہ قتل عام آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد پر سوالیہ نشان ہے ۔انکا مزید کہنا تھا کے حکمران دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔آپریشن ضرب عضب کیطرح آپریشن ردالفساد کو بھی ذاتی مفادات  کی خاطر استعمال کیا جا رہا ہے ہم پارہ چنار میں مسلسل شیعہ قتل عام کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں اور پاکستان سے کربلا جانیوالے زائرین کو پریشان کیا جا رہا ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے۔ہم ریاستی اداروں اور حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کربلا کو سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔


وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز حسین نقوی کی بلتستان آمد کے موقع پر ملکی اور علاقائی صورتحال پر ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد پریس کلب اسکردو میں کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی، شیخ نوری، شیخ رجائی، وزیر سلیم اور صدر آئی ایس او بلتستان سید اطہر موجود تھے۔ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ گلگت بلتستان ستر سالوں سے بنیادی آئینی حقوق سے محروم ہے اور وفاق کے اند باریاں لیکر حکمران بننے والی جماعتوں نے مختلف حیلے بہانوں سے اب تک اس خطے کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا ہے جبکہ علاقے کے تمام تر وسائل سے وفاق بھرپور استفادہ کر رہا ہے۔ اس خطے کو آئینی حقوق سے محروم رکھنا مملکت خداداد پاکستان کیساتھ خیانت تصور ہوگا، لہٰذا جی بی کو آئینی حقوق دیئے جائیں اور عبوری صوبے کے نام پر ٹرخانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ اسکردو روڈ جیسے اہم منصوبے کو 4 دفعہ افتتاح کرنے کے باوجود اب تک باقاعدہ کام شروع نہ ہونا اس خطے کیساتھ ظلم ہے۔ یہ عمل حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، لٰہذا اس اہم منصوبے پر کام شروع کیا جائے۔ سی پیک جیسے انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے جس سے ان شاء اللہ وطن عزیز کی اقتصادی حالت بدل جائیگی، کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، لہٰذا اس اہم منصوبے سے جی بی بالعموم اور بالاخص خطہ بلتستان کو سرے سے محروم رکھنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ حکومت سی پیک میں گلگت بلتستان کے لئے حصہ معین کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے پاک فوج کے کردار کی ہم تعریف کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔ لیکن حکمرانوں کی جانب سے بدقسمتی سے دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرکے شیڈول فور جیسے بدنام زمانہ قانون کو پرامن شہریوں پر لاگو کرنے کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وطن عزیز کے لاتعداد پرامن شہری اس وقت نامعلوم وجوہات کی بناء پر پابند سلاسل ہیں، جبکہ شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ہمیشہ پرامن ہیں اور پرامن رہیں گے۔ آج تک یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ کسی شیعہ فرد نے ریاستی اداروں کے خلاف کوئی حرکت نہیں کی۔ شیعہ قوم کے علماء پرامن شہریوں اور سکیورٹی اداروں کے اہکاروں کو بربریت کا نشانہ بنانے والے درندوں اور ان کے ترجمان احسان اللہ احسان کو سزا دینے کی بجائے اسے ہیرو بناکر پیش کیا جا رہا ہے، جو کہ وطن کے نظریات کے منافی اور شہداء کے خون سے خیانت ہے۔

اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں میں ٹرائل کرکے سزا دی جا رہی ہے، لیکن بدترین حکومتی غفلت کے نتیجے میں کوہستان، چلاس اور بابوسر وغیرہ میں شناختی کارڈ چیک کرکے شیعہ مسافروں کو شہید کرنے والے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کا یہ عمل دہشت گردوں کی پشت پناہی کے مترادف ہے، اسلئے ضروری ہے کہ ان دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کے ذریعے قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ ملک بھر میں تکفیریت کو عام کرنے میں ضیاء مائنڈ کارفرما ہے اور اس نظریئے کو موجودہ حکومت آگے بڑھا رہے ہیں۔ تکفیریت کے نتیجے میں ملک میں فرقہ واریت اور بعد میں دہشتگردی شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کے علاوہ سکیورٹی ادارے پر بھی حملے ہوئے۔

آئی ایس اور ایم ڈبلیو ایم کی مشترکہ پریس کانفرنس کے شرکاء نے عالمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کب تک دوسروں کی جنگ لڑتا رہے گا۔ ماضی میں دوسروں کے نام نہاد اسلامی جہاد کی ناقابل تلافی مشکلات سے مکمل طور پر نجات حاصل نہیں کر پائے تھے کہ ایسے میں ایک اور نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد کے نام سے نئے ڈرامے میں شامل ہو کر پہلے سے زیادہ وطن عزیز کو مشکلات سے دو چار کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کو راتوں رات این او سی جاری کرکے بھیجنا جمہوری نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ موجودہ حکومت سعودی اشارے پر امریکہ اور اسرائیل کے بنائے ہوئے نام نہاد اسلامی اتحاد کا حصہ بن کر ملک کو مسائل میں دھکیل رہی ہے۔ نام نہاد 41 اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد یمن کے مظلوم عوام کے خلاف بنایا گیا ہے۔ پاکستان کو آل سعود کی یمنیوں پر مسلط جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی کابینہ اور مشاورتی کمیٹی کا اجلاس دفتر میں ہوا جس کے مہمان خصوصی امورخارجہ کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین آقای ڈاکٹر شفقت شیرازی تھے، اجلاس میں کابینہ اور مشاورتی کمیٹی کے افراد نے شرکت کی اجلاس میں شعبہ قم کےمسئول حجت الاسلام والمسلمین گلزار احمد جعفری نے سالانہ  کارکردگی رپورٹ پیش کی اور دوستوں کاشکریہ اداکیا ،آقای ڈاکٹر شفقت شیرازی نے سالانہ کارکردگی کی رپورٹ کوسرہاتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے دوستوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے وہ اپنے قیمتی اوقات سے وقت نکال کر اس الہی تنظیم کے کاموں کے لئے وقت دیتے ہیں ہمیں مزید بہتری کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے کسی بھی تنظیم کے کام میں ٹهراو نہیں آنے دینا چاہیے تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے مشاورتی کمیٹی کے بزرگوں نےاپنے مفید مشورےدیئے اور آخر میں آقای شیرازی اور آقای جعفری نے دوستوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے اور اختتامیہ دعا کےساتھ پروگرام کوختم کیاگیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree