وحدت نیوز(ملتان) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما اور مخزن العلوم الجعفریہ سورج میانی کے سرپرست علامہ سید محمد تقی نقوی کے جواں سالہ فرزند مولانا سید جعفرعباس نقوی طویل علالت کے بعد نشترہسپتال ملتان میں انتقال کرگئے، مرحوم جو کہ ایک روحانی طالبعلم تھے اور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ علامہ سید محمد تقی نقوی کے فرزند کی خبر کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر سے تعزیتی بیانات اور اظہار افسوس کیا جا رہا ہے۔علامہ تقی شاہ نقوی کے جواں سال فرزند کے انتقال پر ایک مشترکہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ مبارک موسوی ، جنوبی پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی ودیگر رہنمائوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، رہنمائوں نے اس عظیم رنج وغم کے موقع پر پسماندگان کےلئے صبرجمیل اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ کل 25 اکتوبر بروز منگل کو صبح 9 بجے سورج میانی ملتان میں علامہ ساجد علی نقوی کی زیراقتداء ادا کردی گئی جس میں ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ اقتدار حسین نقوی ، علامہ قاضی نادر علوی سمیت شہریوں اور مختلف مکتب ہائے فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔