وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ، مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی، وفد میںڈپٹی سیکرٹری محمد عباس صدیقی،سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور ثقلین نقوی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے حامد سعید کاظمی کو حج اسکینڈل میں بری ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ پاکستانی عوام کے فیصلے باہر کیے جاتے ہیں، آپ کو مخصوص مکتبہ فکر سے تعلق ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا کہ میرے خلاف 80صفحات پر مشتمل پلندہ پیش کیا گیا لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی، میں ایک بڑے امتحان سے گزرا ہوں لیکن خدا کا شکر ہے کہ میں سُرخرو ہوا ہوں، مجلس وحدت مسلمین کے قائدین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے محبت افزائی کرتے ہوئے مبارکباد دی۔
بعدازاں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میری رہائی کسی ڈیل کا نہیں بلکہ میری سچائی کا نتیجہ ہے، پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں اہل تشیع اور بریلوی مکتب فکر کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد ملتان آکر آپ سے ملاقات کروں گا ۔