وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایک عرصے سے سیکیورٹی کے نام پر زائرین کرام اور طلاب کے ساتھ ہتک آمیز رویہ قابل مذمت ہے، حکومت دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے پُرامن شہریوں کو محصور کرنے پر تلی ہے، جب تک دہشت گردوں کا خاتمہ اور اُن کے سرپرستوں کو عبرتناک انجام سے دوچار نہیں کیا جائے گا ملک میں امن ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں قافلہ سالاران کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں شامل قافلہ سالاروں نے علامہ اقتدار حسین نقوی کو کوئٹہ اور تفتان میں پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے کی اپیل کی۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک لمبے عرصے سے حکومت کی ان کارستانیوں کو برداشت کر رہے ہیں لیکن اب مزید خاموش نہیں رہیں گے، وفاقی حکومت زائرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے اور سیکیورٹی کے نام پر محصور کرنے سے باز آئے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر زائرین کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر ملک کے بھر لاکھوں عزادار کربلا معلی میں امام حسین کی روز شہادت پر جمع ہوتے ہیں ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام سے قبل زائرین کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اگر حکومت نے اہانت کا سلسلہ ترک نہ کیا تو محرم الحرام میں جلوسوں کا رُخ حکمرانوں کے ایوانوں کی جانب ہو گا۔ اس موقع پر زوار غلام رضا، زوار حسن رضا کاظمی، زوار جام مہتاب حسین، زوار عرفان حیدر اور دیگر موجود تھے۔