سعودی وزیر کیجانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام مخالف اقدامات کی حمایت عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے، علامہ اقتدار نقوی

02 فروری 2017

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایک طرف پورا عالم اسلام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام مخالف بیانات پر سراپا احتجاج ہے تو دوسری طرف سعودی عرب امریکی حماقت کی حمایت کر رہا ہے، سعودی عرب کے وزیرتیل خالد الفلیح کی جانب سے امریکی صدر کے سات مسلم ممالک کے مسلمانوں پر دروازے بند کرنے کے اقدام کی حمایت عالم اسلام کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے، سعودی وزیر نے امریکی صدر کے احمقانہ فیصلے کی حمایت کر کے اسلام کی خدمت نہیں بلکہ مسلمانوں سے عداوت کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں جنوبی پنجاب کے میڈیا سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام مخالف اقدامات پر امریکہ سمیت پوری دنیا سراپا احتجاج ہے، لیکن سعودی عرب کی جانب سے امریکی صدر کی حمایت اُسے شہہ دلانے کے مترادف ہے، اُنہوں نے کہا کہ کل تک جو جماعتیں اور رہنما امریکی صدر کے اقدامات کی مذمت کر رہے تھے آج اُنہیں سعودی عرب کی جانب سے بیانات کی مذمت کرنی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا بٹوارہ کرنا چاہتا ہے اور اپنے مفادات کی خاطر چند ممالک کو استعمال کر رہا ہے، کاش دنیا کے دیگر ممالک بھی ایران اور عراق کی طرح عملی غیرت کا ثبوت دیتے اور امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرتے،؟ لیکن مشرق وسطی کے چند ممالک امریکی ڈالروں کی کمائی پر چلتے ہیں اُن سے اسلام اور مسلمان ممالک پر عائد پابندیوں کا کوئی اثر نہیں۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کے امریکی اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے نہ کہ امریکی دبائو میں شہریوں اور جماعتوں کو کالعدم قرار دینا چاہیے، پاکستان کے حکمران اپنی غیرت کا ثبوت دیں اور دفتر خارجہ امریکہ کو دھمکی کا جواب دھمکی سے دے کہ اگر امریکہ پاکستانی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کی تو کوئی امریکی بھی پاکستان داخل نہیں ہو سکے گا۔ جب تک ہمارے فیصلہ واشنگٹن، لندن، جدہ اور بیجنگ میں ہوتے رہیں گے ہم خوددار نہیں بن سکیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree