وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام کراچی میں مجلس عزاء پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے واقعے کے خلاف چوک نواں شہر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی، محمد عباس صدیقی، علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ غلام جعفر انصاری اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے کی۔ مظاہرین نے کراچی واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سندھ حکومت سے دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ کراچی میں مسلسل واقعات میں عزاداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے حکومت اُن کی سرپرستی کر رہی ہے، پاکستان حکومت عزاداروں کو سیکیورٹی دینے میں مسلسل ناکام ہوچکی ہے، اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرکے کالعدم جماعت کو جلسے کا فری ہینڈ دیا، پورا پاکستان چیخ رہا ہے لیکن وزیرداخلہ دہشتگردوں کے سرپرستوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے سرپرستی کر رہی ہے، محرم الحرام میں مجلس عزا پر دہشتگردی کا یہ چوتھا بڑا واقع ہے، دہشتگردی کے تمام واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی نا اہلی ہے، دہشتگردی کا واقعہ وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے کالعدم جماعتوں کو دی جانے والی کھلی چھوٹ کا نتیجہ ہے۔ وفاقی حکومت کالعدم جماعتوں کے ساتھ خفیہ ملاقاتوں کے بجائے آپریشن کا آغاز کریں۔