وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما سید عدیل عباس زیدی کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی ظلم کی حدیں پار کردی ہیں، ہم شہدائے ماڈل ٹاون کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لیہ کے علاقہ چوک اعظم میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دیئے جانے والے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر ظلم کیخلاف آواز بلند کرتی آئی ہے، اور سانحہ ماڈل ٹاون جیسے ظلم پر بھی اپنا شرعی فریضہ ادا کر رہی ہے، ہم ماڈل ٹاون کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ان ظالم حکمرانوں نے ماڈل ٹاون میں جس طرح نہتے اور بے گناہ پاکستانیوں کا نشانہ بنایا اسی طرح پاراچنار میں بھی 3 شعبان کو محب وطن شہریوں پر گولیاں برسائیں، ظالم حکمرانوں کو اس خون کا حساب دینا ہوگا، شریف برادران کے ظلم کی رات جلد ختم ہونے والی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں عزاداری سید الشہداء (ع) کیخلاف حکومت کی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، مجلس وحدت مسلمین 2 ستمبر کو لاہور میں تاریخی دھرنا دے گی، اور ان نام نہاد شریفوں کو یہ باور کرایا جائے گا کہ اب ظالم کے حساب کا وقت آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم کے مطابق اپنے اہلسنت بھائیوں پر بھی مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، یہ حکومت کبھی عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش کرتی ہے تو کبھی درود شریف پر پابندی کی بات کرتی ہے، پاکستانی قوم حکمرانوں کی یہ روش ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔