وحدت نیوز(بھکر) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما سید عدیل عباس زیدی نے کہا ہے کہ بھکر میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور کارکنان کا ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، بیلنس پالیسی کسی طور پر قبول نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ بھکر کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ ملک میں امن، بھائی چارگی، اور بین المسالک ہم آہنگی کی بات کی ہے، تاہم کافی عرصہ سے بھکر میں ہماری ضلعی قیادت اور کارکنان کو بلاجواز طور پر ہراساں کیا جارہا ہے، یہ سب کچھ بیلنس پالیسی کے تحت ہورہا ہے، جسے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت ہے، ہم نے نہ کبھی فرقہ واریت کی بات کی ہے اور نہ ہی ایسے عناصر کو برداشت کیا، لہذا حکومت پنجاب بیلنس پالیسی کو ترک کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں اور کارکنان کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔