وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستانی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ عزاداری سید الشہداپر کسی قسم کی کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے گی، مقدمات اور قید و بند کی صعوبتیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، حکومتوں نے ہمارے خلاف مقدمات بنائے، بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا، تشدد کیا لیکن دیکھ لیایہ عزاداری کم ہونے کی بجائے اور زیادہ ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ڈسٹرکٹ جیل سے رہاہونیوالے افراد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور رہنمائوں نے اسیروں کا شانداراستقبال کیا اس موقع سینکڑوں افراد موجود تھے جنہوں نے لبیک یا حسین کے نعرے لگائے۔گزشتہ روز خانیوال کے علاقے بڑجھ سرگانہ میں جلوس نکالنے پر قید 19افراد کی ضمانت منظور کی گئی تھی جن کی رہائی کا عمل آج مکمل ہوا۔ رہا ہونے والوں میں محمد حیات، عدیل حیات،محمد عارف،محمدرضا، علی رضا، حسنین، سبطین، زمرد لنگاہ، اختر عباس، غضنفر عباس، حاجی مختار،ثمر عباس، سجاد حسین، مہتاب،اعجاز ،ناصر اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، علامہ ناصر عباس مہدوی،ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، سید وسیم عباس کاظمی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی بھی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس اور حکومت عزاداروں سے تعاون کی بجائے مشکلات پیدا کررہی ہے، اگر عزاداروں کے مسائل حل نہ ہوئے تو صفر میں جلوسوں کو دھرنوں میں تبدیل کردیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میں دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والے افراد موجود ہیں، پنجاب کے بعض وزراء اور افسران کالعدم جماعتوں کو سپورٹ اور اُن کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ جب تک نیشنل ایکشن پلان ایسے عناصر کے خلاف نہیں کیا جائے گا پنجاب میں دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہوسکتا، حکومتی اداروں میں دہشتگردانہ سوچ کے حامل افراد کا ہونا ریاست کے لیے لمحہ فکریہ ہے، بعض قوتیں غلط پروپیگنڈے کرکے قوم میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔