وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوری کا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین کی زیرصدارت جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی علامہ اصغر عسکری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے 13اضلاع کے سیکرٹری جنرل نے شرکت کی۔ رحیم یا رخان سے نیاز خان دشتی، بہاولپور سے احسن عباس، لودھراں سے منظور حسین مگسی، بھکر سے مزمل عباس خان،وہاڑی سے علی عابد چوہدری، میانوالی سے الطاف حسین خان،مظفرگڑھ سے شبیر حسین بک،علی پور سے سید اعجاز حسین زیدی، اور ملتان سے نمائندگی مرزاوجاہت علی نے کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداری کی مجالس اور جلوس ہائے عزا پر حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ محرم الحرام اور کربلا امن، رواداری اور باہمی محبت کا درس دیتی ہے، ان ایام میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عزاداری کے پروگراموں کو پُرامن بنانے میں عزاداران اور بانیان مجالس کے ساتھ تعاون کرے، حکومت اپنے من پسند افراد کو امن کمیٹیوں میں نامزد کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے یہ روش قابل قبول نہیں، اُنہوں نے کہا کہ آئندہ دو روز میں جنوبی پنجا ب کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کے حوالے سے کنٹرول روم کردیے جائیں گے، جو انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں وہ بھی مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نامزد محرم کمیٹی کے رہنمائوں سے تعاون کریں تاکہ کسی بھی ضلع میں مجلس یا جلوس کا کوئی مسئلہ پیش نہ آئے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں عزاداری سیدالشہداء پر عائد کسی بھی پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، آئین پاکستان کے مطابق ملک میں موجود تمام مسالک کے افراد کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کاحق حاصل ہے، پاکستان جیسے اسلامی ملک میں میوزک کنسرٹ کرنے کے لیے حکومت سے کسی قسم کی اجازت لینی کی ضرورت نہیں لیکن محسن اسلام حضرت امام حسین کا ذکر کرنے کے لیے حکومت سے اجازت لینی ضروری قراردیا گیا ہے جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، عزاداری سیدالشہداء ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے کسی بھی حکمران یا ظالم کو اسے چھیننے کا حق نہیں دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم سے قبل انتظامیہ کی طرف سے خواہ مخواہ خوف کی فضاء پیدا کی جاتی ہے جو کہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، اجلاس سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں مجلس وحدت مسلمین کے وفود مقامی انتظامیہ، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز سے ملاقات کریں گے اور مختلف علاقوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس محرم میں ہم سمجھتے ہیں حکومت عزاداری کے خلاف سازشیں نہیں کرے گی اور اگر حکومت نے عزاداری اور عزاداروں کے خلاف کوئی کاروائی کی گئی تو محرم الحرام پھر امام بارگاہوں میں نہیں بلکہ سڑکوں پر ہوگا۔ اجلاس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی،محمد اصغر تقی، سید عدیل عباس زیدی، انجینیئر مہر سخاوت علی،سید فرخ شمسی،علی رضاطوری اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے خطاب کیا۔