وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں دہشتگردوں اور کالعدم جماعتوں کے رہنماحکومت کی سرپرستی میں دندناتے پھر رہے ہیں، وفاقی وزیرداخلہ کی طالبان کے سرپرستوں اور کالعدم جماعت کے رہنمائوں کے ساتھ ملاقات دہشت گردی کی سہولت کاری کے مترادف ہے، کوئٹہ میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث کالعدم جماعت کو حکومتی آشیر باد حاصل ہے، کوئٹہ میں کالعدم جماعت اور رہنمائوں کو کھلی چھوٹ دینا حکومتی دعووں پر زور دار طمانچہ ہے، ایک طرف پاک آرمی اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان جاری ہے تو دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ کی کالعدم جماعت کے رہنمائوں اور طالبان کے باپ سے ملاقات نیشنل ایکشن پلان کی روح کے ساتھ مذاق ہے، حکومتی ادارے عزاداری اور عزاداروں کے خلاف طرح طرح کی سازشوں میں مصروف ہیں جبکہ کالعدم جماعت کے رہنمائوں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، حکومت اور پنجاب پولیس پُرامن شہریوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات اور کاروائی بجائے دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرے جو ملک عزیز کی وطن کو کھوکھلا کر رہے ہیں، اگر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے تو کئی سیاستدان دہشتگردوں کے سہولت کار نکلیں گے۔ اُنہون نے مزید کہا کہ ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب بھر میں جمعتہ المبارک کو خانیوال انتظامیہ اور ڈی پی او کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، ڈی پی او خانیوال علاقے میں بدامنی اور مسائل پیدا کر رہے ہیں، ڈی پی او خانیوال کو رانا ثناء اللہ کی آشیرباد حاصل ہے اور آر پی او ملتان کے احکامات کا بھی پس پشت ڈالے ہوئے ہے، خانیوال میں خواتین کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی اور چادر و چاردیواری کا ازالہ نہ کیا گیا تو اگلے مرحلے میں ملک بھر کی خواتین سڑکوں پر ہوں گی ۔خانیوال انتظامیہ دہشتگردوں کی بجائے پُرامن شہریوں کو مسلسل ہراساں کرر ہی ہے۔