وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین عباس پورہ یونٹ کے زیراہتمام سانحہ پارہ چنار کے خلاف چوک شاہ عباس پر احتجاجی مظاہرہ اور شہدائے پارہ چنار کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت حسنین علی کربلائی اور عشرت عباس نے کی۔ مظاہرین نے سانحہ پارہ چنار کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حسنین کربلائی نے کہا کہ پاراچنار میں شیعہ نسل کشی جاری ہے، کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ اور سکیورٹی فورسسز پاراچنار کے مظلوموں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، ہم پاراچنار کے مظلوم عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پاراچنار کے عوام پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہے، دشمن کی نظریں اس علاقے پر عرصے سے ہیں لیکن یہاں کے محب وطن غیور عوام نے ہمیشہ ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کا جواںمردی کے ساتھ مقابلہ کر کے خاک میں ملایا، یہاں کے باسیوں کو حب الوطنی کی سزاء دی جا رہی ہے، مظاہرے کے آخر میں شہدائے پارہ چنار کے لیے شمعیں بھی روش کی گئیں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔